اگر ہم پوری دنیا کی معاشی حالت کا جائزہ لیں تو یہ حیران
کن ہو گا کہ اس وقت دنیا میں ملکوں کا قرض [ادھار]ان کی پیداوار سے کئی گنا
زیادہ ہے۔یہ بات سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ آخر کوئی بھی ملک ادھار کیوں
لیتا ہے ؟اور اسکا آغاز کب اور کیوں ہوا ؟
ہوا کچھ یوں کہ تیرھویں صدی عیسوی میں مارکو پولو جب چین پہنچا تو وہاں وہ
چار چیزیں دیکھ کر بہت حیران ہوا،جلنے والا پتھر( کوئلہ)، نہ جلنے والے
کپڑے کا دسترخوان (ایسبسٹوس) ،کاغذی کرنسی اور شاہی ڈاک کا نظام۔ اس وقت
چنگیز خان کا پوتا قبلائی خان چین پر حکمران تھا ۔ مارکو پولو نے بینک کا
نظام سب سے پہلے وہاں سے سیکھا اور واپس اٹلی جا کر یورپ والوں کو سکھایا۔
اس وقت تک ادھار صرف انفردی حیثیت میں دیا جاتا تھا یا پھر کچھ پگوڈے کے
پیشوا یہ کام کرتے جو لوگوں کا مال جمع بھی کرتے اور انہیں ضرورت پڑنے پر
ادھار بھی دیتے۔ مگر پھر مرکزی بینک کا نظام شروع ہوا جو مارکو پولو چین سے
سیکھ کر آیا تھا اور کاغذی کرنسی کو بھی عروج حاصل ہوا۔
پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی بینک، پیرس کلب، بین الاقوامی مالیتی
فنڈ [آئی۔ایم۔ایف]،جی 20 اور ان جیسے کئی اتحاد قائم ہوئے جو اس وقت کے چند
خاندانوں کی ملکیت تھے جو امیر ترین تھے اور انہوں نے دنیا کو اپنے کنٹرول
میں لینے کے لیے جنگ کی بجائے اقتصادیات کا سہا را لیا اور اس کا پہلا
تجربہ 1953 ء میں کیا گیا جب شاہ ایران نے برطانوی پیٹرولیم کمپنی کو قومی
ملکیت میں لیا تو برطانوی ایم-16 اور امریکی سی ۔آئی۔اے نے محمد مصدق کی
جگہ ایرانی جنرل فضل اللہ زاہدی کو شاہ ایران بنا دیا۔اس تجربہ سے ان
خاندانوں کو تقویت پہنچی کہ ان کا فیصلہ بالکل ٹھیک تھا تو انہوں اپنے
معاشی کرائے کےقاتلوں میں اضافہ کرنا شروع کردیا۔یہ تو اب بھی کئی لوگوں کو
یاد ہوگا کہ 1970ء سے پہلے انگریز بہادر تیل جیسی قیمتی چیز بھی کوڑیوں کے
بھاو مسلم ممالک سے نکال کر لے جاتا رہا پھر جب ان ممالک کو سمجھ آئی کہ یہ
تو ایک قیمتی خزانہ ہے تو تیل کا بھاو بہت اوپر چلا گیا اور تیل پیدا کرنے
والے ممالک کی دولت میں اتنا اضافہ ہوا کہ خرچ کرنے کی سمجھ نہ آئی تو وہ
دولت پھر انہی یورپی ممالک کے بینکوں میں چلی گئی۔اب یورپ نے اس رقم کو کسی
کو سود پر دینا تھی مگر چونکہ اس دور میں تمام امیر ممالک کساد بازاری کا
شکار تھے اور وہاں سرمایہ کاری کے لیے کسی کا ملنا مشکل تھا تو انہوں نے
ترقی پذیر ممالک کو اپنا شکار بنایا۔بر طانیہ نے بریٹن اوڈز کا معاہدہ ختم
ہونے کے بعد بہت سی کرنسی چھاپیجس سے دولت کی بہتات ہو گئی۔ ترقی پذیر
ممالک میں مغربی مشیر اسی مشن پر تھے جو ان ممالک کو معیشت کو مضبوط کرنے
کے لیے اس بات پر آمادہ کرتے کہ بہت کم سود میں دولت کے انبار مل رہے ہیں
اس لیے لے لو تاکہ آپ کے ملک کی معیشت مضبوط ہو سکے۔ اور ان ممالک کے سیاست
دانوں نے وہ دولت لے کر اپنی معیشت ٹھیک کر لی اور ملک کو مقروض کر دیا۔ان
چند خاندانوں کے ان شکاریوں نے ترقی پذیر ممالک کو اس قرض کی دلدل میں ایسا
دھکیلا کہ وہ اب تک اس میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔اور جب ان میں سے کوئی ملک
قرض اور سود کی ادائیگی نہیں کر سکتا تو اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ
ان کی مدد کو آجا تا ہے کہ میں ان قرضوں کو ری سٹرکچر کرنے میں آپ کی مدد
کرونگا بدلے میں آپ اپنے ملک کے ذخائر تک ہمیں رسائی دو یا سستے داموں ہمیں
بیچو یااپنے ادارے ہمارے کنٹرول میں دو وغیرہ وغیرہ۔
ساتھ میں کڑی شرائط کہ اقتصادی استحکام کے لیے اپنی کرنسی کی قیمت کم کرو،
سرکاری اخراجات کم کرو، ملک میں قیمتوں پر کنٹرول ختم کرو مطلب مہنگائی کرو،
تنخواہوں میں تخفیف کرو، باہر کی سرمایہ کاری اور درآمدات کے لیے دروازے
کھولو، کارخانوں اور کھیتوں میں وہ چیزیں پیدا کرو جو برآمد کرسکتے ہو،
سرکاری صنعتوں اور کارخانوں کی نج کاری کرو اور اگر بڑے پیمانے پر بے
روزگاری پھیلے تو پروا نہ کرو، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کا بجٹ کم کرو
یعنی ملک کا بیڑہ غرق کرو اور بھکاری بن کر ان کے در پہ ہاتھ باندھے کھڑے
رہو۔
جیسے کوئی مذہب انسانوں کو کنٹرول کرتا ہے اسی طرح کرنسی انسانوں کے ساتھ
ساتھ حکومتوں کو بھی کنٹرول کرتی ہے۔ اسی بات کا ذکر خود انہیں کے ایک
اقتصادی کرائے کے قاتل جان برکنز نے اپنی کتاب میں کیا جو 2004 میں شائع
ہوئی۔جس میں وہ اپنے آپ سمیت ،دنیا کے تمام قرض دہندگان کوبھی معاشی کرائے
کے قاتل کا نام دیتا ہے اور یہ واضح کرتا ہے صرف چند خاندان ہیں جو ان کو
چلانے والے ہیں اور وہی دنیا کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بنجمن ڈی
اسرائیلی نے کہا تھا کہ:"یہ بڑی اچھی بات ہے کہ ملک کے عوام بینکاری اور
مالیاتی نظام کے بارے میں کچھ نہیں جانتے کیونکہ اگر وہ یہ سب کچھ جانتے تو
مجھے یقین ہے کہ کل صبح سے پہلے بغاوت ہو جاتی۔" اور 1927ء میں بینک آف
انگلینڈ کے گورنر جوسیہ سٹیمپ(جو انگلستان کا دوسرا امیر ترین فرد تھا) نے
کہا تھا کہ:"جدید بینکاری نظام بغیر کسی خرچ کے رقم (کرنسی) بناتا ہے۔ یہ
غالباً آج تک بنائی گئی سب سے بڑی شعبدہ بازی ہے۔ بینک مالکان پوری دنیا کے
مالک ہیں۔ اگر یہ دنیا ان سے چھن بھی جائے لیکن ان کے پاس کرنسی بنانے کا
اختیار باقی رہے تو وہ ایک جنبش قلم سے اتنی کرنسی بنا لیں گے کہ دوبارہ
دنیا خرید لیں۔.. اگر تم چاہتے ہو کہ بینک مالکان کی غلامی کرتے رہو اور
اپنی غلامی کی قیمت بھی ادا کرتے رہو تو بینک مالکان کو کرنسی بنانے دو اور
قرضے کنٹرول کرنے دو۔"
پاکستان بھی اسی 70ء کی دہائی میں پہلی مرتبہ ان کا شکار ہوا اور آج حالت
یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020کے
اختتام پر ملک کے ذمے قرض اور واجبات 44.8 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔ ایک
سال کے دوران قرضوں اور واجبات میں 3.3 ٹریلین روپے یا 7.9فی صد اضافہ ہوا۔
یہ قرض اور واجبات رواں مالی سال کے متوقع جی ڈی پی حجم 45.6 ٹریلین روپے
کے 98.3فیصد کے مساوی ہے اور ہمارے آئی ۔ایم۔ایف سے مذاکرات دوسری قسط کے
لیے جاری ہیں ۔
ان سودی قرضوں سے ہم خود ہی اپنے پاوں میں غلامی کی زنجیریں ڈالتے ہیں اور
پھر لمحہ بہ لمحہ ان کی پکڑ مضبوط ہوتی جاتی ہے۔ان کی بدولت نہ خود مختاری
برقرار رہتی ہے بلکہ سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔دنیا میں ایسی کوئی
مثال نہیں ملتی کہ کسی ملک نے قرض لے کر ترقی کر لی ہوبلکہ ان قرضوں سے ملک
کی حکومت اور عوام پھندوں میں ضرور پھنس کر رہ جاتے ہیں اس لیے اسلام قرض
کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ اس حقیقت سے کوئی اختلاف نہیں کہ زمین پر بسنے والے
انسانوں کو ایک دوسرے کی ضرورت پیش آسکتی ہے جس سے کوئی فرد یا قبیلہ کسی
دوسرے فرد یا قبیلے سے امداد لے سکتا ہے اسی طرح کوئی ملک کسی دوسرے ملک سے
بھی کوئی ایسی ضرورت پوری کرنے کے لیے امداد لے سکتا ہے جو اپنے وسائل سے
پوری نہ ہو سکتی ہو مگر اتنی کہ وقت پر اس کی ادائیگیہو سکے لیکن کفار سے
،وہ بھی ان کی شرائط پر بے تحاشہ قرض لینااپنے آپ کو گروی رکھنے کے مترادف
ہے۔
اگر حکمران واقعی ان قرضوں سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنی
ساکھ اور اعتماد کو قوم میں بحال کرنا بہت ضروری ہے، اسلامی طریقہ کار پر
قوم کو کفایت شعاری ، سادگی اور زہد و قناعت پر آمادہ کیا جائے، امیروں اور
حکمرانوں کو پہلے خود کو پر تعیش زندگی چھوڑ کر عام آدمی کی طرح زندگی
گزارنی ہوگی تاکہ عوام کا بھروسہ قائم ہو اور ساری قوم ایک ہو کر ان قرضوں
سے نجات کے لیے اپنہ حصہ ڈال سکے۔اور یہ اس وقت ہو گا جب عوام کو یقین ہو
کہ یہ انہی کے فلاح و بہبود کےلیے ہے لیکن جب تک بالائی طبقہ اپنی موجودہ
روش تبدیل نہیں کرتا، عوام سے کسی ایسے اقدام کی امید حماقت ہوگی۔
|