پاکستانی سیاست میں مفادات اور تضادات کا کھیل

 مفادات کا عجیب جمعہ بازار لگاہوا ہے۔مفادات میں تضادات نے ایک عجیب بھونڈی صورت اختیار کر رکھی ہے الغرض ہر قانون ساز اسمبلی میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج نظر آتاہے۔مفادات و تضادات کے اس چکر میں نہ صرف اپوزیشن بلکہ حکومتی مشینری بھی بری طرح گھری نظر آتی ہے۔کبھی پنجاب میں باہمی رضامندی سے سینٹ الیکشن بھگتا لیا جاتا ہے تو کبھی اپوزیشن لیڈر سینٹ کے الیکشن میں باپ سے مدد لی جاتی ہے۔ تازہ خبر یہ ہے کہ اپوزیشن کا پی ڈی ایم ٹوٹ چکا اور پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین فیکٹربڑی تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے اگرچہ حکومتی وزراء جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانے والے اراکین اسمبلی کو کلین چٹ دے رہے ہیں مگر وزراء کی باڈی لینگوئج چغلی کر رہی ہے کہ پردے میں کچھ پک رہا ہے جبکہ کچھ حکومتی اراکین اسمبلی اور وزراء ’’کچھ ادھر اور کچھ اُدھر‘‘ کا تاثر بھی دے رہے ہیں ۔سچ تو یہ ہے کہ الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کی بھانت بھانت کی بولیاں برداشت کرنا ،اب ہر کسی کے بس کی بات نہیں رہی کیونکہ عوام اپنی رائے کا اظہار سوشل میڈیا پر کھل کر کرتے ہیں چنانچہ سیاست دانوں کے لیے اپنے کرتوت چھپانا مشکل ہو گیا ہے دوسری طرف ان سیاست دانوں کی وجہ سے پاکستان کی موجودہ سیاسی حالت واقعی قابل ِ رحم ہو چکی ہے۔ پارٹیاں اگرچہ تین ہی قابل ذکر ہیں مگر سمندر ِ سیاست میں تلاطم کی سی کیفیت کچھ عرصہ سے تھمنے میں نہیں آرہی۔ کبھی طوطا مینا کی کہانی شروع کرکے درمیان میں ٹائیں ٹائیں فش کرتے ہوئے نئے کردار اپنی موجودگی اور اہمیت کا غیر ضروری تاثر دینے کی ناکام کوشش میں اچھے بھلے کام کے رنگ میں بھنگ ڈال کر حلیہ ہی بگاڑ دیتے ہیں۔ ساری رات فسانہ سننے کے بعد اس استفسارکی مانند کہ "ہیر"مرد تھا یا عورت، کچھ ایسی ہی کیفیت ان تینوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی ہے جو اپنی نااہلی کو چھپانے، بونے قد کو بڑھانے اور کرپشن کے داغ مٹانے میں مصروف ِ عمل ہے اور نہیں جانتی کہ اُن کی راہ نجات کہاں ہے؟۔ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے پہلوانوں کی جعلی لڑائیوں کی طرح یہ نقلی سیاسی پہلوان بھی آج کل پاکستان میں ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ سیزن ون کی تیاری کر رہے ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی بات کی جائے تو وہ "ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ چوکھا آئے‘‘ کے مصداق مزے سے اہل بندوق اور اہل ترازو کی چھتری تلے چین کی بانسری بجاتے ہوئے مشکل حالات اور معاملات کی بے یقینی میں اپنی ناقص کارکردگی کا تڑکا لگانے میں مصروف ہے دوسری طرف حکومت عوام الناس کو مہنگائی اور مزید قربانیوں کے لیے تیاری کا چورن بھی بیچ رہی ہے اگرچہ وزیر اعظم نے رمضان کے مقدس مہینے میں اشیاء کی سستے عام دستیابی کا عندیہ ضروردیا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا ملک پر قابض بیوروکریسی اس بار بھی عمران خان کو ناکام بنا دے گی؟ اس بات میں کسی کو کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت خلوص کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے مگر اس جماعت میں شامل پیرا شوٹرز اپنی معاون بیوروکریسی کے ساتھ مل کر نہایت شدومد کے ساتھ عوام میں پی ٹی آئی کی ساکھ خراب کرنے کے درپے ہیں۔ اگرچہ پی ٹی آئی نے بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام سے بہت سے دلفریب وعدے کئے تھے اور سبز باغ دیکھنے کی عادی پاکستانی عوام ایک بار پھر سیاسی پنڈتوں کے سحر میں گرفتار ہوگئی تھی لیکن اس بار فرق یہ ہے کہ اب کی بار عوام سبز باغ کی جگہ حقیقی باغ دیکھنے کی متمنی ہے۔قوم اس مرتبہ کسی ایسے نجات دہندہ کی منتظر ہے جو محض اپنی ذات اور اولاد کیلئے شجر رحمت نہ بنے بلکہ غربت ، مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن ، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل میں گھری ہوئی اس پاکستانی قوم کے لیے حقیقی درد رکھتا ہو۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ماضی میں پاکستان کے ظل سبحانی اور شیر شاہ سوری حکمران اپنے ،اثاثوں،محلوں ، قلعوں اور قطعہ اراضی کو بچانے میں مصروف رہے مگر ملک کی کشتی کو بھنور سے بچانے کی کوئی بھی سنجیدہ کوشش نہ کی کیونکہ ان کی سوچیں اپنی ذات اور خاندان سے آگے نہ جاتی تھی اور دوسری طرف اجتماعیت کا فروغ اور اس کے تقاضوں کو سمجھنا ،ملکی مفاد اور ذاتی مفاد کے فرق کو سمجھنا،ان بونے سیاسی لیڈروں کی فہم و فراست کی دسترس سے باہر کی بات تھی۔مگر اب ہماری سیاسی قیادت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ یہ 1990ء کی د ہائی نہیں ، اب کی بار عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ موجودہ حالات میں ہمیں کسی باہر کے دشمن کی ضرورت نظر نہیں آتی بلکہ " گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے"کا محاورہ پوری آب و تاب کے ساتھ پاکستان کے سیاسی افق پر نظر آتاہے۔ اگرچہ وطن دشمنی کے ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر اپنی سی پوری کوشش میں مصروف ہیں مگر ایک بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ اب پاکستانی عوام نے فیصلے کا حق لے لیا ہے اور وہ وسیع تر ملکی مفاد کو گہری نظر سے دیکھ رہے ہیں ان کے علم میں ہے کہ ماضی میں ان کے ساتھ کیا ہوتا رہا ہے اور کس طرح ان کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر بیرون ملک جائیدادوں کا انبار اکٹھا کیا گیا۔ عوام نے اب تک جس حوصلہ مندی سے پی ٹی آئی حکومت کے مشکل ترین اڑھائی سال گزارے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام اپنے محسن اور دشمن کو پہچان چکے ہیں ہم اﷲ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ ہمارے حکمرانوں کو حکمت و بصیرت کے ساتھ ملک کو خطرناک حالات سے نکالنے میں کامیابی عطافرمائیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ہماری اس جدوجہد کی بدولت سکھ کا سانس لے سکیں اور اس نعرے "نیا پاکستان "کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ (آمین)

 

Imran Amin
About the Author: Imran Amin Read More Articles by Imran Amin: 53 Articles with 39200 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.