کولیجن اورمرغ کے پنجے

مرغی کے پنجے بے کار نہیں اور اگر دیسی مرغی کے مل جائیں تو سونے پر سہاگہ
کیا آپ مرغی کے پنجوں کا سالن کھانے سے کراہت محسوس کرتے ہیں؟ یہ مضمون پڑھ کر آپ بھی اس کی افادیت کے قائل ہو جائیں گے۔
ہم میں سے اکثر لوگ مرغی کے پنجوں سے کراہت محسوس کرتے ہیں اور ان کو ایک بے کار چیز سمجھتے ہیں۔ اگر آپ کو پتہ چل جائے کہ مرغی کے پنجوں میں موجود کولیجن کیسی کرشمہ صفت غذا ہے جس کے بنے کیپسول اور گولیاں آج کل انتہائی مہنگے داموں ملتے ہیں۔ کولیجن ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے، جوڑوں کے درمیان موجود نرم ہڈی یعنی Cartilage کی مرمت و نشونما کرتا ہے۔

کولاجن وہ مرکب ہے جو ہم کو جوان رکھتا ہے۔ یہ جھریاں ختم کرتا ہے۔ جلد کو تروتازہ اور تنا ہوا رکھتا ہے۔ اپنے بہترین ذائقے اور غذائیت سے مالا مال ہونے کے سبب مرغی کے پنجوں سے تیار ہونے والی ڈشیں کافی مہنگی ہوا کرتی ہیں۔ اگر ہم انہیں ناپسند کرتے ہیں تو یہ ہماری نادانی ہے۔ مرغی کے پنجے مندرجہ ذیل غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں۔

1۔ پروٹین proteins
2۔ کولیجن collagen
‎ (جسم میں کیلشیم کو حل کرنے میں معاون مادہ کولیجن)
3۔ زنک zinc
4۔ کاپر copper
5۔ میگنیشیم magnesium
6۔ کیلشیم calcium
7۔ فاسفورس phosphorus
8۔ وٹامنز vitamins

[مرغی کے پنجوں کے فوائد]

1۔ کولاجن ہڈیوں میں جذب ہو کر ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے
2۔ ہڈیوں میں موجود گودا cartilage تعمیر کرتا ہے۔
3۔ ہڈیوں کے سانچے کو مضبوط بناتا ہے اور نظام میں بہتری لاتا ہے۔
4۔ ہڈیوں کے سکڑ جانے پر اس کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے.
5۔ جوڑوں کے درد اور عرق النساء کے لیے بہترین۔ خصوصا کمر درد، عمر رسیدہ حضرات اور زچہ کے لیے۔
6۔ کیلشیم کی مدد سے دانتوں کو مضبوط کرتا ہے اور مسوڑھوں کے امراض سے بچاتا ہے۔
7۔ جسم کے ٹشوز کو تعمیر کرتا ہے۔
8۔ جلد کو صحت مند اور شاداب بناتا ہے۔ نرم اور جوان رکھتا ہے۔ جلد کی لچک برقرار رکھتا ہے۔
9۔ مدافعتی نظام کو مستحکم اور مضبوط کرتا ہے۔
10۔ وٹامنز کے فقدان کو پورا کرتا ہے۔
11۔ بصارت کو تیز کرتا ہے اور آنکھوں کے صحت مندی اور سکون کا سبب بنتا ہے۔
12۔ جسمانی کمزوری اور لاغر پن دور کرتا ہے۔
13۔ زخم جلد بھرنے کے لیے خواہ وہ اندرونی ہوں یا بیرونی۔
14۔ وزن کم کرنے اور نشونما کے عمل کو تیز کرنے کے لئے۔
15۔ ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔ قبض اور پیٹ کے جمیع امراض کے لئے بہترین
16۔ سردی کا بہترین علاج ہے۔ بلغمی کھانسی، بخار، اور بلغم سے ہونے والی دیگر تمام بیماریاں یا ٹھنڈ لگ جانے کے اثرات کو زائل کر دیتا ہے
17۔ خون کے سفید خلیے پیدا کرتا ہے

[مرغی کے پنجوں کا استعمال]

‎زیادہ تر اس کا استعمال دوا سازی میں کیا جاتا ہے۔ یہ عموما بازاری اور پیکٹ کے کھانوں میں لذت بڑھانے کے لیے بطور ایک خفیہ جزء ترکیبی استعمال ہوتا ہے۔ نوڈلز، چکن اسٹاک اور اسنیکس کے لئے بنائے جانے والے چکن فلیورز میں اس کو استعمال کیا جاتا ہے۔

‎[مرغی کے پنجوں کا سوپ]

مرغی کے پنجوں کی غذائیت اور افادیت سے مستفید ہونے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کا سوپ بنا کر استعمال کیا جائے۔
‎اپنی من پسند یخنی، چائنیز سوپ یا کسی بھی سبزی کے سوپ کے ساتھ اسے شامل کر کے بنایا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر سبزیوں کے سوپ میں پنجوں کی یخنی شامل کرنے سے اس میں چکن کا فلیور آئے گا بلکہ لذت کے ساتھ ساتھ غذائیت میں بھی انتہائی اضافہ ہو گا۔

[مرغی کے پنجوں کی صفائی]

عام طور پر مرغی فروش ہی پنجے چھیل کر صاف کر کے دیتے ہیں۔ مرغی کے پنجے صاف کرنے کے لیے ناخن چھری سے کاٹ دیجئے جبکہ پنجے کے نیچے موجود کالے نشانات کو چھری سے کاٹ کر صاف کر دیجئے۔ گرم پانی میں 5 منٹ ابال کر نتھار لیجئے اور پھر دھو کر استعمال کر لیجئے۔ بعض لوگ انہیں استعمال سے قبل جلا کر بھی صاف کرتے ہیں۔ آپ جہاں سے مرغی کا گوشت لیتے ہیں، اس دکان دار سے بھی پنجے صاف کروا سکتے ہیں۔ وہ اس کام میں ماہر ہوتے ہیں۔

[سوپ بنانے کا طریقہ]

اجزا: ایک کلو مرغی کے پنجے۔ ہلدی موٹی موٹی کوٹی ہوئی 50 گرام، پیاز درمیانی ایک عدد، لہسن کی کلیاں دس سے پندرہ عدد، ادرک چار انچ لمبا اور دو انچ چوڑا ٹکڑا کچلا ہوا، اجوائن ایک چائے کا چمچہ، کالی مرچ ثابت 15 دانے۔اور نمک حسب ذائقہ۔ اب سب سے پہلے مرغی کے پنجوں کو اچھی طرح صاف کر کے دھو کر کافی پانی تقریبا" دو ڈھائی لٹر میں ڈال کر اس میں تمام مصالحے اور پیاز کاٹ کر ڈال دیں۔ درمیانی آنچ پر ڈھک کر ابالنے کے لئے رکھ دیں۔ جب پنجوں کو جوش خوب اچھی طرح نکل آئے اور پانی ایک لٹر کے قریب رہ جائے تو چولہا بند کر کے دو گھنٹے کے لئے چھوڑ دیجئے تا کہ پنجوں کے اجزا یخنی میں خوب اچھی طرح جذب ہو کر گھل مل جائیں۔ دو گھنٹے بعد اس یخنی کو چھان لیجئے۔ اب اس پر پسا ہوا گرم مصالحہ چھڑک کر گرما گرم نوش جاں کیجئے۔ اگر سبزی کے ساتھ سوپ بنا رہے ہیں تو سوپ پکنے کے آخری 20 منٹ میں سبزی ڈالیے۔ سبزی کو مکمل گھنٹے کے لیے نہ پکائیے۔ اگر کوئی اناج سوپ میں شامل ہے جیسے مکئ، جو، مونگ پھلی، بادام، اخروٹ، یا دیگر پھلیاں وغیرہ تو انہیں ابتداء میں ہی ساتھ ڈالا جا سکتا ہے۔ یہ سوپ نزلہ، زکام، کھانسی، سینے پر بلغم، جوڑوں کے درد، پٹھوں کی کمزوری اور سردی سے بچائو کے لئے انتہائی مفید ہے۔ سرد علاقے کے لوگوں کے لئے نعمت ہے۔ پنجے اگر دیسی مرغی کے ہوں تو فوائد کئی گنا بڑھ جائیں گے

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Syed Mujtaba Daoodi
About the Author: Syed Mujtaba Daoodi Read More Articles by Syed Mujtaba Daoodi: 45 Articles with 63483 views "I write to discover what I know.".. View More