یوم کشمیر5فروری۔ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی

یوم کشمیر5فروری۔ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی
٭
ڈاکٹررئیس احمد صمدانی
یوم یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد بھارتی قبضے میں مقبوضہ کشمیرکے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور انہیں یہ باور کرانا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول میں تنہا نہیں ہیں۔ پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے موقف کو دنیا کے سامنے، عالمی اداروں تک پہنچاتے رہیں گے۔یہ دن(5 فروری) کشمیر کے ساتھ تجدید کے دن کے طور پر منا یا جاتا ہے۔یوم یکجہتی کشمیر بھارتی ظلم و ستم کے
خلاف ہر سال5 فروری1990ء سے منایا جارہا ہے۔اسی سال کشمیر یوں نے جہاد کا علم تھام کر قابض بھارتی ا فواج سے ٹکرانے کا فیصلہ کیا۔
طویل عرصہ گزرجانے کے بعد بھی کشمیریوں کا جذبہ پہلے دن کی مانند تازہ اور پرُ عزم ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں سے استصواب رائے کا جو وعدہ کیا تھا،بھارت مسلسل اس سے منحرف اور بھاگ رہا ہے۔ سلامتی کونسل بھارت کو اس کے کیے ہوئے وعدہ پر عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آتی ہے۔بھارت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ سمجھتا ہے جب کہ پاکستان کا اصولی موقف یہ ہے کہ ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘۔پڑوسی ہونے کے باوجود دونوں ملکوں کے مابین کشمیر کا مسئلہ وجہ کشیدگی بنا ہوا ہے۔ بھارت نے ہٹ دھرمی اور وعدہ خلافی کی انتہا کردی ہے۔
رہی سہی کثر مودی سرکار نے پوری کردی ہے۔وہ تو پاکستان ہی کو تسلیم نہ کرنے کے در پے ہے۔ اس کی پاکستان دشمنی واضح ہیں۔ ۱۷۹۱ء میں وہ یہ
گھناؤنا کھیل بنگلہ دیش کی صورت میں کھیل چکا ہے۔ اب بھی بلوچستان میں مکروہ کردار ادا کررہا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔1947ء میں قائداعظم محمد علی جناح نے مسلم کانفرنس کی دعوت پر سرینگر کا دورہ کیا جہاں قائد کی دور اندیش نگاہوں نے سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور جغرافیائی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیر کو پاکستان کی ’شہ رگ‘ قرار دیا۔ مسلم کانفرنس نے بھی کشمیری مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 جولائی 1947ء کو سردار ابرہیم خان کے گھر سری نگر میں باقاعدہ طور پر قراردا د الحاقِ پاکستان منظور کی لیکن جب کشمیریوں کے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا تو مولانا فضل الہٰی وزیرآبادی کی قیادت میں 23 اگست 1947ء کو مسلم جدجہد کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ 15 ماہ کی مسلسل جدوجہد کے بعد موجودہ آزاد کشمیر آزاد ہوا۔ اگر قائد اعظم اپنے سیاسی تدبر کا اظہار اس وقت نہ
کرتے تو بھارت کی شاطر نگاہیں آزاد کشمیر کو بھی مقبوضہ کشمیر کی طرح اپنی گرفت میں لے لیتیں۔ قائداعظم کا تدبر ہی تھا کہ جس کے باعث کشمیر کو
آزادحیثیت ملی۔
حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ اپنے اس حق کے حصو ل کے لیے کشمیری طویل عرصے سے عملی جدوجہد کررہے ہیں۔ جس کے لیے سینکڑوں کشمیری اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ پاکستان ان کے اس جائز اور اصولی موقف پر ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی قیام پاکستان کے بعد سے شروع نہیں ہوئی بلکہ یہ جدوجہد 1931ء میں اس وقت شروع ہوچکی تھی جب پاکستان کا خواب دیکھنے والے مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال نے سب سے پہلے 14 اگست 1931ء کو لاہور میں یوم کشمیر منایا۔ حامد میر کی تحقیق کے مطابق’کشمیر کی تحریک آزادی1832ء میں پلندری اورنگ کے علاقے میں شروع ہوئی جہاں باغی مسلمانوں کی کھالیں اتار کر درختوں پر لٹکادی گئیں۔ 1931ء میں قرآن پاک کی توہین پر کشمیر میں دوبارہ تحریک شروع ہوئی، سری نگر جیل کے سامنے 22 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا اور علامہ اقبال نے 14 اگست 1931ء کو لاہور میں یوم کشمیر منا یا‘۔ کشمیر دراصل لارڈ ماؤنت بیٹن، جواہر لال نہرو اور شیخ عبداللہ کی سازش اور گٹھ جوڑ کے نتیجے میں بھارت کے قبضے میں چلا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل اختلاف کی وجہ یہی مسئلہ کشمیر ہی ہے۔ اس اہم مسئلہ پر دونوں جانب سے کشیدگی
کا عمل جاری رہتا ہے۔پاکستان کی اب تک بھارت سے تین باقاعدہ جنگیں ہوچکی ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر بڑی قوتیں بھی اس مسئلہ کو حل کرانے
میں سنجیدہ نظر نہیں آتیں۔ان تمام کی خاموشی ایک سوالیا نشان ہے۔
بھارت سمجھتا تھا کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں سے حقِ خود ارادیت کی خواہش اور لگن کو ختم کردے گا۔ اس نے ظلم و زیادتی کے
تما م حربے آزمائے، مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و زیادتی کی انتہا کردی لیکن آفرین ہے ان بہادر کشمیریوں پر کہ ان کے اندر سے جذبہ حریت کم نہ ہوا اور بھارت اب ظلم و جبر کے نئے نئے گُر استعمال کرنے کے منصوبے بنا رہا ہے اور انہیں عملی جامہ پہنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ اسے نہیں معلوم کہ مسلمان اپنی گردن کٹوا تو سکتا ہے لیکن ظلم و جبر کے آگے، کفر کے سامنے جھک نہیں سکتا۔انشاء اللہ بھارت کی ہر سازش، ہر حربہ، بڑے سے بڑا ظلم و بربریت کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حق خود ارادیت کوختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔حیرت کی بات یہ ہے کہ بھارت یکم جنوری 1949ء کو از خود مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں لے گیا۔ جب اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کی قرارداد منظور کی تو مسلسل اس سے رو
گردانی کررہا ہے۔
5 فروی کو مقبوضہ کشمیر میں بھی جہاں بھارت کی حکومت کا سکہ چلتا ہے، اس خطے میں بھی جسے آزاد کشمیر کہتے ہیں، پاکستان بھرمیں، دنیا کے ہر ہر ملک میں جہاں جہاں کشمیری اور پاکستانی آباد ہیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماعات، جلسے و جلوس، احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں،
کشمیریوں کے حق خود ارادیت تسلیم کروانے کے حق میں قراردادیں منظور کی جاتی ہے۔دنیا کو باور کرانے کی سعیئ کی جاتی ہے کہ بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپیئن کہتا ہے۔اس نے کشمیریوں کی آزادی کو سلب کیا ہوا ہے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کی ایک ’کشمیر کمیٹی‘ بھی ہے۔ جس کی ذمہ داریوں میں کشمیر کے معاملات کو مختلف فورم پر اٹھانا، کشمیر کی آزادی اور جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔ کمیٹی میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے 35 قومی اسمبلی کے اراکین اس کے ممبرہوتے ہیں۔ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے، بھارتی ظلم و زیادتی کے خلاف عالمی سطح پر آوا ز بلند کرنا ہے۔ قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹیاں ملک کے مختلف معاملات کے حل میں اہم کردار ادا کرنے کی ذمہ دار ہیں۔کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا نہ رکنے والا عمل انشاء اللہ اُس وقت تک جاری و ساری رہے گا جب تک کشمیری اپنا یہ جائز حق حاصل نہیں کر لیتے۔ پاکستان کے غیور اور کشمیر سے محبت کرنے والے عوام اور بہادر کشمیری اپنے اتحاد و اتفاق سے کشمیر دشمن قوت بھارت کو شکت دینے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر ایک ایسا عنصر ہے کہ جس کے نتیجے میں دونوں ممالک ہر وقت حالت جنگ میں رہتے ہیں، تین باقاعدہ جنگوں کے علاوہ چھوٹے معرکے الگ ہیں۔ اس کی وجہ سے دونوں ممالک اپنا دفاعی بجٹ زیادہ سے زیادہ کرنے کی تدابیر میں لگے رہتے ہیں۔یہی بجٹ عوام کی فلا ح و بہبود پر خرچ ہوتو خلق خدا کی بھلائی اور عوام خوش حال ہوجائیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ دونوں ممالک کے سربرہان کشمیر کے اس دیرینہ مسئلہ کو باہم مل کر حل کرلیں۔ کشمیر، کشمیریوں کا ہے۔کشمیر کے حوالے سے طویل کشیدہ تاریخ ہمیں کیا پیغام دے رہی ہے، ہم نے دشمنی سے کیا حاصل کیا۔ کشت و خون سے دونوں کو کیا ملا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو خون میں نہلا کر کیا حاصل کیا، کیا اس عمل سے بھارت کے عوام خوش حال ہوئے، بھارتی عوام نے اپنی حکومتوں کو شاباش دیتے ہوئے انہیں مسلسل اقتدار میں رکھا۔ نہیں،انڈین نیشنل نگریس کا انجام (INC)، بھارتیہ جنتہ پارٹی (BJP) کا انجام سب کے سامنے ہے۔
سچائی یہی ہے، حقیقت بھی کہ ’آؤ صلح کرلیں‘۔دیکھو ہندوستان ہندؤں کا ہے، پاکستان پاکستانیوں کا، بنگال بنگالیوں کا، افغانستان افغانیوں کا، ترکی ترکیوں کا، سعودی عرب سعودیوں کا، مصر مصریوں کا، جرمن جرمنیوں کا، فرانس فرانسیسیوں کا تو پھر ہم اور آپ کون ہوتے ہیں کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم کرنے والے۔بہتری اور سچائی اسی میں ہے کہ کشمیریوں کا ان کا حقِ خود ارادی خوشی سے دیدیا جائے۔ بہتری اسی میں ہے، انصاف اور سچائی کا یہی تقاضہ ہے۔ انسانیت اسی میں ہے،دنیا کا ہر مذہب، ہر عقیدہ، ہر فلسفہ یہی کہتا ہے کہ حق حقدار کو اس کا حق دے دینے میں ہی بھلائی ہے، کسی کا حق غضب کرنے سے بے شمار قسم کی خرابیاں ہی پیدا ہوتی ہیں، امن و سکون خراب ہوتا ہے، خونِ نہ حق بہتا ہے جو کسی طور بھی اچھا نہیں (5 فروری2021ء)


Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 852 Articles with 1285677 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More