سلطان قابوس۔ ہندوستان اپنے دوست سے محروم۰۰۰ نئے سلطان ہیثم بن طارق

عرب دنیا میں سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان قابوس بن سعیدبن فیصل 79بس کی عمر میں جمعہ کے روز انتقال کرگئے۔ سلطان قابوس اپنے والد سید بن تیمور کو سنہ 1970ء میں برطانوی تعاون سے بغیر کسی خونخوار بغاوت کے معزول کردیا تھا۔ سلطان قابوس غیر شادی شدہ تھے ان کا کوئی وارث یا نامزد جانشین نہیں تھا۔سلطنت کے بنیادی قانون کے مطابق شاہی خاندان کی کونسل جس میں تقریباً50مردارکان شامل ہیں تخت خالی ہونے کے تین دن کے اندر نیا سطان منتخب کرتے ہیں۔انکے تین چچا زاد بھائی جو سلطنت کے اہم دعویدار بتائے جاتے ہیں۔جن میں وزیر ثقافت ہیثم بن طارق السید، نائب وزیر اعظم اسعد بن طارق السید اور عمان بحریہ کے سابقہ کمانڈر جو شاہی مشیر تھے شہاب بن طارق السید شامل ہیں۔ سلطنت آف عمان کے نئے سلطان کی حیثیت سے ہیثم بن طارق بن تیمور آل سعید نے اقتدار سنبھال لیا ہے ۔ سلطان قابوس ہندوستان کے بہت اچھے دوست رہے۔ عمان کے بیشتر سرکاری پراجکٹس ہندوستانی انجینئرس اور ماہرین نے مکمل کئے۔ دیکھنا ہے کہ نئے حکمراں کا رویہ کیا ہوگا۔

پاکستانی وزیر خارجہ محمود قریشی امریکی دورے پر
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خطے میں امن و سلامتی کے استحکام کے لئے سفارتی کوششوں کے سلسلہ میں آج چہارشنبہ کو امریکہ کے لئے روانہ ہوئے۔شاہ محمود قریشی 12؍ جنوری کو ایران میں وزیر خارجہ جواد ظریف سے اور13؍ جنوری کوسعودی عرب میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے خطے کے حالات پر تبادلہ خیال کیلئے ملاقات کی ۔دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے بعد امریکہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے ہیں وہ امریکہ میں انکے ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے۔سہ روزہ دورے کے موقع امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ برائن و دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان آصف غفور کی جگہ بابر افتخار کا تقرر
سرکاری ملازمین چاہے کسی بھی شعبہ ملازمت سے تعلق رکھتے ہوں۔ انکا تبادلہ دوسری جگہ اسی عہدہ پر کردیا جاتا ہے یا انہیں ترقی کے ساتھ دوسرے مقام پر تعینات کیا جاتا ہے ۔ پاکستانی فوج میں بھی اعلیٰ عہدوں پر تقرریاں اور تبادلے کئے گئے ہیں۔ میجرجنرل آصف غفور کو ڈی جی آئی ایس پی آر سے ترقی دے کر 40ڈیژن اوکاڑہ کا جنرل کمانڈنگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔ میجنر جنرل آصف غفور جو پاکستانی فوج کے ترجمان رہے ہیں گذشتہ چند ماہ کے دوران ذرائع ابلاغ میں چاہے رہے ، چاہے وہ ہند۔پاک کے درمیان کشیدہ صورتحال ہو یا پاکستان کے بعض متنازعہ حالات۔ ان کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر بنایا گیا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور 2016میں پاکستانی فوج کے ترجمان مقرر ہوئے ،انہوں نے تین سال ایک ماہ تک اس عہدہ پر فرائض انجام دیئے ۔ اسی طرح میجر جنرل اظہر وقاص کو ملٹری انٹیلی جینس کا ڈائرکٹر تعینات کیا گیا ہے۔

افغان طالبان کا امریکی دستوں پردس روزہ جنگ بندی کا اعلان
افغان طالبان کا امریکی دستوں پر حملوں کے حوالے سے دس روزہ جنگ بندی پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق طالبان کا کہنا ہیکہ اگر دوحہ میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں کامیابی ہوتی ہے تو وہ آئندہ کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھی تیار ہونگے۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے آج اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ دوحہ میں مذاکراتی رابطے تعمیری ہیں، جو ابھی چند روز تک جاری رہیں گے۔

شہزادی ہیفاء یونیسکو میں سعودی عرب کی مستقل مندوب
شہزادی ہیفا بنت عبدالعزیز آل مقرن نائب وزیر برائے پائیدار ترقی اور جی 20کے امور کی اسسٹنٹ کو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی، اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں سعودی عرب کی مستقل مندوب کی حیثیت سے مقرر کرلیا گیا ہے۔ وہ جون 2018سے جی 20امور کی قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری اور 2016سے 2017کے درمیان پائیدار ترقیاتی اہداف کے شعبے کی سربراہ رہی ہیں۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سعودی عرب کا یونیسکو میں نمایاں کردار رہا ہے اور سعودی عرب نے نومبر2019سے 2023تک کیلئے ایگزیکیٹیو کونسل کی رکنیت بھی حاصل کرلی ہے۔

اردن کی شہزادی سلمیٰ بنت عبداﷲ پہلی خاتون پائلٹ
اردن کی 19؍ سالہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداﷲ ابن الحسین ملک میں پائلٹ ٹریننگ کا امتحان پاس کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ اردنی مسلح افواج سے تربیت پانے والی شہزادی سلمیٰ کو ان کے والد بادشاہ عبداﷲ ابن الحسین نے ایوی ایشن ونگز لگائے۔ عربین رائل ایجنسی کے مطابق عرب ملک اردن میں پہلی بار کسی خاتون نے مسلح افواج کے زیر تربیت پائلٹ کا تھیوری اور پریکٹیکل کے امتحانات کامیاب کرنے کااعزاز حاصل کیا ہے۔ شہزادی کو ایوی ایشن ونگز سے نوازنے کی پروقار تقریب شاہی محل میں منعقد کی گئی تھی جس میں انکی والدہ ملکہ رانیہ اور بڑے بھائی و ولیعہد شہزادہ حسین بھی موجود تھے۔ شہزادی سلمی نے رائل ملٹری اکیڈیمی سے نومبر 2018ء میں شارٹ کمیشن کورس مکمل کیا، تاہم وہ رائل اکیڈیمی میں تعلیم حاصل کرنے والی پہلی خاتون نہیں ہیں بلکہ ان سے پہلے ان کی پھوپھی شہزادی عائشہ بن حسین مشرق وسطیٰ کی پہلی خاتون بنیں جنہیں رائل ملٹری اکیڈیمی میں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

ایوانکا ٹرمپ نے عرب خواتین کی تعریف کی۰۰۰
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور مشیر ایوانکا ٹرمپ نے سعودی عرب میں خواتین کے معاشی کردار میں بڑی پیشرفت کی تعریف کی ہے ۔ وہ اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا ہیکہ ورلڈ بینک کی ڈبلیو بی ایل 2020کی سالانہ رپورٹ جس میں خواتین ، کاروبار اور قانون کے متعلق واضح کیا گیا ہے ، اس میں یہ دیکھ کہ خوشی ہوئی کہ سعودی عرب خواتین کے معاشی کردار سے متعلق اصلاحات کے حوالے سے سرفہرست ممالک میں ہے۔ایوانکا ٹرمپ نے سعودی عرب کے علاوہ مزید عرب ممالک جن میں متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن اور تیونس بھی شامل ہے کی بھی تعریف کی ہے۔ورلڈ بینک کی اس فہرست میں 190ممالک شامل ہیں۔

امریکی انسٹا گرام روزی بیریئل کا عزم حج و عمرہ
اسلام قبول کرنے والی امریکی انسٹا گرام اسٹار روزی گیبریئل نے آئندہ سال حج یا عمرہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے زندگی میں نئے راستے پر سفر کا آغاز کرنے پر جو محبت اور حمایت ملی ہے اس کے لئے ازحد شکر گزار ہوں۔ روزی گیبریئل کا کہنا ہیکہ اسلام قبول کرنے سے لوگوں کو آگاہ کرنے کا مقصد توجہ حاصل کرنا یا سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانا نہیں تھا۔ روزی نے کہاکہ انہیں انسانیت کی آواز اور مثال اور لاعلمی کے خلا کا پل بننے کی اجازت دیں ، تاکہ آپ حقیقی طور پر جان سکیں کہ اسلام کیا ہے اور سکون کی زندگی حاصل کریں۔ ان شاء اﷲ امن، قبولیت اور بہتر سمجھ کیلئے دل نرم ہوجائیں گے اور دماغ کھلیں گے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ میں سب کیلئے روشنی کی کرن بنوں۔ آمین

بنگلہ دیش میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا اختتام
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں تین دنوں تک جاری رہنے والا سالانہ تبلیغی جماعت کا اجتماع اختتام کو پہنچا۔ اس اجتماع میں بنگلہ دیش کے علاوہ دنیا بھر سے مسلمان شریک ہوتے ہیں۔ اجتماع کی اختتامی تقریب کو آخری مناجات کہا جاتا ہے جس کے دوران رقت آمیز دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ تین روزہ اجتماع کے دوران شرکاء کے رش کی وجہ سے ٹرینیں مکمل طور پر بھری رہیں ، اکثر میں گنجائش سے زیادہ مسافر سفر کرتے رہے یہاں تک کہ ہزاروں افراد ٹرینوں کی چھتوں پر سوار ہوکر سفر کئے۔مردو ں کے ساتھ خواتین کی بڑی تعداد سہ روزہ اجتماع میں شریک رہیں۔

یوکرائن طیارہ کو نشانہ بنانے والے گرفتار
یوکرائن کے وزیر اعظم اولیکسی ہونچرک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم اولیکسی ہونچرک نے فیس بک پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اپنی عزت اور ساکھ پر اٹھنے والے شکوک و شبہات کو ختم کرنے کے لئے انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر ولادیمیر زیلنسکی کو بھجوادیا ہے۔ دوسری جانب انکا استعفیٰ صدارتی دفتر کو موصول ہونے کی تصدیق کی گئی ہے لیکن اس پر ابھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہیکہ8؍ جنوری کو ایران کے دارالحکومت تہران میں عراق میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملے کے دوران یوکرائن کے طیارے کو ایرانی فوج نے غلطی سے میزائل کا نشانہ بنایا تھا جس میں سوارتمام176افراد ہلاک ہوگئے تھے۔یہی وجہ ہوسکتی ہیکہ یوکرائن کے وزیر اعظم نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہو۔

انڈونیشیا میں مساجد کی مردم شماری
انڈونیشیا میں وزارتِ مذہبی امور کے حکام یہ جانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ملک میں کل کتنی مساجد ہیں۔ سنہ 2013سے یہ گنتی کا آغاز ہوا تھا جو ابھی جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کام کا اب تک صرف تین چوتھائی حصہ مکمل ہوا ہے۔ سنہ 2013میں شروع کی گئے سروے کے مطابق پانچ لاکھ 54ہزار سے زائدمساجد رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔اس کے تحت مساجد کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل ہونگی۔اور حکومت ضرورت کے مطابق مناسب اقدامات کرینگی۔

سرحدوں سے بے نیاز ، ہند۔پاک انسانیت نوازی
دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے دیانت داری کی مثال قائم کرتے ہوئے ہندوستانی لڑکی کو تلاش کرکے اس کے گمشدہ اہم کاغذات اور رقم سے بھرا پرس واپس کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہندوستان سے تعلق رکھنے والی راشیل برطانوی جامعہ کی طالبہ ہیں اور وہ چند دنوں کیلئے دبئی آئی ہوئی تھیں۔ 4؍ جنوری کی صبح وہ مدثر کی ٹیکسی میں بیٹھی ہی تھیں کہ ان کے دوستوں نے انہیں ایک اور کار میں چھوڑنے کیلئے کہا ۔ اس عجلت میں وہ اپنا پرس ٹیکسی میں بھول گئیں۔راشیل کے پرس میں برطانوی ویزا، امارتی شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس ، ہیلتھ انشورنس کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور ایک ہزار درہم کے لگ بھگ رقم بھی موجود تھی۔ علاوہ ازیں دیگر تعلیمی کاغذات بھی موجود تھے۔بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کے پاس ویزا کی کوئی نقل نہیں تھی اور برطانوی جامعہ کے مطابق اسے دوبارہ ویزا درخواست دینا تھی اس پر وہ شدید پریشان تھی اور رورہی تھی۔ دوسری جانب مدثر نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، پولیس اسٹیشن اور دیگر مقامات سے مدد طلب کی تاکہ لڑکی سے رابطہ کیا جاسکے لیکن تمام کوششیں بیکار گئیں تاہم بار بار کے اصرار پر صبح ساڑھے تین بجے انہیں مقامی ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے ایک فون آیا جس میں ٹیکسی بک کروانی والی راشیل کا نمبر دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے راشیل سے رابطہ کیا اور اسے پرس واپس کیا۔ راشیل کے والد نے انعام میں 600درہم دینے کی کوشش کی۔ اس پر مدثر نے کہاکہ راشیل ان کی بہنوں جیسی ہے اور ایک بھائی نے ایک بہن کے لئے یہ کوشش کی ہے۔

شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن سربراہ کانفرنس میں پاکستانی وزیر اعظم کو شرکت کی دعوت
ہندوستان نے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO)سربراہ کانفرنس میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب یہ پاکستان پر ہیکہ یاتو وزیر اعظم شرکت کرے یا ان کا کوئی نمائندہ ۔ کانفرنس اس سال کے اواخر میں منعقد ہوگی، جس میں چین، قازقستان، کرغزستان ، روس ، پاکستان، تاجکستان اور ازبکستان حصہ لیں گے۔
***
 

Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid
About the Author: Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid Read More Articles by Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid: 358 Articles with 255918 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.