ڈراپ شپنگ کاروبار کو جانیے اور شروع کیجیے

یہ ایک ایسا بزنس ماڈل ہے جو بغیر سرمایہ یا بہت کم سرمایہ ( صرف پانچ ہزار تک ) سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس میں صرف چاہیے ہو گا آپ کا وقت، نیٹ ورکنگ اور ڈھیر ساری مثبت سوچیں تاکہ آپ ساتھ ساتھ کچھ منفرد سوچتے رہیں جو کہ اس ڈراپ شپنگ کاروبار کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

What is Dropshippig and how to start dropshipping in Pakistan

اگر آپ ایک بے روزگار نوجوان ہیں۔ کوئی نوکری ہے اور نہ ہی کوئی کاروبار کرنے کے لئے سرمایہ رکھتے ہیں تو میری آج کی یہ تحریر آپ ہی کے لیے ہے۔ یقین مانیں اگر بے روزگاری میں حوصلہ نہ ہارا جائے اور مایوس ہونے کی بجائے اپنی سوچوں کا مرکز حل ”تلاش“ کرنے میں لگا دیا جائے تو ایسا کوئی راستہ نظر آ ہی جاتا ہے جس میں اپنی موجودہ صلاحیت و وسائل کے مطابق روزگار کی شروعات ہو سکتی ہے۔

تو جناب اگر آپ کے پاس موبائل ہے اور ڈیٹا پیکج بھی ہے تو ذرا ڈراپ شپنگ کاروبار کے بارے میں جانیے، سیکھیے اور شروع کر دیجیے۔ میں بھی آپ کو آج اسی حوالے سے کچھ رہنمائی کرنا چاہوں گا ،

یہ ایک ایسا بزنس ماڈل ہے جو بغیر سرمایہ یا بہت کم سرمایہ ( صرف پانچ ہزار تک ) سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس میں صرف چاہیے ہو گا آپ کا وقت، نیٹ ورکنگ اور ڈھیر ساری مثبت سوچیں تاکہ آپ ساتھ ساتھ کچھ منفرد سوچتے رہیں جو کہ اس ڈراپ شپنگ کاروبار کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

تو چلیے اب آپ کو ایک ترتیب سے وہ اہم کام بتاتا ہوں جو آپ نے ڈراپ شپنگ کاروبار کے آغاز کے لیے کرنے ہیں۔

1۔ جیسا کہ میں اوپر بھی بتا چکا کہ پہلے خود سے اس بزنس ماڈل کے بارے جانیں۔ اس موضوعات پر یو ٹیوب پر موجود ویڈیوز کو لازمی دیکھیں۔

2۔ ڈراپ شپنگ کاروبار دراصل ای کامرس کا حصہ ہے جس میں ویب اسٹور ( آن لائن دکان ) بنا کر کام کیا جاتا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ اس دکان میں جو چیزیں آپ فروخت کے لئے پیش کرتے ہیں ان کا آپ کے پاس ہونا بالکل بھی ضروری نہیں ہے۔

3۔ سب سے پہلے صرف چند چیزوں سے آغاز کرنا ہے تو ابھی سے سوچ لیں کہ وہ کیا ہو سکتیں ہیں؟ گارمنٹس، موبائل، لیپ ٹاپ، جیولری، ہینڈ بیگز، گروسری آئٹم وغیرہ۔ مزید آسان الفاظ میں یہ کہ آپ نے کس چیز کی آن لائن دکان کھولنی ہے؟ میرا مشورہ ہے کہ ابتدا میں کسی بھی کیٹیگری کی صرف چند آئٹمز لیں۔

4۔ جو آئٹمز آپ نے سیل کرنے کا ارادہ کیا ہے اس کی ہول سیل مارکیٹ کا وزٹ کر کے قیمت کا اندازہ لیں۔ مختلف ہول سیلرز سے ملیں۔ آئیڈیا لگائیں کہ ڈیلیوری چارجز اور منافع رکھنے کے بعد اپنی منتخب کردہ آئٹمز کتنے میں سیل کریں گے۔ یہیں آپ نے یہ بھی چیک کرنا کا دوسرے لوگ انہی آئٹمز کو کتنے میں سیل کر رہے ہیں۔

5۔ اب آپ نے ہول سیلر سے یہ بات طے کرنی ہے کہ آپ کو اس سے فی الحال اپنی منتخب کردہ آئٹمز کی تصویریں اور ویڈیوز بنانی ہے۔ اور جب آرڈر آئے گا تو تب آپ ان سے وہ آئٹمز ہول سیل قیمت پر خرید لیں گے۔ اس بات کا دھیان رہے کہ وہ آئٹم جب ان کے اسٹاک کے ختم ہو تو آپ کو بھی پتہ چل جانا چاہیے۔

6۔ اب اگلے مرحلے میں اپنی دکان کی مناسبت سے فیس بک پیج یا ویب سائٹ بنائیں۔ بہتر ہو گا کہ ساتھ ہی واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹ بھی بنا لیں۔ شروع میں بہتر ہے صرف فیس بک پیج سے آغاز کریں مگر کچھ عرصہ تک ویب سائٹ بھی تیار کر لیں گے تو کسٹمرز کی آسانی و اعتماد بحال رکھنے کے بہت کام آئے گی۔

7۔ اگلے مرحلے میں اپنے آئٹمز کی تصاویر و ویڈیوز مختصر ڈیٹیل کے ساتھ اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کریں جس میں شامل ہے ؛ پروڈکٹ کی خصوصیات، فوائد، قیمت اور آرڈر دینے کا طریقہ وغیرہ۔ یاد رہے کہ اگر آپ نے تصویریں اور ویڈیوز موبائل سے بھی بنائیں ہے تو بھی پروفیشنل ہونی چاہیں۔ اس کا طریقہ کار بھی آپ یو ٹیوب سے سیکھ سکتے۔

8۔ اب آتا ہے مرحلہ سب سے اہم کام کا اور وہ ہے مارکیٹنگ کا۔ جس کے لیے آپ مختلف فیس بک گروپس جوائن کر سکتے ہیں۔ زیادہ بہتر ہو گا اگر آپ فیس بک ”پوسٹ بوسٹ“ کی آپشن کا استعمال کریں جس میں روزانہ معمولی رقم سے بہت سارے لوگوں تک اپنی پروڈکٹ کی فیس بک مارکیٹنگ کروا کر اچھا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس بارے بھی تفصیلی معلومات آپ کو یوٹیوب سے مل سکتی ہے۔

تو جناب ڈراپ شپنگ کاروبار کے حوالے سے چند بنیادی معلومات میں نے آپ کو بتا دی ہیں۔ اس میں کئی ایسی اہم باتیں رہ گئیں ہیں جن کا جاننا و سیکھنا اس کاروبار کے لئے مفید ہو گا۔ ان باتوں کو بھی جاننے کے لئے یوٹیوب پر ڈراپ شپنگ کے حوالے سے ویڈیوز دیکھیں۔ فی الحال میرا مقصد اس آن لائن بزنس ماڈل کی آگاہی دینا تھا تاکہ بے روزگاروں یا سائیڈ کاروبار کی خواہش رکھنے والے لوگوں کو فائدہ ہو سکے

Mian Jamshed
About the Author: Mian Jamshed Read More Articles by Mian Jamshed: 111 Articles with 168937 views میاں جمشید مارکیٹنگ کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی فیلڈ کے علاوہ مثبت طرزِ زندگی کے موضوعات پر بھی آگاہی و رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی Jamshad.. View More