سرخی پاؤڈر والی ترقی

 پاکستان کی معاشی ترقی کا دعویٰ کرنے والوں نے شایدسٹیٹ بنک کی یہ خبرغورسے نہیں پڑھی جس نے عام پاکستانی کو ہلاکررکھ دیاہے کہ پاکستان کے ذمے قرضوں کا حجم 45 ہزار 470 ارب روپے سے بھی تجاوزکر گیاہے ۔ سٹیٹ بنک کے مطابق 9 ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں قرض، مالی ذمہ داریوں کا حجم 6.2 فیصد بڑھا۔پاکستان کے ذمے قرض، مالی ذمہ داریوں کاحجم جی ڈی پی کے 97.4فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ مرکزی بنک کا کہنا ہے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کا مقامی قرض 25 ہزار 552 ارب روپے ہوگیا ہے جبکہ ملک کے ذمے بیرونی قرض کا حجم 16 ہزار 425 ارب 1 کروڑ روپے تک پہنچ گیا اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماشہباز شریف نے کہا کہ مڈل کلاس تباہ ہو چکی ہے عمران خان اس ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لئے چلا رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت اب تلک پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور 2کروڑ کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے، (ن) لیگ نے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی اور عمران خان محض 3.9 فیصد شرح ترقی دکھا رہے ہیں، اندازہ لگائیں، ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے پی ٹی آئی نے اپنے پہلے سال میں اصل 1.9 فیصد کے عدد کو بڑھا چڑھا کر 3.3 فیصد دکھایا تھا۔ اس سال بھی انہوں نے جھوٹ بولا، شہباز شریف نے کہا پی ٹی آئی نے منفی 0.4 فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3 فیصد کمی آئی۔ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں۔ لہذا شرح ترقی اس سال بھی غیرحقیقی ہے جو گزشتہ کی طرح نظرثانی پر آئند برس کم ہوگی۔ 25 فروری کے بعد ہر ہفتے میں قیمتوں کا حساس اعشاریئے 13 فیصد اضافہ دکھارہا ہے۔ ایک سال کے دوران قیمتوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ اتنی بلند مہنگائی کی شرح جہاں صرف خوراک کی قیمتوں میں 14 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے۔ اسی قسم کاایک بیان چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دیاہے ان کا کہنا تھا معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے پر حکومت شرم کرے عمران خان کو آزمانے والوں نے عوام کو آزمائش میں ڈال دیا ہے۔ پنشن پر دس فیصد ٹیکس کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں عوام دشمن پالیسیوں کا مقابلہ کریں گے۔ خیبر پی کے میں شرح غربت 27 فیصد اور سندھ میں 7.6 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت جھوٹے دعوے کرکے پاکستان کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے،پیپلزپارٹی عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلنے والوں کو معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے شرم آنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب عمران خان بزرگ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔ جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے لکھا کہ آئی ایم ایف کے کڑے پروگرام کے باوجود مضبوط گروتھ خوش آئند ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، زر مبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور کرونا کے باوجود گروتھ قابل قدر ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں نمو کے اندازے کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس کے 3.94 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ ایک اور وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں۔ شہبازشریف ہماری معاشی ترقی دیکھ کر گھبراگئے۔ مسلم لیگ (ن) کی معاشی کاکردگی سرخی پاؤڈر والی ترقی تھی جس نے ایک بدصورت کو ہیروئن بناکرپوزکیا تھا وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت ریکارڈ خسارے چھوڑکرگئی، ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہے جس کا واضح ثبوت ایکسپورٹ میں مسلسل اضافہ ہے، یہ عارضی گروتھ نہیں ہے، معاشی ترقی کی رفتار بڑھنے سے اپوزیشن کومایوس نہیں ہونا چاہیے، آنے والے دنوں میں معاشی ترقی میں مزید تیزی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے آخری سال میں مصنوعی طریقے سے معیشت کو سنبھالا گیا تھا، مسلم لیگ نے سٹیٹ بینک سے نوٹ چھاپ چھاپ کر7ہزارارب کا قرضہ لیا تھا، ہماری حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت سٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا یہ باتیں ہوسکتاہے درست ہوں لیکن عام آدمی کو اعدادوشمارسے کوئی غرض نہیں اسے مہنگائی، غربت اورامن و امان کی مخدوش صورت ِ حال متاثرکرتی ہے اسے سماجی انصاف سے معاشی انصاف درکارہے اسے اپنے بچوں کو خوشگوار مستقبل کی فکرہے میرا ارباب ِ اختیارسے ایک سوال ہے حکومت اس کے لئے کیا کررہی ہے؟ کوئی جواب دے گا؟

Ilyas Mohammad Hussain
About the Author: Ilyas Mohammad Hussain Read More Articles by Ilyas Mohammad Hussain: 474 Articles with 350871 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.