کیا عمران خان کو کوئی خطرہ ہے؟

Right person for the right job ایک سہانہ خواب اور صریحاََ اپنے ساتھ دھوکہ دہی کی مانند ہوگیا ہے ۔ شاید تاریخ پاکستان کی شروعات سے اب تک ہم رائٹ پرسن فار دا رائٹ جاب والے نعرے کو کسی بھی ادارے میں نافذ نہیں کر سکے۔پچھلی حکومتیں جیسی بھی تھیں مگر 2018 میں عمران خان کی بمشکل کامیابی کے بعد پرانے پاکستان میں نیا پاکستان بننے کی تمنا ابھر نے لگی۔ عمران خان نے جب ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی تولوگوں کے ذہن و افکار پر چھائے عمران اسماعیل کے گانیـ’’ روک سکو تو روک لو تبدیلی آئی‘ کا خمار سر چڑھ کر بولنے لگا۔ پہلے 90 دن کا لالی پاپ پھر ایک سال اور پھر کہا گیا کہ پچھلے 35 سالہ حکومتی ادوار کی گندگی کو پانچ سالوں میں نہیں ٹھیک کیا جاسکتا اس کے لیے دس سے پندرہ سال چاہیے ہوں گے ۔خیر چار و ناچار لوگوں نے آنکھیں موند لیں مگر احتساب کا نظام ٹھیک کرنے کی بجائے صرف اپوزیشن کا احتسا ب شروع کر دیا گیا ۔ معیشت کی ڈوبتی نیا کو بچانے کے ترکیبیں سوچنے کے بجائے خوش آمدیوں اور غیر منتخب شدہ لوگوں کی خدمات کو حاصل کر لیا گیا۔ اس تحریر کی کا مقصد یہ بات باور کرانا ہے کہ آخر خود کو ملک و قوم کا مسیحا اور دنیا ئے عالم کا ہیرو کہنے والے بھی جب اپنی ناکامی کا راگ الاپنے لگیں، آج اڑھائی سال گزرنے کے بعد بھی اداروں کے کرپٹ ہونے کی بات کریں اور اپنی بے بسی کا رونا روئیں تو پھر تف ہی کیا جاسکتا ہے کہ انہیں ٹیسٹنگ کے لیے کیوں لایا گیا؟ انہیں کیوں 22 کروڑ عوام پر کیوں مسلط کیا گیا؟

اڑھائی سال گزر گئے مگر وفاقی وزیر ہوا بازی سرور خان کو یہ نہ پتہ چل سکا کہ پی آئی اے کے 869 پائلٹس میں سے 262 پائلٹس کی ڈگری فیک ہے۔ عمران خان کے دور میں جتنے ریل حادثات ہوئے اور انسانی جانوں کا ضیاع ہو ا اتنا تو آج تک نہیں ہوا۔ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تواپنی 22 سالہ جدوجہد میں ہمیشہ حکومتوں پر الزامات لگانے کیساتھ ساتھ بیڈ گورننس ، کرپٹ لیڈر شپ ،رول آف لا ء اور معیشت کی بات کرتے۔ مگر اب ایسا لگتا ہے کہ شاید وہ اپنی ٹیم پر کچھ ضرورت سے زیادہ ہی اعتماد کربیٹھے ہیں۔ یا پھر شاید انہوں نے ٹیم کے انتخاب میں فحش غلطی کر دی ہو ! یا پھر شاید ان کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہو کہ مشہور کہاوت ہے کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دیکھانے !! عمران خان نے ہمیشہmoney launderer ، کرپٹ اشرافیہ اور اداراجاتی نقائص کی بات کی اور جس کا ذکر وہ ٹی وی ٹاک شوز ، پریس کانفرنسزاور نجی محافل اور پھر 126 دنوں کے تاریخوں دھرنوں میں کرتے تھے اور اپنی ڈریم ٹیم کا بتا تے تھے، افسوس وہ کھوٹے سکے ثابت ہو رہے ہیں۔پارٹی گروپ بندی ، حرص بندی ، انا پرستی اور اقرباء پروری کا شکار ہوچکی ہے۔

عمران خان کہتے تھے کہ اگر مجھے ایک بار حکومت مل جائے تو پھر دیکھیں میں کیسے چوروں ڈاکوؤں اور معیشت دشمن عناصر کا احتساب کرا کر انصاف کی مثال بناؤں گا۔عمران خان کے مطابق احتساب اوپر سے شروع ہوتا ہے مگر پھر بابر اعوان اور اعظم سواتی جیسے لوگوں کو نااہلی کے باوجود دوبارہ حکومتی عہدے سونپ دیے گے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ جب بندہ حکومت میں نہیں ہوتا تو اسے حکومت صرف تین چیزوں کا مرکب ’’ چمچ، پلیٹ اور شہد‘‘ نظر آتی ہے ، مگر حکومت سنبھالنے کے بعد طبیعت کی سختی میں کافی افاقہ ہو جاتا ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ ورلڈ کپ کی ٹیم کو میں نے مثالی بنایا ، شوکت خاتم کو کرپشن فری اور معیاری بنایا اور نیا پاکستان بھی ایسے ہی بناؤں کہ امیر غریب کا فرق ختم ہو جائے گا۔۔کاش کہ عمران خان جیتنے کے بعد ا س بارے سوچ سکتے!

عمران خان کو چند عوامل پر کام کرنے کی ضرورت ہے وگرنہ تاریخ موقع باربارنہیں دیا کرتی اور مرتبین تاریخ بڑے بے رحم واقع ہوئے ہیں کہ وہ کبھی غلطی معاف کرتے ہیں نا کوئی مستی!!(1)۔ انصافی ایجنڈے کے مطابق ریفارمز کریں پھر چاہیے وہ اداراجاتی ہوں یا غیر ادارہ جاتی ، رکاوٹ چاہیے بیوروکریسی ہو یا کوئی اور ۔۔اگلے الیکشن میں کامیابی چاہیے تو ریفارمز کرڈالیں۔(2)۔ میرٹ بحال کریں ، کمزور افراد کو صوبوں اور دیگر وزارتوں سے ہٹھا کرصحیح لوگوں پر کرسی پر بٹھائیں(3)۔ صرف اور صرف منتخب نمائندوں کو ہی وزارتوں پر براجماں ہونے دیں اور غیر منتخب نمائندوں کو وزارتوں سے باہر کریں اور ان سے کوئی اور تعمیری کام لیں۔ (4)۔ خواہ مخواہ کے کان بھرنے والے خالی ٹائپ مشیروں کی خوش آمد سے بچیں ، جو بھی وزیر یا خیر خواہ مثبت اور مدلل بات کرے اسے سنیں ، فالو کریں اور پاکستان کے لیے پلان کریں ۔(5) ۔ کم عقل ، بد تہذیب اور لاابالی افراد کو فارغ کریں اور ملکی معیشت کا پہیہ گھمانے کا سوچیں۔ آپ کی ناتجربہ کار ٹیم کا کام صرف اور صرف تنقید ہے اور اس پر اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔ آپ چھ ماہ میں کچھ کر لیں گے ایسا ناممکن ہے۔ اگلے چھ ماہ میں شاید آٹھ دس ارکان آپ کو داغِ مفارقت دے جائیں جن کی مثالیں ندیم افضل چن، راجہ ریاض اورخواجہ شیراز وغیرہ آپ کے سامنے ہیں، اس لیے آپ کارکردگی پر توجہ دیں۔(6) ۔ تانیہ ادرس ،ڈیجیٹل کی دنیا میں جھوٹے انقلاب کی رام لیلا کو سائیڈ پر رکھ کر بے روزگاروں کے سر پر دست شفقت رکھیں اور کم آمدنی والے افراد کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔ (7)۔ اپنی ایکسپورٹڈ معاشی ٹیم جس میں حفیظ شیخ، رضا باقر، رزاق داؤد، ندیم بابراور ارباب شہزاد جیسے نیشنل سیکورٹی کے لیے چیلنج افراد ہیں ان کو ان کے دیس روانہ کریں اور حقیقی معنوں میں ملکی معاشی خدوخال کو سمجھنے والی منتخب شدہ ٹیم کو لگائیں اور کچھ سمجھ نہ آئے تو مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل ، خرم دستگیر، مصدق ملک، احسن اقبال جیسے کئی اور افراد سے رہنمائی لینے سے دریغ نہ کرے کیوں کہ بھلا پاکستان کا ہی ہوگا۔

فی الحال تو پی ٹی آئی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔البتہ اگلا ایک سال ضرور اہم ہے جس میں انہیں اپوزیشن کے دباؤ یا پارٹی ورکرز کیطرف سے پارٹی چھوڑنے کی دھمکیوں کا سامنے بھی کرنا پڑھ سکتا ہے مگر حکومت کو عدم اعتماد وغیرہ کا خطر ہ نہیں ہے۔ اگر حکومت سال میں اپنے سیٹ ٹارگٹس اور اپنے پارٹی منشور پر بنا کسی منفعت کے کام شروع کردیتی ہے تو پھر عمران خان کو 23ء کا الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا نہیں تو مورخ واپسی کا راستہ دکھانے کے لیے تیار کھڑا ہے۔
 

Shahzad Saleem Abbasi
About the Author: Shahzad Saleem Abbasi Read More Articles by Shahzad Saleem Abbasi: 156 Articles with 112607 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.