پانچویں کلاس کے بچوں سے تقریری
مقابلہ شروع ہوا۔ موافق میں پہلی تقریر ارمغان نے کی اور مخالفت بل میں
ارسلان ۔باقی بچے بھی ترتیب سے آتے رہے ۔ اب تک ارمغان اور ارسلان پہلی
پوزیشن پر جارہے تھے ۔ آخرکار کلاس ون کی عروضہ نعیم کا نام پکارا گیا ۔
عروضہ پردے کے پیچھے سے سٹیج پر آئی ۔ڈائس کے سامنے آکر جھک کر سب کو سلام
کیا ۔نعیم پر نظر پڑی تو سکھائے ہوئے سبق کو بھول کر ہنس کر نعیم کو ہاتھ
ہلا کے خوشی کا اظہار کیا اور ڈائس کے پیچھے رکھی ہوئی کرسی پر کھڑی ہو کر
اپنے مخصوص سٹائل سے تقریر شروع کی ۔ مجھے نہ صرف اس کی تقریر زبانی یاد
تھی بلکہ اُس کا ایک ایک ایکشن بھی ۔ تقریر کے خاتمے پر اُس نے شعر پڑھا
اور تالیوں کی گونج نے بتایا کی عروضہ نے معرکہ مار لیا ہے، یو ں وہ اپنے
بھائی ارمغان کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر چکی تھی ۔کلاس ون سے لے کر
کلاس تھری تک اُس نے اردو اور انگلش تقریری مقابلوں لگاتار پہلی پوزیشن لے
کر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اس پر کلاس ففتھ تک اردو اور انگلش تقریری مقابلوں
میں حصہ لینے پر پابندی لگ گئی ۔کلاس فورتھ میں اُس نے ۔ حمد اور نعت کے
مقابلے میں حصہ لیا ۔وہاں ہمیں معلوم ہوا کہ چڑیا کی طرح چہکنے والی، کوئل
کی طرح کوک بھی سکتی ہے ۔حمد ، نعت اور غزل کے مقابلوں میں بھی وہ پہلی اور
دوسری پوزیشن پر رہی ۔
کوئٹہ میں سردیوں میں غضب کی سردی پڑتی ہے اور بچوں کو سردی سے بچاؤ کے لئے
بہت احتیاط کرنی پڑتی ہے لیکن جب برف باری ہوتی ہے تو بچے ساری احتیاط کو
بالائے طاق رکھتے ہوئے اُس وقت تک برف میں کھیلتے رہتے ہیں جب تک وہ گیلے
نہ ہوجائیں ، نتیجتاً ، کھانسی اور بخار ۔ چنانچہ 1991دسمبر کی برف باری
میں عروضہ بھی بیمار ہوگئی ڈاکٹر نے سینے کا ایکسرے تجویز کیا ۔ میں نے
اُسے بتایا کہ کل آپ کا ایکسرے ہوگا اُس نے پوچھا کہ ایکسرے کیا ہوتا ہے
میں نے اُسے بتایا کہ ایکسرے میں سینے میں جو کچھ ہوتا ہے اُس کی تصویر آتی
ہے اُس سے ڈاکٹر کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ بچہ کیوں بیمار ہوا ہے ۔عروضہ ،”
لیکن ماما اُس میں تو آپ کی تصویر آئے گی “ میں نے پوچھا ،” کیوں میری
تصویر کیوں آئے گی “۔ ” ماما اِس لئے کہ میرے دل میں آپ رہتی ہیں “ عروضہ
کے معصومانہ جواب پر مجھے اُس پر بے انتہا پیار آیا ۔
سب سے یادگار سال 1993تھا نعیم سال کے لئے اپنی یونٹ کے سیکنڈ اِن کمانڈ بن
کر سیاچین چلے گئے عروضہ کلاس تھری میں تھی تقریر کا اعلان ہو چکا تھا اب
تقریر لکھ کر دینے والا کوئی نہیں تھا ۔ سیاچین بات کرنا بہت مشکل تھی ۔
کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اچانک تقریر سے ہفتہ پہلے نعیم سے با ت ہو گئی
میں نے انہیں تقریر کا عنوان ” دولت انسانی اقدار کی قاتل ہے “ لکھوا دیا۔
نعیم نے فوراً دو موافقت میں اور دو مخالفت میں تقریریں لکھیں ۔اور اسی دن
چھٹی جانے والوں کے ہاتھ اسے لفافے میں ڈال کر سکردو بھجوایا۔ جہاں ایک
ہفتے سے ان کی یونٹ کے آفیسر میجر پرویز چھٹی پر کوئٹہ آنے کے لئے موسم صاف
ہونے کا انتظار کر رہے تھے ۔جنھیں لفافہ صبح صبح صوبیدار محمد اقبال او سی
رئیر نے دیا ۔ میجر پرویز روزانہ کی طرح تیار ہو کر ائرپورٹ پر پہنچے ۔ فضا
میں جہاز کی گونج سنائی دی ۔ اچانک شمال کی جانب سے بادلوں میں ذرا سا رخنا
پڑا اور وہاں سے ایک بوئینگ داخل ہو کر سکردو ایر پورٹ اترا جس پر ہفتے سے
انتظار کرتے ہوئے خوش قسمت مسافر سوار ہوئے اور ساڑھے آٹھ بجے وہی جہاز
سکردو سے اڑ کر اسلام آباد ائیرپورٹ پر اترا اور نو بجے اسلام آباد کوئٹہ
کی فلائٹ پر میجر پرویز نے بورڈنگ کارڈ لیا ۔تین بجے میجر پرویز اپنی مسز
اور تین سالہ بیٹی کے ساتھ ہمارے ہاں آئے تقریر دینے آئے اور لفافہ دیتے
ہوئے انہوں نے بچوں کو کہا کہ اگر آپ لوگوں نے پہلا انعام نہیں لیا تو میری
ساری محنت بے کار جائے گی تقریر کے دن وہ اپنی مسز کے ساتھ سکول آئے ۔عروضہ
کے لئے نعیم نے خاص طور پر تقریر لکھی کیونکہ ، اُس تقریر کے جیتے ہی اُس
کی لگاتار پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے ہیٹ ٹرک مکمل ہو جاتی ۔ تقریر کے خاتمے
پر ا’س نے شعر پڑھا ۔” باپ بڑا نہ بھیّا ،سب سے بڑا روپیّہ “ تالیوں کے شور
نے اُس کے جیتنے کا اعلان کر دیا۔ چاروں بچوں نے پہلی اور دوسری پوزیشن
حاصل کیں ،اُن کے جیتنے کی سب سے زیادہ خوشی میجر پرویز کو ہوئی۔ میجر
پرویز کی مسز کا تعلق ہزارہ قوم سے تھا ،پرنسپل اُن کے انکل تھے چائے پر
میجر پرویز نے انہیں تقریر کے سفر کی کہانی سنائی کہ یہ تقریریں سیاچین سے
آئی ہیں ۔ پرنسپل چنگیزی نے عروضہ کو اپنی جیب سے سو روپے انعام دیا اور
کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ صرف ماں ہی بچوں کی تعلیم کی طرف توجہ دے تو بچے
قابل نکلتے ہیں یہاں تو باپ بھی بچوں کی تربیت کے لئے اُتنی ہی محنت کر رہا
ہے ۔
عروضہ کو ہر قسم کے جانوروں سے بڑی محبت تھی ۔اس کی غالباً بنیادی وجہ وہ
کہانیاں تھیں جو نعیم اسے بچپن میں سناتے تھے ۔اُس کی خواہش کے مطابق کوئٹہ
میں ہمارا گھر ایک چڑیا گھر تھا ۔جس میں صرف ہاتھی کے بچے ڈبّو کی کمی تھی
ورنہ مرغیاں ، بطخیں، تیتریاں، بلیاں، کتے ،کچھوے اور مچھلیاں سب موجود تھے
اور یہ سب ایک ہی گھاٹ سے پانی پیتے بلی کی کیا مجال کہ وہ اس کے سامنے
دندناتے چوزوں کی طرف برُی آنکھ سے دیکھے ۔چوزے مکھیوں کے پیچھے بھاگتے اور
سوئی ہوئی بلی کے اوپر سے چھلانگیں مارتے اور بلی ایک آنکھ کھول کر اپنے
خواب ِ استراحت میں خلل ڈالنے والے شر پسندوں کو دیکھتی اور پھر آنکھیں بند
کر لیتی البتہ مکھیوں کے اضافے سے چوزوں کے طوفانِ بدتمیزی میں اضافہ
ہوجاتا تو وہ انگڑائیاں لیتی ہوئی اٹھتی اور پلنگ کے نیچے جا گھستی ۔ایک
مخلوط النسل لیبریڈور کتے ّ”ایرک“اور بازار سے خریدے جانے والے چوزوں کی
نسل میں سے بچنے والے آخری چشم و چراغ” سیبر“کی دوستی فقید المثال تھی ۔سیبر
سوئے ہوئے ایرک کے سر پر سوتا اور بلی ایرک کے ڈربے میں اُس کے ساتھ سوتی،
عروضہ نے ہر جانور اور پرندے کا نام رکھا ہو اتھا۔ ”ایرک“ ، چوزے کو چاٹ
چاٹ کر اپنی لذتِ کام ودہن کی تسکین کرتا اور” سیبر“ اس کے بدلے اُس کے
کندھوں پر سوتا اور سارے گھر کی سیر کرتا ۔ایک دن عروضہ میرے ساتھ بازار
گئی میں بچوں کو گاڑی ہی میں بیٹھے رہنے کا کہہ کر اتر گئی واپس آئی تو
دیکھا آوارہ بلی کا ایک بچہ اُس نے گود میں اُٹھایا ہوا ہے ۔یہ بچہ زخمی
تھا کیونکہ اسے بازار میں گلی کے بچوں نے عروضہ کے سامنے پتھر مارے تھے ۔اور
بچہ گھسٹ گھسٹ کر چل رہا تھا ۔عروضہ نے چاچا ڈرا ئیور سے کہہ کر بچوں کو
بھگوایا اور اُسے اُٹھا کر گاڑی میں رکھ لیا۔عروضہ کلاس ون میں تھی اُس نے
اُس بچے کی اتنی تیمارداری کی کہ وہ ٹھیک ہو گیا ۔جنگلی بلی کا وہ بچہ ”کٹو
“ گھر کے گیٹ پر عروضہ کا انتطار کرتا اور جب وہ سکول سے آتی تو اس کے پاؤں
میں لپٹتا ۔ ” کٹو “ واحد جانور تھا جو ہمارے بیڈ روم میں اپنی ٹوکری میں
سوتا ۔ہم دونوں میاں بیوی اکثر شام کو واک پر نکلتے ”ایرک“ بھی ساتھ
ہوتا۔ایک دن عروضہ بھی ہمارے ساتھ واک پر نکلی ۔تھوڑی دور جا کر ہمیں میاؤں
میاؤں کی آواز آئی ۔مڑ کر دیکھا تو ’ ’ کٹو “ تھی جو سڑک پر دوڑتی آرہی
تھی۔ہم اپنے گھر سے تقریباً پچاس گز دور جاچکے تھے ۔ ’ ’ کٹو “ ہمارے پاس
پہنچی عروضہ نے اُسے گود میں اُٹھا لیا ۔ میں نے عروضہ کو کہا کہ وہ اسے
نیچے اتار دے اور اسے ہمارے پیچھے آنے دے ۔عروضہ نے اسے نیچے اتار دیا اور
”ایرک“ کو حکم دیا کہ وہ ’ ’ کٹو “ کا خیال رکھے ۔ہم دور نکلتے تو ”ایرک“
ہمارے سامنے آ کر بھونک کر ہمیں رکنے کا کہتا ۔جب ’ ’ کٹو “ ہمارے پاس پہنچ
جاتی تو ہم آگے چلتے ۔گھر کے نزدیک ’ ’ کٹو “ کافی پیچھے رہ گئی۔ تو ”ایرک“
نے ہمیں روکا ۔عروضہ نے ”ایرک“ کو کہا کہ جاؤ اسے لے آؤ ۔ ”ایرک“ لپک کر
گیا اور ’ ’ کٹو “ کو اپنے منہ میں اسکی گردن سے پکڑ کر اٹھا کر لے آیا۔تب
مجھے معلوم ہوا کہ گھر کے تمام جانور اس کا کہنا مانتے ہیں اور اس کی وجہ
یہ تھی کہ عروضہ ہر شام اور اتوار کو خصوصی طور پر تمام جانوروں اور پرندوں
کو کہانی سناتی اور اُن سے باتیں کرتی ۔ہمارے گھریلو چڑیا گھر میں پانچ کتے
بھی تھے جن میں دو جرمن شیپرڈ (بُلِّٹ اور شیرا)، دو چھوٹے سفید روسی
پوڈلز(کوڈو اور ٹینا) اور ایک السیشن کتیا (شہپر) تھی ۔ ”ایرک“ ایک دن گھر
سے باہر گیا تو اسے کسی نے زہر دے دیا ۔ نعیم اُن دنوں فوجی مشقوں پر سبّی
گئے ہوئے تھے ۔ ہمار ا گھر کینٹ میں ہزارہ کالونی کے بالکل کونے پر تھا ۔
وہاں چوکیدارانہ نظام کے باوجود چوریاں بہت ہوتی تھیں ۔چنانچہ نعیم نے اپنے
ایک دوست خان کو فون پر کہا اُس نے عاریتاً شہپر دے دی ۔ صبح ایرک کی موت
ہوئی اور شام کو شہپر آگئی اور نو بجے رات کو شہپر کے بھونکنے، کسی کے تیزی
سے دوڑنے اور دیوار کی اینٹیں گرنے پر معلوم ہو ا کہ ایرک کی موت اور چوری
کے لئے صحن میں آنے والا اتفاقی واقعہ نہیں تھا ۔دوسرے دن شہپر ٹوٹی ہوئی
دیوار سے باہر نکل گئی۔ کچلاک میں رہنے والے نعیم کے کلاس فیلو نے دو سفید
روسی پوڈلز کے بچے بھجوا دئیے اور نعیم کے بہنوئی عبدالخالق نے دو جرمن
شیپرڈ بچے بھجوا دئیے اور خان نے چار دن بعد زخمی شہپر بھجوا دی ۔شہپر کا
عروضہ نے علاج کیا وہ ہمارے گھر کی ہو گئی ۔نعیم مشقوں سے واپس آئے ۔عروضہ
کو بڑا سمجھایا کہ دو جرمن شیپرڈ چھوڑ کر باقی تمام کتے واپس کر دیتے ہیں ۔
عروضہ نے نعیم کی ہر منطق کو ماننے سے انکار کر دیا اور یوں شہپر کی
سربراہی میں باقی چار بچے دیگر پرندوں کے ساتھ پلنے لگے ۔ جرمن شیپرڈ
دیکھتے ہی دیکھتے شہپر سے اونچے ہو گئے ۔ایک دن صبح عروضہ کے رونے کی آواز
آئی۔ معلوم ہوا کہ پانچوں کتوں میں سے کسی نے ایک کچھوا کھا لیا ۔ہمارے گھر
میں جب کوئی نیا جانور آتا عروضہ اس کا سب کتوں سے تعارف کراتی ۔ وہ اسے
گھوم کر اور سونگھ کر دیکھتے ، پھر دور بیٹھ کر لالچی انداز میں دیکھتے
رہتے ۔عروضہ اُسے سب کے پاس باری باری لے جاتی اور ہاتھ اٹھا کر مارنے کے
انداز میں ڈانٹ کر بتاتی کہ اب یہ یہاں رہے گا اسے نہ تنگ کرنا اور نہ ہی
کھانا ۔یہ کچھوا ،رات کو ہی عروضہ، ڈولی کی سہیلی سونیا کے گھر سے لائی تھی
اور اس کا تعارف کرانا بھول گئی ۔ اور اسے دوسرے کچھوؤں کے ساتھ رکھ دیا ۔
اب انکوائری شروع ہوئی ہمارا شک بُلِّٹ پر تھا ۔کچھو ے لان میں تھے اور
باقی جانور گھر کے پچھلے حصے میں باڑے میں رہتے تھے ۔سب سے پہلے بلٹ کو
لایا ۔ اُسے کھچوا سنگھایا گیا اور پوچھا یہ کس نے کھایا ہے ؟ بُلِّٹ نے
ایک شانِ بے نیازی سے ہماری طرف دیکھا اور ایک طرف کھڑا ہو کر دم ہلانے لگا
۔ شیرا نے بھی کوئی توجہ نہ دی البتہ شہپر نے کھچوے کو سونگھنے سے انکار کر
دیا اور آنکھیں نیچی کر کے ایک کونے میں جا بیٹھی۔ یوں مجرم پکڑا گیا ۔ اس
حادثے کو ٹینا (پوڈل)نے محسوس کیا وہ کچھوے کو سونگھتی عروضہ کے پاؤں میں
لوٹتی اور بھونکتی اور شہپر کے پاس جا کر کھڑی ہو جاتی یوں ہمیں معلوم کہ
ٹینا اِس وقوعے کی چشم دید گوا ہ ہے مگر مجرم کے خوف سے بیان نہیں دے رہی ۔ایک
دن صبح میں کھڑکی کے پاس کھڑی اپنے بالوں میں کنگھی کر رہی تھی ، موسم اچھا
تھا میں نے گنگنانا شروع کیا ۔ اچانک شیرا کھڑکی کے پاس آکی مجھ پر بھونکنا
شروع کر دیا ۔ میں شیرا کے اِس رویئے پر حیران رہ گئی کہ اِس کم بخت کو کیا
ہوا ؟ بعد میں سمجھ آئی کہ نامعقول مجھے مانگنے والی سمجھ کر بھونک رہی تھی
۔
جب عروضہ کلاس ففتھ میں آئی تو نعیم کی ٹرانسفر اٹک ہو گئی ۔تمام جانور اور
پرندے تقسیم ہو گئے ۔صرف جرمن شیپرڈ (بُلِّٹ اور شیرا) لے کر ہم اٹک آگئے
اٹک آنے سے پہلے ہم تین دنوں کے لئے گھر کے سامنے آفیسر ز میس میں منتقل ہو
گئے ۔ ’ ’ کٹو “ کیونکہ جنگلی بلی تھی چنانچہ وہ اسی گھر میں رہی ۔ شام کو
ہم واک کر رہے تھے ۔ہم گھر کے پاس سے گزرے کہ ’ ’ کٹو “ بھی ہماری خوشبو
سونگھ کر ساتھ ہو لی اور ہمارے ساتھ میس کے کمرے میں آگئی ۔ اور تھوڑی دیر
بعد بھاگ گئی ۔رات کو کمرے کے دروازے کے باہر میاؤں کی آواز آئی دیکھا تو ’
’ کٹو “ بیٹھی تھی ۔عروضہ سو رہی تھی اُٹھ گئی ہم باہر نکلے تو ’ ’ کٹو “
ہمار ے آگے چلنے لگی اور ہماری رہنمائی کرتے ہو ئے گھر کے بند گیٹ کے سامنے
آکر میاؤں میاؤں کرنے لگی ۔صاف محسوس ہو رہا تھا کہ وہ ہمیں ہماری غلطی کا
احساس دلا رہی تھی کہ ہم بھول کر غلط جگہ چلے گئے ہیں ہمارا گھر یہ ہے ۔ہم
نے سنا تھا کہ بلی مکان سے اور کتا مکین سے مانوس ہوتا ہے ۔جو ’ ’ کٹو “
اور بعد میں دوسری بلیوں نے غلط ثابت کیا ۔
اٹک میں میرے سارے بچے سینئیر سیکشن میں تھے اور میں جونئیر سیکشن میں ٹیچر
تھی بعد میں وائس پرنسپل بنی ۔چاروں بچوں کو اِس بات کا احساس تھا کہ
اُنہوں نے کوئی ایسی حرکت نہیں کرنی جس سے اُن کی ماں کو شرمندگی ہو۔ اٹک
میں عروضہ نے نہ صرف اپنی غیر نصابی سرگرمیوں کی دھاک بٹھائی بلکہ سکول میں
پہلی پوزیشن اُس نے اپنے اعصاب پر سوار کر لی ۔اٹک کے گالف کلب میں بڑی
بطخیں تھیں ۔جو وہاں چھوٹے تالاب میں تیرتی رہتی تھیں ۔یہ بڑی خونخوار تھیں
خصوصی طور پر بچوں کی دشمن تھیں انہیں دیکھتے ہی گردن نیچے کر کے کسی ٹینک
کی مانند حملہ کرتیں ۔اب عروضہ نے ضد پکڑ لی کہ اِن میں سے ایک میں نے لینی
ہے ۔آخر کار نعیم بازار سے ایک جوڑا خرید کر گھر لے آئے ۔عروضہ نے باقی بہن
بھائیوں سے مشورے کے بعد اُن کا نام ڈونلڈ اور ڈیزی رکھا۔ ڈونلڈ اور ڈیزی
نے آتے ہی گھر میں دہشت پھیلا دی ۔ یہاں تک کہ ان کے ٹینک نما حملوں نے بلٹ
اور شیرا کو بھی پسپائی پر مجبور کر دیا ۔عروضہ نے انہیں مانوس کرنے کی بڑی
کوشش کی اور اُن کے حملے میں زخمی بھی ہوئی ۔لیکن آخر کار وہ عروضہ سے
مانوس ہو گئے ۔ایک اتوار کی صبح میں نے بیڈروم کی کھڑکی سے دیکھا عروضہ
اپنی چھوٹی کر سی پر بیٹھی تھی ڈیزی اس طرح لیٹی تھی کہ اس کی گردن پوری
زمین کے ساتھ لگی تھی اور وہ اپنی چونچ کے ساتھ عروضہ کے جوتے کو کھانے کی
کوشش کر رہی تھی اور ڈونلڈ کسی کلاس میں بیٹھے ہوئے شریف بچے کی طرح عروضہ
کی کہانی سُن رہا تھا جو وہ بچوں کے رسالے سے پڑھ کر اُسے سنا رہی تھی۔بلٹ
اور شیرا، ڈونلڈ کی پہنچ سے دور بیٹھے تھے ۔ بلٹ عروضہ کے پاس آنے کی کوشش
کرتا تو ڈونلڈ اُس کی طرف دیکھتا ۔ بلڈ واپس مڑ کر شریف بچے کی طرح اپنی
جگہ پر واپس بیٹھ جاتا ۔
بلٹ اور شیرا کے خاندان میں دو السیشن پپی کا اضافہ ہوا ۔ جو نعیم نے اپنے
دوست کو دے کر اُ س سے کالے لیبریڈور کے پپی کا جوڑا لیا ۔ جن کے نام عروضہ
نے لیلیٰ اور لٹو رکھا کیوں کہ ۔لٹو کا کام اپنی دم کو پکڑنے کی کوشش میں
لٹو کی طرح چکر کھاتے رہنا تھا ۔ لیلیٰ کھانا کھانے کے بعد بچا ہوا کھانا
زمین میں دبا کر بند کر دیتی تھی ۔ جو بلٹ نکال کر کھا لیتا اُس کے بعد جب
لیلیٰ کو بھوک لگتی تو وہ کھانے کی تلاش میں نالی کی شکل میں لان کھود
ڈالتی۔دو سال کے اند رڈونلڈ اور ڈیزی بیس بچوں کے کنبے کے سربراہ بن گئے ۔اِن
بڑی بطخوں کی ایک مکمل جوائینٹ فیملی تھی جن کا سربراہ ڈونلڈ تھا ۔جو نہ
صرف اُن سیاسی بلکہ ملٹری لیڈر بھی تھا ۔ہمارے گھر کے قریب سے گزرنے والے
افراد،شیر نما بلٹ سے اتنا نہیں ڈرتے جتنا وہ ڈونلڈ اور اس کے سپاہیوں سے
خوفزدہ ہوتے تھے ۔ڈونلڈ اپنی پوری پلٹن کے ساتھ پوری کالونی کا چکر لگاتا ۔
عروضہ کی چند سہیلیوں نے اِس سے ملنے کا پروگرام بنایا چنانچہ انہوں نے
عروضہ سے گھر کا ایڈریس پوچھا اُس نے انہیں بتا یا کہ سکول سے باہر نکلیں ،
پارک کے بعد سیدھے ہاتھ پر مڑیں اور سیدھے چلیں ۔آگے بہت ساری بڑی بطخیں
نظر آئیں گی اُن کے سامنے ہمارا گھر ہے ۔وہ لڑکیاں ہمارے گھر کے لئے آئیں
انہیں گھر نہیں ملا ، انہوں نے ایک بچے سے پوچھا کہ بڑی بطخیں کہاں ہیں ۔اِس
وقت بطخیں ٹہلنے کے موڈ میں تھیں اور بچے نے انہیں تیسری گلی میں دیکھا تھا
اس نے انہیں بتا دیا ۔بچیاں بطخوں کے پاس پہنچیں اور پریشان ہو گئیں ۔ کیوں
کہ آدھی بطخوں کا منہ ایک طرف اور آدھی کا دوسری طرف تھا ۔ایک بچی نے مشورہ
دیا کہ ان کو بھگاتے ہیں یہ جس گھر میں جائیں گی وہ عروضہ کا گھر ہوگا ۔
انہوں نے غلط فیصلہ کیا تھا ۔ جو نہی انہوں نے بطخوں کو بھگانے کی کوشش کی
، بطخوں کے بطخے ، صف بنا کر بچیوں پر حملہ آور ہوئے وہ چینخیں مارتے ہوئے
بھاگیں ۔بطخوں کی آوازوں اور لڑکیوں کے شور نے عروضہ کو بتا دیا کہ کوئی
اُس کی فوجوں کے قابو چڑھ چکا ہے ۔عروضہ گھر سے باہر آئی تو بھاگتی ہوئے
لشکر دشمن نہیں بلکہ اُس کی سہیلیاں تھیں اُس نے حملہ آور بطخوں کو ڈانٹ کر
روکا اور سہیلیوں کو پکارا، کمانڈر ڈونلڈ، عروضہ کی آواز سنتے ہے سر جھکا
کر شرمندگی سے اپنے سنچورئین بریگیڈ کے ساتھ ایک طرف کھڑا ہو گیا عروضہ
سہیلیوں کو گھر لائی اُن کی خاطر تواضح کی، اتنے میں ساری بطخیں اپنے ڈربے
کی طرف آچکی تھیں عروضہ نے سہیلیوں کا بطخوں سے تعارف کروایا ۔ سہیلیاں
ڈرتے ڈرتے بطخوں کے پاس گئیں ۔ بطخوں نے خاموش بیٹھ کر اُن کا استقبال کیا
اور دوستی کر لی ۔
1999کی بہار میں ڈونلڈ فیملی کی بطخوں نے 70انڈے دیئے ۔یوں ان کے ڈربے میں
ایک پورا میٹرنٹی وارڈ قائم ہو گیا ۔جس میں شروع شروع میں سوائے ڈونلڈ کے
تمام بطخے اپنی اپنی ماداؤں کی چہل قدمی کے وقت انڈوں پر بیٹھتے ۔اور بعد
میں ماداؤں سے انڈوں پر بیٹھنے کی ذمہ داری مکمل طور بطخوں نے زبردستی لے
لی ۔کیونکہ وہ یہ بھول گئے کہ کون سی اُن کی مادہ کے انڈے ہیں اور کون سی
دوسری کے ۔چنانچہ ہم نے بطخوں کو زبردستی زنانہ میٹرنٹی وارڈ سے نکال کر
اسے بند کر دیا اور ماداؤں نے اپنی اپنی جگہ سنبھالی ۔ہم خوفزدہ تھے کہ اگر
ان 70انڈوں سے چوزے نکلے تو کیا ہو گا ؟ بہرحال عروضہ کو بہت سمجھانے کے
بعد اُس نے اِن چوزوں کے پر نکلنے کے بعد تقسیم کا فیصلہ کیا ۔اُس نے سب سے
پہلے اُن سہلیوں کا انتخاب کیا جو جھگڑالو نہیں تھیں ۔اُن کے گھر جا کر اِن
چوزوں کے رہنے کی جگہ دیکھی ۔اور ایک ہدایت نامہ برائے دیکھ بھال خود لکھا
اور اس کی ایک ایک فوٹو کاپی اپنی اُن سہیلیوں کو دی ۔جنہوں نے بطخ کے بچوں
کا سرپرست بننا تھا یہ اور بات کہ صرف چار چوزے نکلے اور وہ بھی پر نکلنے
سے پہلے اپنے بزرگوں کے ملکیتی جھگڑوں کے وقت پاؤں تلے آکر مارے گئے ۔ |