مقامِ نزول:
سورئہ نازعات مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ النّازعات،
۴/۳۴۹)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس سورت میں 2 رکوع، 46آیتیں ہیں ۔
’’نازعات ‘‘نام رکھنے کی وجہ تسمیہ :
اُن فرشتوں کونازعات کہتے ہیں جو انسانوں کی روحیں قبض کرتے ہیں اور چونکہ
اس سورت کی پہلی آیت میں ان فرشتوں کی قسم ارشاد فرمائی گئی اس مناسبت سے
اسے’’سورۂ نازعات‘‘ کہتے ہیں
قارئین:کلام مجید کی سورۃ نازعات میں میرے کریم رب نے کیا کیا بیان
فرمایا۔آئیے وہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں ۔اللہ پاک ہمیں اخلاص کی نعمت سے
بہرہ مند فرمائے
ہم ترجمہ و تفسیرکا مطالعہ کریں تو ہمیں معلوم ہوتاہے کہ اس سورت کا مرکزی
مضمون یہ ہے کہ اس میں توحید، نبوت اور مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے
پر کلام کیا گیا ہے اور اس میں یہ مضامین بیان ہوئے ہیں ۔
(1)…اس سورت کی ابتداء میں مختلف خدمات پر مامور فرشتوں کی قسم ذکر کرکے
بتایاگیا کہ قیامت کے دن کافروں کو ضرور دوبارہ زندہ کیا جائے گا ۔
(2)…قیامت کے دن کی ہَولْناکی اور دہشت سے کفار کا جو حال ہو گا وہ بیان
کیا گیا۔
(3)…مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے کا انکار کرنے میں کفار کے اَقوال
بیان کئے گئے اور ان کفارکا رد کیا گیا۔
(4)…عبرت اور نصیحت کے لئے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور
فرعون کا واقعہ بیان کیا گیا کہ کس طرح اس نے
حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے معرکہ آرائی کی اورا س کا
انجام کیا ہوا۔
(5)…مُردوں کو دوبارہ زندہ کئے جانے کا انکار کرنے والوں سے خطاب فرمایا
گیا اور بعض محسوس دلائل بیان کر کے اس چیز پر اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت کو
ثابت کیا گیا ہے۔
(6)…یہ بتایا گیا کہ آخرت میں انسان کو اعمال نامے دیکھ کر اپنے تمام
دُنْیَوی اچھے برے اعمال یاد آ جائیں گے اور جس نے سرکشی کی اور دنیا کی
زندگی کو آخرت پر ترجیح دی تو ا س کا ٹھکانہ جہنم ہے اور جو اپنے رب
عَزَّوَجَلَّ کے حضور کھڑے ہونے سے ڈرا اور ا س نے اپنے نفس کو خواہش کی
پیروی کرنے سے روکا تو اس کا ٹھکانہ جنت ہے۔
(7)…اس سورت کے آخر میں بتایاگیا کہ جو کافر قیامت قائم ہونے کے وقت کے
بارے میں پوچھ رہے ہیں انہیں وہ وقت بتانا نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی ذمہ داری نہیں بلکہ آپ صَلَّی
اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی ذمہ داری صرف اللّٰہ
تعالیٰ کے عذاب سے ڈرانا ہے اور کافر جب اس قیامت کودیکھیں گے تو اس کی
ہَولْناکی اور دہشت سے اپنی زندگانی کی مدت ہی بھول جائیں گے۔
اے پیارے اللہ!!تو ہمیں کلام مجید سے پورا پوراحصہ عطافرما۔ہماری خطاؤں سے
درگزر فرماکر ہمیں اپنے پاکباز بندوں میں شمار فرما۔
نوٹ:رکھ موڑ مندر گجرخان میں قائم ہونے والا ادارہ آپ کے تعاون کا منتظر
ہے ۔آج اپنے رب سے تجارت کرلیجئے ۔جس میں نقصان کا تو شائبہ بھی نہیں بلکہ
نفع ہی نفع ہے ۔
|