جانِ پُر سوز‘ اور محسن علی آرزوؔ:ایک مختصر تعارف۔۔۔آخری قسط

غزلوں کایہ سلسلہ جیسے جیسے آگے بڑھتا ہے۔محسن کے اندر کا جاندار شاعر سامنے آتا جاتا ہے۔ایک غزل میں انہوں نے اسد اللہ غالب ؔ کی ایک مشہورِ زمانہ غزل کے مضمون کو ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے۔غالب ؔ نے کہا تھا:
کوئی ویرانی سی ویرانی ہے
دشت کو دیکھ کے گھر یاد آیا
سو یہی حالت ہمیں آرزوؔ کے یہاں بھی دیکھنے کو ملتی ہے؛ لیکن فرق یہ ہے کہ غالبؔ کو اپنا گھر دشت وصحرا لگتا تھا جب کہ آرزو ؔجس دشتِ تنہائی میں سامانِ زندگی کرر ہے ہیں وہ ان کے لیے تو نہیں؛ لیکن محبوب کے لیے ایک ویرانے کی تصویر کشی کررہاہے، جس پرمحبوب انگشت بدنداں ہو کراستفہام کرتاہے۔
جانِ پُر سوز‘ اور محسن علی آرزوؔ:ایک مختصر تعارف۔۔۔آخری قسط
افضل رضوی ۔ آسٹریلیا
غزلوں کایہ سلسلہ جیسے جیسے آگے بڑھتا ہے۔محسن کے اندر کا جاندار شاعر سامنے آتا جاتا ہے۔ایک غزل میں انہوں نے اسد اللہ غالب ؔ کی ایک مشہورِ زمانہ غزل کے مضمون کو ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے۔غالب ؔ نے کہا تھا:
کوئی ویرانی سی ویرانی ہے
دشت کو دیکھ کے گھر یاد آیا
سو یہی حالت ہمیں آرزوؔ کے یہاں بھی دیکھنے کو ملتی ہے؛ لیکن فرق یہ ہے کہ غالبؔ کو اپنا گھر دشت وصحرا لگتا تھا جب کہ آرزو ؔجس دشتِ تنہائی میں سامانِ زندگی کرر ہے ہیں وہ ان کے لیے تو نہیں؛ لیکن محبوب کے لیے ایک ویرانے کی تصویر کشی کررہاہے، جس پرمحبوب انگشت بدنداں ہو کراستفہام کرتاہے۔
وہ میرے گھر میں جو آئے تو ٹِھٹھک کر بولے
کیسی ویرانی ہے؟ کیا کوئی یہاں رہتا ہے!
پھر استفہام سے نکل کر محسن آرزوؔدل سے نکلنے والے نغموں کی طرف چل نکلتے ہیں اور برملا پکار اٹھتے ہیں کہ:
جانِ پُر سوز سے افکار کا مجمعہ نِکلا
سازِ دل سے جو لہو چیرتا نغمہ نکلا
وحشتِ جاں سے ہوئے خار مغیلاں گلقند
دشت کی ریت پہ جاناں تیرا چہرہ نکلا
سرخرو ہو گئی مخلوق کی ہر نوع لیکن
سب خطاؤں کی وجہ خاک کا پتلا نکلا
نہ کسی نے کبھی امید بندھائی میری
نہ کوئی شہرِ ستم گر میں شناسا نکلا
دشمنی میں بھی تو اسلوب نبھائے اُس نے
میرا قاتل ہی مجھے جان سے پیارا نکلا
محسن آرزوؔ کی غزلوں میں تشبیہہ اور استعارے کا استعمال بھی قابل ِ توجہ ہے۔ایک جگہ انہوں نے محبوب کے لیے چاند کی تشبیہہ استعمال کی ہے۔وہ محبوب سے اپنے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہتے ہیں:
آنکھوں کی پتلیوں نے سمیٹا تھا عکسِ یار!
اور پھر وہ چاند سا میرے دل میں اُتر گیا
وطن سے محبت کا جذبہ محسن آرزوؔ کی نظموں کے ساتھ ساتھ غزلوں میں بھی ابھر کر سامنے آتا ہے۔وہ نہ صرف وطن سے محبت کا
اظہارکرتے ہیں بلکہ ملتِ اسلامیہ کے دوام کی بات بھی کرتے ہیں اور اس کے لیے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہیں۔ دیکھیے درج ذیل اشعار میں اسی مضمون کو خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے۔ تجھ پہ ہے قرض تیرے دیس کے ہر ذرے کا
باندھ لے سر پہ کفن' جہد کے اسرار میں چل

گر ہے خواہش کہ ملے ملتِ مسلم کو دوام
آرزو ؔاپنے ہی اسلاف کے کردار میں چل
ایک اور غزل میں شاعرکو اس بات کا اافسوس ہے کہ وہ کچھ کرنا چاہتا تھا وہ نہیں کر سکا۔اسی طرح ایک اور غزل میں شاعرسفر میں ہے لیکن منزل، مقصود نظر نہیں آتی گویا کسی مقصد کا متلاشی نظر آتا ہے۔
تاریک زندگی میں اجالا نہ کر سکے
ہم آرزو کی شمع فروزاں نہ کر سکے
مجھ کو منزل نظر نہیں آتی!
کتنی صدیوں سے چل رہا ہوں میں
زلف ِ محبوب کا تذکرہ ہر شاعر کے یہاں مل جاتا ہے اور محسن آرزوؔ بھی اس سے مبرا نہیں رہے۔ انہیں زلفِ محبوب کی طوالت تو بدلیوں کی مسافتوں سے بھی زیادہ لگتی ہے۔کبھی جرأت نے کہا تھا:
اس زلف پہ پھبتی شبِ دیجور کی سوجھی
حالانکہ وہ محرومیئ بینائی کا شکار تھے۔ اس کے باوجود جب انہوں نے یہ مصرع کہا اور انشا ء اللہ خاں سے دوسرے مصرعے کی فرمائش کی تو انشاء نے بے ساخطہ کہا:
اندھے کو اندھیرے میں بڑی دور کی سوجھی
اب محسن آرزو ؔ کے ہاں اسی مضمون کو دیکھییے،کہتے ہیں:
بدلیوں کی مسافتیں کیا ہیں
زلف تیری سفر میں رہتی ہے
دن گزرتا ہے تیری یادوں میں
رات عہدِ ہجر میں رہتی ہے
دیگر غزلوں میں بھی ان کی پروازِ تخیل کا مشاہدہ کیا جاسکتاہے۔ یہاں چند غزلوں سے مزید اشعاربطور نمونہ رقم کیے جارہے ہیں
اوربخوفِ طوالت کوئی تبصرہ نہیں کیا جارہا۔

ہوائے دور بہاراں کی آمد آمد ہے
صدائے زخمِ گریباں کی آمد آمد ہے
جو تیری دید صبح کی دلیل ہو جائے!
طوالتِ شبِ ہجراں قلیل ہو جائے

سحر پر لو نکلنے والی ہے
قید کی رات کٹنے والی ہے
اپنی خلوت سے پیار ہے مجھ کو
بزمِ تنہائی بسنے والی ہے

دیدہئ تر سے خواب کے رشتے
جیسے میرے اور آپ کے رشتے
گوہر زیست اور سیپ میں ہے
چشمِ پر نم اور آب کے رشتے
کِس طرح کب کہاں بنے کیسے
یہ حیات و ممات کے رشتے
یہ یقیں ہے کبھی نہ ٹوٹیں گے
آرزوؔ اور سراب کے رشتے

یہ صبحِ نو کبھی اُس قوم پہ نازِل نہیں ہوتی
خُودی کو بیچ کر بچوں کو جو سُرخاب دیتی ہے
محسن آرزوؔ کے اس مجموعہئ کلام کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ انہوں نے اس میں صرف نظمیں اور غزلیں ہی شامل نہیں کیں بلکہ نثرِلطیف کے معنی خیز اور خوبصورت ٹکرے بھی شامل کیے ہیں۔ایک جگہ خاموشی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے قبرستان اور اس کے
لوازمات کا سہارا لیا ہے،کہتے ہیں:
بڑے کہتے ہیں کہ خاموشی تو قبرستان میں ہوتی ہے۔
شاید مردے شور کو ناپسند کرتے ہوں۔
ہو سکتا ہے وہ زور کو اتنا ناپسند نہ کرتے ہوں
جتنا خاموشی کو پسند کرتے ہوں۔
چونکہ خاموشی قبرستان کی علامت ہے اس لیے ہر مردہ خاموش رہتا ہے۔
اور اپنے ساتھی کے لیے بھی یہی پسند کرتا ہے۔
گویا ہر مردہ شخص دوسرے کو مردگی کی علامت سے محروم نہیں کرنا چاہتا۔''
اور
''لوگ کہتے ہیں کہ شور زندگی کی علامت ہے اس کے باوجود اکثر لوگ خاموشی
کو پسند کرتے ہیں۔ شاید یہ لوگ خاموشی کو اتنا پسند نہیں کرتے جتنا
شور کو پسند کرتے ہیں۔
ہر زندہ شخص شور کرتا ہے اور دوسروں کے شور کو ناپسند بھی کرتا ہے۔
گویا ہر زندگی کا حامل شخص، دوسرے کو زندگی کی علامت سے
محروم کرنے کا خواہاں ہے۔''
”جانِ پُرسوز‘‘کا اختتام بھی ایک نثرِ لطیف کے پارے سے کیا گیا ہے جس کا عنوان اختتام رکھا گیا ہے۔ملاحظہ کیجیے یہ نثرِ لطیف کا یہ ٹکڑا:
'' کبھی کبھی سورج کی کرنیں جب پھولوں پر پڑتی ہیں
تو پھولوں پر موجودشبنم اُن کی چمک دمک کا باعث بنتی ہے۔
چند ساعتوں کے بعد پھولوں کی خوبصورتی میں چاند لگا دینے والی شبنم،
ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اپنا وجود کھو دیتی ہے۔
اور شبنم کے فنا ہونے کی واحد وجہ سورج کی کرنیں ہوتی ہیں۔ ''
المختصر’جانِ پُرسوز‘‘میں شامل نظموں،غزلوں اورنثرلطیف کے مطالعے سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ محسن کی شاعری کا محور پاکیزہ ادب ہے اور وہ خود بھی ایک مخلص انسان ہیں اورمحبت و مروت کا پیکر ہیں۔میں ڈاکٹرمحمد محسن علی آرزوؔکو گزشتہ دو تین سال سے جانتا ہوں۔وہ ساؤتھ آسٹریلیاکی پہلی اورآسٹریلیا کی موثر و معتبر علمی وادبی اور ثقافتی تنظیم ”پاکستان-آسٹریلیا لٹریری فیڈریشن (پالف)کے
متحرک رکن ہیں اور پالف کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقاریب میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں اور اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کرتے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ ان کی طب کے پیشے کے باوجود اردو سے اس قدر محبت میری ان کاوشوں کو تقویت دے گی جو میں یہاں اردو زبان و ادب کی ترویج واشاعت اور فروغ کے لیے پالف کے پلیٹ فارم سے کر رہاہوں۔
محسن آرزوؔ کا یہ پہلا مجموعہ کلام ہے جس میں وہ اچھے اور ابھرتے ہوئے شاعر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ آسٹریلیا کے انگلش ماحول میں اور طب جیسے اہم اور مصروف ترین پیشے سے تعلق کے باوجود ان کی اردو سے زبان وادب اور شاعری سے وابستگی پر وہ یقینا مبارک باد کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔مجھے امیدِ واثق ہے کہ محسن آرزو ؔاپنے پروفیشن کے ساتھ انصاف کرنے کے ساتھ ساتھ اردو شاعری کو بھی کئی اور مجموعہ ہائے کلام سے نوازیں گے۔شنید ہے کہ ان کا دوسرا مجموعہئ کلام بھی تیاری کے مراحل میں ہے نیز وہ نثرلطیف کے علاوہ طنز ومزاح پراپنے مضامین بھی جمع کررہے ہیں جن کے جلد منصہ شہود پر آنے کی شنید ہے۔
Afzal Razvi
About the Author: Afzal Razvi Read More Articles by Afzal Razvi: 118 Articles with 172402 views Educationist-Works in the Department for Education South AUSTRALIA and lives in Adelaide.
Author of Dar Barg e Lala o Gul (a research work on Allama
.. View More