ماحول کے عالمی دن پر چند عہد

(سردار محمد سبطین خان ، وزیر جنگلات پنجاب)

آج ماحول کا عالمی دن ہے۔ ہم لوگ بحیثیت مجموعی اس دن کی اہمیت و افادیت سے ناواقف ہیں حالانکہ ہمارے ہر قدم پر ماحول اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہم قدرت خداوندی کی ان گنت نعمتوں سے روزانہ مستفید ہوتے ہیں لیکن ان نعمتوں کی بقا کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نے ہمیں اندر سے بیمار اور کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ ایسے میں جہاں آکسیجن کی قدر و قیمت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے، وہیں درخت کاری کی اہمیت سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔ کیونکہ درخت آلودگی کو چھانٹ کر ہمیں آکسیجن اور گرمی میں سکون لینے کیلئے ٹھنڈی چھاؤں فراہم کرتے ہیں۔ آج ہمیں جہاں زیادہ سے زیادہ درخت کاری پر زور دینا ہے، وہیں خود سے چند عہد کرنے ہیں۔ سالڈ ویسٹ راہ گزر پر نہیں پھینکنی ۔ دھویں والی گاڑیوں میں کمی لا کر پلوشن سے بچنا ہے۔ شاپنگ بیگ کا استعمال محدود کرنا ہے۔ اپنے قرب و جوار کو صاف رکھنا ہے۔ زرعی سپرے اور زرعی کھادوں کی بجائے آرگینک سپرے اور کھادیں استعمال کرنی ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کے بلاوجہ استعمال میں کمی لانی ہے۔ فصلوں کی باقیات کو جلانے کی بجائے ھل چلا کر زمین کے نامیاتی مواد میں اضافہ کرنا ہے۔ قرب و جوار میں لگے ہر درخت اور پودے کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھنا اور پرورش کرنی ہے۔ درخت ہماری جان اور شان ہیں۔ ان کے جذبات و احساسات کا خیال رکھتے ہوئے نہ صرف انہیں کاٹنے سے بچانا ہے بلکہ ان کی آبیاری بھی کرتے رہنا ہے۔ ہمارا آج کا عمل، کل کا تحفظ ہے، ہمارا بھی تحفظ اور ماحول کا بھی تحفظ ۔ تو پھرآئیے، ماحول کو بچانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر ، بھرپور انداز میں شجرکاری کریں ۔ اپنے والدین اور بزرگوں کے نام کے پودے لگائیں ۔ اساتذہ طلباء کو ماحولیات کے تحفظ اور آلودگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں ۔ یاد رکھئے ، جنگل اور جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا وقت کی ترجیحی ضرورت بن چکی ہے ۔ کیونکہ آلودگی کی وجہ سے یہ ناپید ہوتی جا رہی ہیں ، جن کی حفاظت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا ۔
 

Noor Ul Huda
About the Author: Noor Ul Huda Read More Articles by Noor Ul Huda: 82 Articles with 70356 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.