عالمی ای کامرس مارکیٹ تعمیر

حالیہ برسوں میں چینی کمپنیوں اور ای کامرس پلیٹ فارمز نے اپنی عالمی توسیع میں تیز رفتاری دکھائی ہے۔ علی ایکسپریس، ٹک ٹاک شاپ اور ٹیمو جیسے سرحد پار پلیٹ فارمز پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کر چکے ہیں، جنہوں نے ای کامرس کے شوقین افراد کو کامیابی کے گُر سیکھنے چین آنے پر بھی آمادہ کیا ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی ایک اہم کاوش کے طور پر سلک روڈ ای کامرس، کثیرالجہتی اور دوطرفہ تجارتی تعاون کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔اس وقت چین، سلک روڈ ای کامرس کے ساتھی ممالک کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے میں مصروف عمل ہے، جہاں حکومتوں اور کاروباری اداروں کی ای کامرس صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے حسب ضرورت تربیتی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔

2020 میں شروع ہونے والا "سلک روڈ ای کامرس آن لائن لیکچرز" پروگرام تاحال 108 سرگرمیاں منعقد کر چکا ہے، جن میں 80 سے زائد ممالک کے شرکاء نے شرکت کی۔ یہ پروگرام وسطی و مشرقی یورپ، لاطینی امریکہ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان جیسے خطوں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ ان آن لائن اور آف لائن تربیتی سیشنز نے شرکت کرنے والے ممالک میں ای کامرس کے ماہرین کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس ضمن میں چین کے ووکیشنل کالج پیشہ ورانہ تعلیم اور کراس بارڈر ای کامرس میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ کالج سلک روڈ ای کامرس اور ہمسایہ ممالک میں چین کے گیٹ وے کی حیثیت سے اپنے کردار کو بروئے کار لا رہے ہیں۔تھائی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور، کمبوڈیا، لاؤس اور ویتنام کی یونیورسٹیوں اور کمپنیوں کے اشتراک سے کئی سمندر پار بزنس ہب پلیٹ فارم قائم کیے گئے ہیں۔ صنعتی اداروں کے ساتھ مل کر شرکاء کو "چائنیز پلس کراس بارڈر ای کامرس" کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ نیز لائیو اسٹریمنگ سرگرمیاں ، مصنوعی ذہانت سے چلنے والی مصنوعات کی منتقلی، اور سرحد پار صارفین کی خدمت جیسے شعبوں میں ہنر مند افراد کی تربیت کی گئی ہے، جس سے لاتعداد اداروں کو شاہراہ ریشم مارکیٹس میں توسیع میں مدد ملی ہے۔

چین کے ای کامرس شعبے نے جدت طرازی، نئے کاروباری ماڈلز اور مارکیٹ پیمانے کی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بین الاقوامی ای کامرس تعاون کو فعال طور پر فروغ دیا ہے۔اسی طرح چین عالمی ای کامرس تعاون کو فروغ دینے والا سازگار ماحول قائم کر رہا ہے۔ چینی حکومت نے بین الحکومتی ای کامرس میکانزم قائم کرنے، پالیسیوں اور ضابطوں کو ہم آہنگ کرنے، اور مقامی سطح کی شراکت داریوں سمیت دوطرفہ تعاون کو فروغ دے کر سلک روڈ ای کامرس تعاون کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔

کثیرالجہتی اور دوطرفہ تجارتی مذاکرات میں ای کامرس شقوں کو شامل کیا گیا ہے، جس سے دوطرفہ ای کامرس تعاون کے لیے سازگار ریگولیٹری ماحول پیدا ہوا ہے۔

اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ اب تک چین کے سلک روڈ ای کامرس شراکت دار ممالک کی تعداد 35 ہو چکی ہے۔ ملک نے متعدد تعاون برانڈز تیار کیے ہیں، 120 آن لائن اور آف لائن قومی پویلین قائم کیے ہیں، 19 ممالک میں 65 براہ راست خریداری کے اڈے تعمیر کیے ہیں، اور سلک روڈ ای کامرس آن لائن لیکچرز کے ذریعے 100 سے زائد ای کامرس تربیتی سیشنز منعقد کیے ہیں، جس سے عالمی ای کامرس تعاون میں قابل ذکر ترقی ہوئی ہے۔

2025 کے آغاز سے،چینی وزارت تجارت نے "ای کامرس دنیا کے لیے کیسے فائدہ مند ہے" کے موضوع پر ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں 18 خطے اور 8 بڑے پلیٹ فارم شامل ہیں۔ یہ مہم چار اہم شعبوں: پالیسی مواصلات، صنعتی انضمام، صلاحیت کی تعمیر اور مقامی شراکت داریوں پر مرکوز ہے۔

مہم نے 40 تعاون پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں، جس سے شراکت دار ممالک اپنی ضروریات کے مطابق موزوں ترین پراجیکٹس کا انتخاب کر سکتے ہیں، جس سے ای کامرس تعاون زیادہ موثر اور عملی بن گیا ہے۔

مستقبل میں، چین اعلیٰ معیار کی خصوصی مصنوعات کی درآمد کو وسعت دینے، صنعتی ڈیجیٹلائزیشن کی حمایت کرنے، ای کامرس سپلائی چین تعاون کو گہرا کرنے اور یہ یقینی بنانے کا ارادہ رکھتا ہے کہ مختلف سرگرمیاں ٹھوس نتائج پیدا کریں، تاکہ ایک ایسی عالمی ای کامرس مارکیٹ تعمیر کی جا سکے جو تمام شرکاء کے لیے فائدہ مند ہو۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1549 Articles with 825924 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More