جذباتی قوم کے جذباتی افسر

image
 
میرے شہر کراچی میں ایک چھوٹا سا مسئلہ تھا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نامی ایک بندے کے خلاف پرچہ کٹوانا تھا، شاید گرفتار بھی کروانا تھا، کراچی کے حساب سے یہ ایک ایس ایچ او لیول کا کام تھا۔

اگرچہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر شریف خاندان کے رکن ہیں لیکن ان کا اتنا ہی سیاسی قد ہے جتنا ہمارے معاشرے میں گھر جوائیوں کا ہوتا ہے۔

مجھے یقین ہے کہ اگر کراچی صدر کا کوئی ایک عام سا ایس ایچ او آواری ہوٹل پہنچ کر کہتا کہ صفدر نکالو تو ہوٹل کے سکیورٹی گارڈ ہی انھیں کمرے سے نکال کر پیش کر دیتے۔ لیکن کچھ لوگوں کے جذبات قائد اعظم کے مزار پر انھیں نعرے لگاتے ہوئے دیکھ کر بھڑکے ہوئے تھے، انھوں نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ اور جذباتی لوگوں سے کیا۔

انھوں نے جذبات میں آ کر یہ فیصلہ کیا کہ سندھ کے غیر جذباتی آئی جی کو ابھی اٹھا کر لاؤ اور کہو کہ اتنی رات گزر گئی پرچہ کیوں نہیں کٹا۔ پرچہ کٹ گیا پھر کچھ غیر جذباتی افسروں نے جذباتی جونیئرز سے تفتیش کی اور رپورٹ بھی جاری کی کہ بس ذرا ہمارے بندے تھوڑے جذبات میں بہہ گئے تھے لیکن آپ یہ بھی تو دیکھیں کہ سندھ پولیس اتنی سست روی سے کام لے رہی تھی۔
 
 
image
 
اس پورے معاملے میں ڈراؤنی بات یہ ہے کہ جو کام کراچی کا ایک ایس ایچ او کر سکتا تھا اور ایسے کر سکتا تھا کہ اگلے دن کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے جسم پر کوئی نشان بھی نہ ہوتا، وہ کام ہمارے سپہ سالار جنرل قمر باجوہ کو کرنا پڑا اور پورے ایک مہینے تک ہمارے تجزیہ نگاروں اور ترجمانوں کو قلابازیاں لگانی پڑیں کہ یہ کام ہوا ہی نہیں، یہ تو ایک کامیڈی ہے، ہم نے تو کہا ہی نہیں کہ آپ ایسا کام کرو اور اب رپورٹ آ گئی تو پھر یہی کہا کہ ادارے نے تو اپنے جذباتی افسروں کی سرزنش کر لی لیکن وہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کسی نے کیوں نہیں پکڑا؟

تجزیہ آگے بڑھانے سے پہلے عرض کرنا چاہوں گا کہ ہمارے اداروں اور ان کے اہلکاروں کو کبھی کبھی سیاسی تجزیہ نگاروں کو چھوڑ کر نوجوان فنکاروں کی بات سننی چاہیے۔

ہمارے سب سے سینیئر صحافی کامران خان کے تجزیے ہمارا قومی سرمایہ ہیں لیکن اگر آپ ابھرتے ہوئے نوجوان علی آفتاب سعید کا گانا ’جذباتی‘ سنیں تو شاید قوم کی نفسیات سمجھنے میں زیادہ مدد ملے۔ وہ فرماتے ہیں بلکہ گاتے ہیں:

بن پوچھے سمجھاتی ہے

سب کا غم بٹاتی ہے

ایویں اکھ بھر آتی ہے

میری قوم بڑی جذباتی ہے

امریکہ سے یاری پہ

ملک کی خود مختاری پہ

اسلام کی پہراداری پہ

یہ اپنا شہر جلاتی ہے

ویر عقل سے ذاتی ہے

میری قوم بڑی جذباتی ہے

جے بھارت نے حملہ کیتا

فوج تے ایٹم بم چلیسی

اسرائیل دا نان نا رہ سی

سی آئی اے دی ایسی تیسی

اس طرح کی باتیں کر کے

اپنا دل بہلاتی ہے

سر کا ساڑ بجھاتی ہے

میری قوم بڑی جذباتی ہے

علی آفتاب کا گایا ہوا تجزیہ اس لیے زیادہ معقول لگتا ہے کہ انھوں نے کسی ایک ادارے کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ قوم کی بات کی ہے۔

کراچی والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور سوچیں کہ واہ کیا جذبات تھے جس میں آ کر وہ منزل نہیں رہنما ڈھونڈتے رہے۔ قوم کے غم میں رت جگے کاٹنے والے ہمارے جیسے ہی رات کے آخری پہر عبداللہ شاہ غازی کے مزار کی سیڑھیاں چڑھ کر پوچھنے پہنچ جاتے تھے کہ کراچی جل رہا ہے آپ یہاں پہاڑی پر آرام سے سو رہے ہیں۔

پھر جواب نہ آتا تھا تو سوچتے تھے کہ کیفے کلفٹن ابھی کھلنے والا ہو گا حلوہ پوری کھا کر قوم کا غم غلط کرتے ہیں۔

کراچی سے باہر سے آنے والے شاید نہ مانیں لیکن کراچی میں اگر بندہ دو سال کی پوسٹنگ پر بھی آئے تو تھوڑا زیادہ جذباتی ہو جاتا ہے۔ کراچی کو الطاف بھائی کے چنگل سے چھڑانے کے لیے پہلے فوجی آپریشن میں ایک کرنل صاحب کا انٹرویو کیا جو نئے نئے کراچی آئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ وہ بہت پریشان ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کا مسئلہ تو انھوں نے چٹکی بجا کر، کچھ لوگوں کو اٹھا کر، کچھ کو بٹھا کر حل کر لیا لیکن یہ بوٹ بیسن میں کیا ہو رہا ہے۔ میں نے کہا تکے کباب اور کیا، انھوں نے کہا وہاں پر ادھ ننگی لڑکیاں گھومتی ہیں، میرے جوان ڈیوٹی پر وہاں کھڑے ہیں، ساری رات ڈر لگتا ہے کہ کہیں غیرت میں آ کر مشین گن سے فائر ہی نہ کھول دیں۔
 
 
Partner Content: BBC Urdu
محمد حنیف
About the Author: محمد حنیف Read More Articles by محمد حنیف: 15 Articles with 28474 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.