شاپنگ پر جانے سے پہلے 1 گلاس پانی پیجیے٬ 6 ٹپس جو خریداری کے دوران آپ کے ہزاروں روپے بچا سکتی ہیں

image
 
عام طور پر اکثر افراد کے ساتھ یہ ہوتا ہے کہ وہ کسی شاپنگ مال صرف ایک یا دو ضروری اشیا خریدنے کے لئے جائيں اور جب واپس باہر نکلیں تو ان کے ساتھ چار غیر ضروری اشیا بھی ہوں۔ ایسا آپ کی کسی غلطی کی وجہ سے نہیں ہوتا ہے بلکہ درحقیت شاپنگ مال والوں نے باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ شاپنگ سنٹر کے داخلے اور اخراج کا راستہ اس طرح سے بنایا ہوتا ہے کہ لوگ ان کے اس چکر کا شکار ہو جائيں اور غیر ضروری اشیا کی بھی خریداری بھی کر لیں- مگر آج ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائيں گے جس سے آپ شاپنگ مال والوں کے بچھائے اس چکر سے بچ سکتے ہیں-
 
شاپنگ کے لیے جانے سے پہلے پانی پی لیں
نیدرلینڈ کی یونیورسٹی آف ٹویئنٹ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ خریداری کے لیے جانا چاہ رہے ہیں تو اس سے قبل پانی پی لینا آپ کو فاضل خریداری سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے-اس کا سبب یہ بتایا جاتا ہے خریداری سے قبل گھر سے نکلنے سے پہلے بہت سارا پانی پینے سے خریداری کے دوران انسان کا مثانہ بھر جاتا ہے اور اس کو پیشاب کی حاجت محسوس ہونے لگتی ہے- لہذا اس وقت وہ فالتو خریداری کرنے کے بجائے ضروری خریداری کر کے فوراً گھر کی طرف بھاگنے کو بہتر محسوس کرتے ہیں-
image
 
اپنے پاس نئے اور کڑک نوٹ رکھیں
ایک اور تحقیق کے مطابق انسان کو خریداری کے پاس جانے سے قبل اپنے پاس نئے اور کڑک نوٹ رکھ لینے چاہیے ہیں کیونکہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ انسان اپنے پاس کڑک نوٹ رکھنا چاہتا ہے اس وجہ سے وہ کم خریداری کرتا ہے- اسی طرح اگر کسی کے پاس پرانے اور استعمال شدہ نوٹ ہوں تو اس صورت میں انسان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جلد از جلد ان سے نجات حاصل کی جائے تو پھر اس صورت میں فالتو اشیا کی خریداری کر لیتا ہے-
image
 
سیلز کرنے والے افراد کے ساتھ دوستی نہ کریں
عام طور پر آپ نے اگر نوٹ کیا ہو تو دیکھا ہوگا کہ سیلز کے شعبے سے منسلک افراد بہت خوش اخلاق ہوتے ہیں اور جلد دوست بن جانے والے ہوتے ہیں- ایسے افراد جب آپ شاپنگ مال جائيں تو آپ سے بھی دوستی کرنے کی کوشش کرتے ہیں- مگر یاد رکھیں ان کی یہ دوستی ایک پروفیشنل تعلق ہوتا ہے اور ان کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ آپ کو زيادہ سے زيادہ خریداری کے لئے مجبور کر سکیں- اس وجہ سے اگر آپ فالتو خریداری سے بچنا چاہتے ہیں تو ایسی کسی بھی دوستی سے بچنے کی کوشش کریں-
image
 
خریداری کے لیے چھوٹی ٹوکری کا استعمال کریں
عام طور پر شاپنگ مال میں باہر ہی شاپنگ ٹرالی اور مختلف سائز کی ٹوکریاں موجود ہوتی ہیں جن کا انتخاب خریدار اپنی ضرورت کے مطابق کرتا ہے- ایسے وقت میں یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ اگر فالتو خریداری سے بچنا چاہتے ہیں تو اس صورت میں چھوٹی ٹوکری کا انتخاب کریں تاکہ اس میں جگہ کم ہو اور انسان فالتو خریداری سے رکا رہے-
image
 
اپنے پاس کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ نہ رکھیں
عام طور پر کریڈٹ کارڈ کی موجودگی انسان کو بھری جیب کا احساس دلاتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ جیب میں اضافی رقم کی موجودگی کے خیال سے اکثر ایسی اشیا کی خریداری کرنا بھی شروع کر دیتا ہے جس کی اس کو ضرورت نہیں ہوتی ہے- اس وجہ سے ماہرین یہ تجویز دیتے ہیں کہ ان حالات میں اپنے پاس کریڈٹ کارڈ نہ رکھنا بہتر ہے-
image
 
خریداری کے لیے مصرف ترین شاپنگ مال کا انتخاب کریں
خریداری کے لیے بہت زيادہ رش انسان کو کوفت میں ضرور مبتلا کرتا ہے مگر اس میں اچھی بات یہ ہے کہ ایسے مال جا کر انسان فالتو خریداری سے بچ جاتا ہے اور رش کی وجہ سے صرف اسی پورشن میں جاتا ہے جہاں پر اس نے خریداری کرنی ہوتی ہے اور اس طرح سے وہ فالتو خریداری سے محفوظ رہتا ہے-
image
YOU MAY ALSO LIKE: