بتائیں اس میں سے کونسے رنگ کا کیلا آپ کو کھانا پسند ہے؟ مختلف رنگوں کے کیلوں کی خاصیت جانیں

image
 
کیلا ایک ایسا پھل ہے، جو ہمارے یہاں ہر موسم میں با آسانی دستیاب ہوتا ہے۔ اسے ماہرین غذائیت 100 کیلوری اسنیک بھی کہتے ہیں، جسے با آسانی خریدا اور کھایا جاسکتا ہے۔ مارکیٹ میں مختلف رنگوں کے کیلے دستیاب ہیں، ان میں سے کس رنگ کا کیلا آپ کو پسند ہے؟ اس بارے میں ذہن میں سوچ لیں اور ان میں سے ایک کیلا منتخب کرلیں، پھر اس مضمون کو مکمل پڑھیں، آپ کو خود ہی اندازہ ہوجائے گا کہ آپ کے پسند کئے گئے کیلے میں کیا خاصیت ہے ۔
 
یہ بات حقیقت ہے کہ کیلا جیسے جیسے پکتا جاتا ہے، اس کا رنگ بھی تبدیل ہوتا جاتا ہے۔ تاہم، بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے کہ پکنے کے مختلف مراحل میں کیلے کی خاصیت بھی تبدیل ہوتی جاتی ہے۔ ایک مشہور ماہر غذائیت ڈاکٹر ریکھا اس حوالے سے مزید معلومات دے رہی ہیں، آئیے جانئے۔
 
ہرے کیلے:
جب کیلے ہرے رنگ میں ہوتے ہیں، تو ان میں وافر مقدار میں اسٹارچ موجود ہوتا ہے۔ یہ کیلے ایسے لوگوں کیلئے بہترین ثابت ہوتے ہیں، جو ڈائٹنگ کررہے ہیں۔ یہ کیلے چونکہ ابھی مکمل نہیں پکے ہوئے ہوتے، اس لئے یہ اتنے میٹھے یا ذائقے میں اتنے اچھے نہیں لگیں گے۔ لیکن ڈائٹنگ کرنے والے لوگ اس کیلے کا استعمال حسب پسند کرسکتے ہیں۔ ان کیلوں میں پروبائیوٹک بیکٹیریاز موجود ہوتے ہیں جو کہ ہاضمے کے نظام کو درست رکھنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ ایسی ڈشز/بنانا چپس، جن میں کیلے فرائی کر کے استعمال کئے جا رہے ہوں، انہیں تیار کرنے کیلئے بھی یہ ہرے کیلے بہترین ہوتے ہیں۔ تاہم ہرے کیلوں کو ایک ساتھ زیادہ مقدار میں استعمال نہیں کرنا چاہئے، کیونکہ اس سے لوگوں کو پیٹ پھولنے یا گیس ہوجانے کی شکایت ہوسکتی ہے۔
image
 
پیلے کیلے:
ایسے کیلے جو پیلے رنگ کے ہوں، سب سے بہترین تصور کئے جاتے ہیں۔ یہ میٹھے بھی ہوتے ہیں، ساتھ ہی یہ نرم بھی ہوتے ہیں۔ پیلے کیلے میں اسٹارچ تبدیل ہوکر شوگر بن جاتی ہے۔ اس لئے یہ ذائقے میں ہرے کیلوں کی نسبت بہت اچھے ہوتے ہیں۔ ان میں ہرے کیلوں کے مقابلے میں زیادہ اینٹی اوکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ تاہم ان کیلوں کو زیادہ کھانے سے خون میں شوگر کی مقداربڑھ جاتی ہے، اس لئے ذیابیطس کے شکار افراد کو اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔
image
 
دھبے والے کیلے:
ایسے کیلے جن میں براؤن رنگ کے دھبے موجود ہوں، یہ اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ کیلے میں موجود اسٹارچ مکمل طور پر شوگر میں تبدیل ہوچکی ہے۔ جتنے دھبے کیلے میں زیادہ ہوں گے، اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ان کیلوں کا شوگر لیول بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا۔ جن کیلوں میں خاکی دھبے ہوتے ہیں، ایسے کیلے مدافعتی نظام کیلئے بہترین مانے جاتے ہیں۔ ان میں اینٹی اوکسیڈنٹس بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس طرح کے کیلوں میں Tumor Necrosis Factor موجود ہوتا ہے، یہ فیکٹر ٹیومر اور کینسر خلیات کو ختم کرنے میں مددگار پایا گیا ہے۔
image
 
براؤن کیلے:
ایسے کیلے جن کا چھلکا براؤن ہوچکا ہو، انہیں ہم فوراً ڈسٹ بن میں پھینک دیتے ہیں۔ کیونکہ لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ یہ خراب ہوگئے ہیں، چونکہ دیکھنے میں یہ خراب ہی لگ رہے ہوتے ہیں، اس لئے لوگ انہیں پھینک بھی دیتے ہیں۔ جبکہ لوگوں کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ان کیلوں کو ماہر غذائیت ”پاور ہاؤس آف اینٹی اوکسیڈنٹس“ مانتے ہیں۔ اس طرح کے کیلوں میں شوگر کی زائد مقدار موجود ہوتی ہے، لہٰذا براؤن کیلوں کو ہرگز ذیابیطس کا شکار افراد استعمال نہ کریں۔ وہ لوگ جنہیں ان کیلوں کی رنگت پسند نہیں ہے، انہیں چاہئے کہ وہ ان کو پھینکنے کے بجائے اسے میش کرلیں اور بنانا بریڈ یا پین کیکس بنالیں۔
image

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: