پریم چند: اردو افسانہ کے امام

 پریم چند اردو افسا نوی ادب کا ایک ایسا نام ہے،جو آج بھی افسانوی سفر کے ہر مسافر کو روشنی دکھا رہا ہے ۔ کسی نے یہ بھی کہا ہے کہ پریم چند افسانوی ادب کاایک ایسا دیو ہے، جسے لاکھ چاہنے کے باوجود ، اپنے کاندھے سے اتارنے میں اب تک کوئی کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔ پریم چند کا اصل نام دھنپت رائے ہے ، ان کے والد کا نام منشی عجائب لال ہے ۔ پریم چند کی پیدائش۳۱ ؍ جولائی ۱۸۸۰ء کو بھارت کی ریاست اتر پردیش کے لمہی،(بنا رس) گاؤں میں ہوئی تھی ۔ اب تک کی تحقیق کے مطابق ان کے جو افسانوی مجموئے شائع ہوئے ہیں، ان کی فہرست کچھ اس طرح ہے۔ (۱)سوزِ وطن،،۱۹۰۸ء(۵کہانیاں)(۲)پریم پچیسی(جلد اول)۱۹۱۴ء(۱۲ کہانیاں)(۳)پریم پچیسی(جلد دوئم)۱۹۱۸ء (۱۳ کہانیاں)(۴)پریم بتیسی (جلداول)۱۹۲۰ء (۱۶ کہانیاں)(۵)پریم بتیسی (جلد دوئم)۱۹۲۰ء (۱۶ کہانیاں)(۶)خاک پروانہ،۱۹۲۸ء(۱۶ کہانیاں)(۷)خواب و خیال،۱۹۲۸ء(۱۴ کہانیاں)(۸)فردوس خیال،۱۹۲۹ء(۱۲ کہانیاں)(۹)پریم چالیسی (جلد اول)۱۹۳۰ء(۲۰ کہانیاں)(۱۰)پریم چالیسی (جلد دوئم) ۱۹۳۰ء (۲۰کہانیاں)(۱۱)آخری تحفہ،۱۹۳۴ء(۱۳کہانیاں)(۱۲)زاد راہ،۱۹۳۶ء(۱۵کہانیاں)(۱۳)دودھ کی قیمت،۱۹۳۷ء (۹ کہانیاں)(۱۴)واردات،۱۹۳۷ء(۱۳ کہانیاں)۔
پریم چند کے تعلق سے کئی متنازعہ باتیں سامنے آئی ہیں ۔ ان باتوں کے باوجود ان کی فنکارانہ عظمت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈاکٹر قمر رئیس ، ڈاکٹر اصغر علی انجینئر، ڈاکٹر شیلیش زیدی ، ابو محمد شبلی، بدر اورنگ آبادی اور مانک ٹالہ وغیرہ کے مباحث پریم چند کی بعض شخصی خامیوں کی جانب اشارہ ضرور کرتے ہیں ۔ پریم چند کا آریہ سماج سے تعلق یا پھر مہاتما گاندھی کے عدم تشدد سے انکار ، انہیں متنازعہ ضرور بناتا ہے ،لیکن اس حد تک بھی نہیں ، جس کی طرف گوپی چند نارنگ نے اشارہ کیا ہے اور لکھا ہے :
’’ پریم چند کی ذات ، شخصیت اور فن کے افہام و تفہیم ، طر ح طرح کے سیاسی ، نیم سیاسی ، مذہبی، سماجی اور لسانی تعصبات کا شکار ہیں اور ان تعصبات کو بجائے کم کرنے کے روز بروز اور بھڑکایا جاتا ہے۔‘‘
(پریم چندکچھ نئے مباحث، صفحہ ۴۷)
گوپی چند نارنگ کے اس خیال کو پوری شدت سے ردّ کرتے ہوئے اور ان مباحث سے الگ ہٹ کر پریم چند کی افسانہ نگاری کا تنقیدی جائزہ ہی میرا موضوع ہے ۔ اس اعتراف کے ساتھ کہ پریم چند بھی ایک عام آدمی تھے ،فرشتہ نہیں ،غلطیاں ان سے بھی سرزد ہوئی ہیں ، لیکن ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ بحیثیت فن کار کس قامت کے تھے۔
پریم چندکو اردو افسانے کا امام تسلیم کیا جائے تو غلط نہ ہوگا ، انھوں نے مختصر اردو افسانے کو ہندوستان کی سماجی زندگی سے ہم آہنگ کیا اور ایسی فنّی بالیدگی بخشی کہ مغرب کی نقل ہونے کی بجائے ہندوستان کی تہذیبی وحدت کا ایک حصّہ معلوم ہونے لگا ۔سماجی شعور و فکرکی بالیدگی اور تنقید حیات کا وہ احساس جو افسانوں میں ،نمایاں نہیں ہو پایا تھا ، پریم چند کی تخلیقات میں پورے نکھار کے ساتھ جلوہ گر ہوا اور ان کے افسانے جو کہ ’’سوزِ وطن‘، فردوسِ خیال‘ پریم پچیسی‘ پریم بتیسی‘ پریم چالیسی‘ آخری تحفہ‘ خاک پروانہ‘ زادِ راہ‘ واردات‘ خواب و خیال ‘اور’ دودھ کی قیمت‘‘ جیسے اہم افسانوی مجموعوں کی شکل میں موجود ہیں ، یہ ثابت کردیا کہ یہ افسانے مٹھی بھر خوشحال افراد کا دل بہلانے کا سامان نہیں بلکہ لاکھوں کروڑوں انسانوں کی بگڑی ہوئی تقدیر کو بہتر بنانے کے لئے روشن مینارہ ہیں۔
پریم چند نے اپنے افسانوں میں نہ صرف دیہاتی کردار کے سطحی حالات کا مطالعہ و مشاہدہ پیش کیا ،بلکہ ان کی نفسیات ،ان کے جذبات اور تحت الشعور کی باتوں کو بھی صداقت کے ساتھ سامنے لایااور یہی پریم چند کا فنّی کمال ہے۔ اسی غیر معمولی فنّی کمال نے پریم چند کو مختصر افسانہ نویسی کا رواج دہندہ بنادیا۔ فنّی آگہی کے علاوہ ، پریم چند کی ایک دوسری خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے افسانہ نگاری میں انسانی قدروں کی اہمیت کو دیتے ہوئے نئی روایتوں کی بنیاد ڈالی جو دوسرے افسانہ نگاروں کے لئے مشعلِ راہ بنیں۔
پریم چند کے یہاں ادب کا مقصد انسانی معاشرت کے معائب دور کرنا ہے، جس کا اظہار خود انہوں نے لکھنؤ میں منعقدہ ترقی پسند مصنفین کی پہلی تاریخی کانفرنس میں اپنے صدارتی خطبے میں ان الفاظ میں کیا تھا:
’’ جس ادب سے ہمارا صحیح ذوق پیدا نہ ہو ، روحانی اور ذہنی تسکین نہ ملے ، ہم میں قوت اور حرکت نہ پیدا ہو، ہمارا جذبۂ حسن نہ جاگے ، جو ہم میں سچا ارادہ اور مشکلات پر فتح پانے کے لئے سچّا استقلال پیدا نہ کرے ، وہ آج ہمارے لئے بیکار ہے ۔ اس پر ادب کا اطلاق نہیں ہو سکتا ۔ ادب آرٹسٹ کے روحانی توازن کی ظاہری صورت ہے اور ہم آہنگی حسن کی تخلیق کرتی ہے ، تخریب نہیں ، وہ ہم میں وفا، خلوص اور ہمدردی ، انصاف اور مساوات کے جذبات کی پرورش کرتی ہے،جہاں یہ جذبات ہیں ،وہیں استحکام ہے، زندگی ہے ۔جہاں ان کا فقدان ہے وہاں اتزاق اور خود پروری ہے ۔نفرت اور دشمنی اور موت ہے۔ادب ہماری زندگی کو فطری اور آزاد بناتا ہے، اس کی بدولت نفس کی تہذیب ہوتی ہے ،یہ اس کا مقصد اوّلین ہے۔‘‘
یہی وجہ ہے کہ لازمی طور پر ان کے افسانوں میں سماجی اور معاشرتی واقفیت پائی جاتی ہے ۔ وہ غریب طبقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔اکثر افسانوں میں وہ دیہاتوں کے دکھ درد ،رنج و راحت ، رسم و رواج ، تقریب و تہوار کوپیش کرتے ہوئے ایک سچی تصویر سامنے لاتے ہیں ۔ اتر پردیش، بہار مارواڑ اور پنجاب کے گاؤں کے توہم پرست ،جاہل مرد عورت،مغرور چودھری، کنجوس بنئے، جابر زمیندار، رشوت خور نمبر دار ، مقدمہ بازیاں ، قرقیاں، نیلام، بھوک، مار دھاڑ، بیماری، موت، عصمت فروشیاں ، جہیز کی لعنت، بیوہ عورتوں پر ڈھائے گئے مظالم اور اسی قسم کی بے شمار سماجی بدعتوں کو افسانوی روپ کے ساتھ ساتھ طرح طرح کے کردار کے ذریعہ گاؤں کے مختلف حالات بیان کرتے ہیں ۔ چونکہ پریم چند دیہات میں پیدا ہوئے اس لئے دیہات کے رنگ روپ کو بہتر طور سے سمجھا اور لوگوں کے سامنے نئے نئے عنوان سے پیش کیا ۔ مثال کے طور پر’’ پنچایت ‘‘’’بیٹی کا دھن‘‘ ’’بانکا زمیندار‘‘ ’’ دو بیل‘‘ ’’پچھتاوا‘‘ ’’ایمان کا فیصلہ‘‘’’کفن‘‘ ’’ ٹھاکر کا کنواں‘‘اور اسی قسم کے دوسرے افسانے پیش کئے جا سکتے ہیں۔
افسانہ ’’پنچایت‘‘ میں پریم چند نے گاؤں کے پنچایت کی اہمیت کو بتایا ہے اور یہ دکھانے کی سعی کی ہے کہ خواہ مجرم قریبی دوست ہی کیوں نہ ہو انصاف کی اونچی مسند پر بیٹھ کر نہ کوئی دوست، دوست رہتا ہے اور نہ کوئی دشمن، دشمن۔سبھی یکساں نظر آتے ہیں اور چونکہ پنچ کا فیصلہ’’حکم خدا‘‘ ہوتا ہے اور خدا کے حکم میں کسی کی نیّت کو مطلق کوئی دخل نہیں ہوتا اس لئے حق اور راستی سے ذرا بھی ٹلنا دین و دنیا دونوں ہی سے روسیاہ بنا دیتا ہے ۔ اس سلسلے میں افسانہ ’’پنچایت‘‘ کا یہ ایک اقتباس ملاحظہ فرمائیں:
’’ گھنٹہ بھر بعد جمن شیخ الگو چودھری کے پاس آئے اور ان کے گلے سے لپٹ کر بولے ’’بھیا جب سے تم نے میری پنچایت کی ہے میں دل سے تمہارا جانی دشمن تھا مگر آج مجھے معلوم ہوا کہ پنچایت کی مسند پر بیٹھ کر نہ کوئی کسی کا دوست ہوتا ہے نہ دشمن، انصاف کے سوا اور اسے کچھ نہیں سوجھتا اور یہ بھی خدا کی شان ہے ۔ آج مجھے یقین آگیا کہ پنچ اﷲ کا حکم ہے۔‘‘
ایک دوسرے افسانہ ’’ایمان کا فیصلہ‘‘ میں ٹھیک اسی طرح کا واقعہ منشی ست نرائن لال کا ہے جو اپنے مالک کا ایک گاؤں بے ایمانی کرکے اپنے قبضے میں کرلیتا ہے لیکن جب حقیقتاً ایمان اور عزّت کا سوال آجاتا ہے تو اس سے جھوٹ نہیں بولا جاتا اور اپنی بے ایمانی کا اعتراف کرکے اپنی ایمانداری کا ثبوت دیتا ہے۔ ایک اقتباس دیکھئے:
’’ تب بھان کنور نے ست نرائن لال کی طرف دیکھ کر کہا ’’لالہ جی سرکار نے تمہاری ڈگری تو کر ہی دی ، گاؤں تمہیں مبارک ہو ۔مگر ایمان آدمی کا سب کچھ ہے۔’’ایمان سے کہہ دو کس کا ہے؟‘‘
یہ سوال سن کر ہزاروں آدمی منشی جی کی طرف حیرت آمیز استفسار کی نگاہوں سے تاکنے لگے ۔منشی جی دریائے فکر میں ڈوبے دل میں نفس اور ایمان کے درمیان داؤں پیچ ہونے لگے۔ ہزاروں آدمیوں کی آنکھیں ان کی طرف جمی ہوئی تھیں۔ اصل واقعہ کسی سے پوشیدہ نہیں تھا۔ اتنے آدمیوں کے روبرو جھوٹی بات زبان سے نہ نکل سکی ۔غیرت نے زبان بند کردی ۔’’میرا کہہ دینے میں کام بنتا ہے ، کوئی امر نہ تھا، لیکن بد ترین گناہ کی جو سزا دنیا دے سکتی ہے ،اس کے ملنے کا پورا خوف تھا ۔’’آپ کا‘‘ کہہ دینے میں کام بگڑتا تھا ۔ جیتی جتائی بازی ہاتھ سے جاتی تھی ۔لیکن بہترین فعل کے لئے دنیا جو انعام دے سکتی ہے ،اس کے ملنے کی امید تھی ۔ اس امید نے خوف کو دبا لیا ۔ انہیں ایسا معلوم ہوا گویا ایشور نے انہیں سرخرو بننے کا یہ آخری موقعہ دیا ہے ۔ میں اب بھی اپنے ایمان کو بچا سکتا ہوں ۔ اب بھی دنیا کی نگاہوں میں عزت پا سکتا ہوں ۔ انہوں نے آگے بڑھ کر بھان کنور کو سلام کیا اور کانپتی ہوئی آواز میں بولے’’آپ کا۔‘‘
فتح حق کا ایک نعرہ بلند کمرہ میں گونجتا ہوا عالم بالا تک جا پہنچا جج نے کھڑے ہو کر کہا ’’ یہ قانون کا فیصلہ نہیں ، ایمان کا فیصلہ ہے۔‘‘
پریم چند کا دل انسانی زندگی سے معمور تھا ۔ وہ برے سے برے انسان سے بھی نفرت نہیں کرتے بلکہ اس کی طرف ہمدردی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں ۔ وہ بخوبی سمجھتے ہیں کہ انسان بنیادی طور پرنہ دیوتا ہوتا ہے ،نہ شیطان، سماجی تقاضے اور حالات ہی اسے اچھا یا برا بنا دیتے ہیں۔
ان کے افسانہ ’’بیٹی کا دھن‘‘ کا جھکڑ شاہ لاکھ برا سہی مگر دراصل اتنا برا نہیں ۔ وہ اپنی شعلہ ساماں آنکھوں کے پیچھے ایک خوبصورت دل رکھتا ہے جو سخت سہی لیکن بے حس نہیں ۔ چودھری اس کا مقروض تھا اور اس کی بیٹی کا دھن ، زیور قرق ہوچکے تھے۔
’’چودھری جھکڑ شاہ نے اپنی گدی پر تسکین بخش انداز میں بیٹھتے ہوئے کہا ۔ وہی پرماتما جس نے اب تک ٹھیک نباہی ہے ، وہی تمہارا پرن بھی نباہے گا۔ لڑکی کے گہنے لڑکی کو دیدو․․․․․․․․․ لڑکی جیسی تمہاری ہے ویسی ہی میری ہے ، میں ڈگری کے روپئے دے دوں گا ، جب تمہارے ہاتھ روپئے آجائیں ،مجھے لوٹا دینا چودھری جھکڑ شاہ کو چاہے لوگ جتنا برا کہیں مگر میں اتنا برا نہیں ۔ہاں یہ ٹھیک ہے کہ میں روپیہ پانی کی طرح نہیں بہاتا۔‘‘
(بیٹی کا دھن)
پریم چندنے اپنے افسانہ ’’ٹھاکر کاکنواں ‘‘ میں قدرت کے انمول خزانہ پانی پرکس طرح بڑی ذات (زمینداروں)کے لوگوں نے پہر ے بٹھارکھے ہیں ۔ یہاں تک کہ چھوٹی ذات(غریب) کے لئے مخصوص کنواں میں کوئی جانور گرکرمر گیاہے ،جس کی وجہ کراس کنواں کا پانی سڑاندھ اور تعفن سے آلودہ ہو چکاہے اور بدبودے رہاہے ۔اس کے باوجودبھی گاؤں کی چھوٹی ذات کے بیمار شخص جوکھو کوبڑی ذات کے لئے مخصوص کنواں سے پانی لینے کی اجازت نہیں ۔بیمار جوکھوکی پیاس کی شدت اوراس کی بیوی گنگی کی تڑپ کوپریم چندنے اپنے اس افسانہ میں کس کرب اور فنکارانہ انداز میں پیش کیاہے ۔ اس کے لئے یہ ایک اقتباس ملاحظہ کریں ․․․․․
’’جوکھونے لوٹامنہ سے لگایاتوپانی میں سخت بدبوآئی ۔گنگی سے بولا․․․․․
یہ کیسا پانی ہے ؟ مارے باس کے پیانہیں جاتا ۔ گلاسوکھاجارہاہے اورتوسڑاہواپانی پلائے دیتی ہے‘‘۔
(افسانہ ’’ ٹھاکر کا کنواں‘‘ )
گھرمیں پانی ہے نہیں،جوکھوکی بیوی گنگی نے اس پانی کوپینے سے منع کیاکہ سڑاپانی پینے سے بیماری بڑھ جائے گی ۔وہ مضطرب نظرآتی ہے اوررات گئے بڑی خاموشی سے ہمت جٹاکرچپکے چپکے ٹھاکرکے کنواں کے قریب جاتی ہے ۔دھیرے دھیرے کنواں میں ڈول ڈالتی ہے ،آہستہ آہستہ ڈول کورسّی کے سہارے اوپر لاتی ہے ،پانی سے بھراڈول اب بس اس کے ہاتھ میں آیاہی چاہتاہے کہ ٹھاکرکاآدمی کچھ آواز سن کر ، گھر کے اندر سے باہر نکلتے ہوئے تیز آواز میں پوچھتاہے ، ’’کون ہے‘‘اورآواز سنتے ہی مارے خوف سے گنگی کے ہاتھ سے پانی سے بھرے ڈول کی رسّی چھوٹ جاتی ہے اورپانی سمیت ڈول کنواں میں ڈوب جاتاہے۔ گنگی کسی طرح بھاگتے ہوئے اوراپنی جان بچاکر گھرپہنچتی ہے تودیکھتی ہے کہ ……
’’جوکھو لوٹا منہ سے لگائے وہی میلاگندہ پانی پی رہاتھا۔‘‘
پانی کے لئے غیرمنصفانہ اورغیرانسانی سلوک کوپریم چندنے اس افسانہ میں جس طرح غیر معمولی فنّی کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے ، گاؤں کے ایک غریب اور بیمار شخص کا، صاف پانی کے لئے تڑپ اور بے بسی کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے، اسے پڑھ کر قاری بے اختیار تڑپ اٹھتاہے ۔
پریم چند، بنکم چٹرجی کی کردار نگاری ، سرت چندر کی جذباتیت ، ٹالسٹائی کی تکنک اور رتن ناتھ سرشار کی زبان سے بہت ہی متاثر تھے ۔ در حقیقت ان کا فن ان سب کا امتزاج ہے ۔ ان کے افسانے کسی اتھاہ جھیل کی طرح گہرے ، دیہاتی جھرنوں کی طرح مترنم اور خوبصورت ہیرے کی طرح ترشے ہوئے ہیں ،ان میں ایلورا کے مندر کی رعنائی ، تاج محل کی طرح مرمریں جھلکیاں، گنگا کی پاکیزگی ، شہد کی مٹھاس اور بہت بڑے سماجی انقلاب کے آہنی قدموں کی چاپ پوشیدہ ہے ۔افسانے کی تکنک پریم چند کے ہاتھوں میں گیلی مٹی کی طرح ہے، وہ جس طرح چاہیں ،حسین مورتیاں بنا سکتے ہیں ان کے ہاتھوں کے بنے ہوئے سودیشی کوزے اپنی نفاست کے اعتبار سے بدیش کی بلوری صراحیوں کو شرما دیتے ہیں ۔ چھوٹے چھوٹے حسین جملے ، اچھوتی تشبیہیں اور استعارے ، تیکھا طنز اور ہلکا مزاح پریم چند کے اسلوب کی خصوصیات ہیں۔
پریم چند کے افسانوں میں مزاح کا پہلو بھی نمایاں ہوتا ہے ۔ اگرچہ انہیں باقاعدہ مزاح نگاروں کی فہرست میں شمار نہیں کیا جاسکتا ۔ لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ پریم چند نے نہ صرف سنجیدہ اور خشک افسانے لکھے ہیں بلکہ وہ افلاس، سیاسی غلامی ، جہالت اور اسی طرح کے دوسرے سنجیدہ موضوعات کی پیشکش کے دوران نہایت شستہ مزاح سے قاری کے دل میں گدگدیاں پیدا کردیتے ہیں ۔ اس ضمن میں دو مثالیں ملاحظہ فرمائیں:
’’ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ لوگ جب سسرال جاتے ہیں تو نہ جانے خوب بن ٹھن کر جاتے ہیں ۔ نہ جانے
سسرال پر اپنا ٹھسا جمانے یا بیوی پر اپنی شان و شوکت جمانے ، بہر حال ، میں ان سب باتوں کو تضیع اوقات سمجھتا ہوں مگر جب سسرال سے بیوی کا پہلا خط آیا اور مجھے سسرال بلایا گیا تو نہ جانے کیوں میرے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ میں بھی خوب بن ٹھن کر جاؤں ۔کلائی پر سونے کی گھڑی ، تازہ دھلی ہوئی اچکن اور چاندی کی مٹھی والی چھڑی اور․․․․․․
(مانگے کی گھڑی)
․․․․․․ ’’برطانیہ کی تاریخ یاد رکھنا بھی جوئے شیر لانے سے کیا کم ہے ۔ کمبخت انگریز کو نام ہی نہیں ملتے جب دیکھو ایک ہی نام کے ساتھ اول ، دوئم، سوئم ،چہارم ، ہنری پنجم، ، ہنری ہفتم وغیرہ وغیرہ بیوقوف کہیں کے۔ اگر اس کار خیرمیں میرا تعاون حاصل کرتے تو وہ نام بتاتا کہ کبھی ایک سے دوسرا نہیں ملتا ۔مگر یہ لوگ اُف توبہ۔‘‘
(بڑے بھائی صاحب)
ایسے بہت سارے افسانے ہیں جن میں پریم چند نے مزاحیہ کیفیت پیدا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے ۔جیسے ’آخری فیصلہ ‘’مابہ تفریح‘’شطرنج کے کھلاڑی‘ وغیرہ وغیرہ۔
پریم چند کی یہ وہ فنکارانہ جہتیں ہیں، جن کے پیش نظر بعد کے بیشتر افسانہ نگاروں نے ان کی دکھائی ہوئی افسانوی ڈگر کو اپنایا ۔ان میں علی عباس حسینی، اعظم کریوی ، سدرشن، حامد اﷲ افسر، فضل حق قریشی ، شیدا کیوروی، اختر اورینوی، صادق الخیری اور سہیل عظیم آبادی وغیرہ کے نام خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ ان افسانہ نگاروں نے پریم چند کی ڈگر پر چل کر اپنے فکری و فنّی اظہار خیال سے افسانوی ادب میں قابلِ قدر اضافہ کیا ہے اور آج بھی اس امر سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے کہ ا ردو افسانوں میں آج بھی نت نئے تکنیکی اور فنّی تجربات کے باوجود پریم چند جیسا دیو اردو افسانہ نگاری پر حاوی ہے۔

٭٭٭٭٭ ٭٭


 

Syed Ahmad Quadri
About the Author: Syed Ahmad Quadri Read More Articles by Syed Ahmad Quadri: 146 Articles with 105914 views An Introduction of Syed Ahmad Quadri
by: ABDUL QADIR (Times of India)

Through sheer imagination,
.. View More