کیپٹن (کرنل )شیر خان شہید ( نشان حیدر) کا یوم شہادت

وادی کارگل میں بھارتی فوج سے جنگ کا آغاز تو مئی 1999ء میں ہی ہوا تھا لیکن کیپٹن شیر خان اپنے ساتھیوں سمیت کئی ماہ پہلے سے ان بھارتی مورچوں پر قابض ہوکر ان کی آمد کے منتظر تھے ۔ بھارتی فوج کنکریٹ سے بنے ہوئے اپنے مورچے اس لیے خالی کرکے سری نگر چھاؤنی چلی جاتی تھی کہ سخت سردیوں کے مہینوں میں برف میں ڈھکی ہوئی ان بلند ترین چوٹیوں پر کسی انسان کا زندہ رہنا مشکل ہی نہیں، ناممکن بھی ہوجاتا تھا ۔ جونہی کیپٹن شیر خان اور ان کے ساتھیوں کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تو انہوں نے بھارتی فوج کی آمد سے پہلے بے رحم موسمی صعوبتوں سے لڑنے کافیصلہ کیا اور ایسی برف پوش ‘ بلند اور دشوار گزار پہاڑیوں پر نہ صرف وہ زندہ رہے بلکہ اپنے ساتھیوں کے حوصلوں اور جذبوں کو بھی زندہ رکھا۔پھر جب موسم نے کروٹ لی تو ایک صبح برف پوش وادیوں کے آئینے میں دشمن کا عکس دکھائی دینے لگا ۔ تو کیپٹن شیرخان نے جوانوں کو مستعدکردیااور کہا کوئی دشمن زندہ بچ کر نہ جائے ۔جب دشمن پر بارود کی بارش ہونے لگی تو ایک ہی ہلے میں دشمن کے درجنوں فوجی جہنم واصل کردیئے۔اس سے پہلے کہ دشمن کو ہوش آتا پہاڑوں کی چوٹیوں سے ان پر مارٹر گنوں سے فائر ہونے لگا ۔اسلحہ سے بھری گاڑیاں اپنے جوانوں سمیت بھسم کردی گئیں۔کیپٹن شیرخان نے پہلے دن کے معرکہ ہی میں بھارتی فوج کو مفلوج کرکے یہ ثابت کردیا کہ یہ علاقہ اب ان کے قبضہ میں نہیں رہا ۔بھارتی حکومت تک یہ اطلاع پہنچ چکی تھی کہ سری نگر پر کسی بھی وقت پاکستان کا قبضہ ہوسکتا ہے ۔تازہ فوجی کمک کے پہنچنے کے باوجودکئی ہفتوں تک بھارتی فوج اپنے مورچے واپس نہ لے سکی ۔بوفرز توپیں بھی استعمال کرکے دیکھ لیں۔رات دن گولہ باری کے باوجود کامیابی نہ ملنے پر بھارتی فضائیہ بھی جنگ میں کود پڑی تو پاکستانی ہنزہ میزائلوں کے ہاتھوں دو بھارتی طیاروں کی تباہی نے خوف میں مزید اضافہ کردیا۔گوریلا جنگ کی تاریخ میں ان جیسا چابکدست اور بیدار مغز افسرکوئی اور نہ تھا۔لڑائی میں شدت آچکی تھی ۔ شیر خان اپنے مشن کی تکمیل کے لیے اکیلے ہی دشمن کے بیس کیمپ تک جا پہنچے۔ نماز فجر ادا کرنے کے بعد اپنے مورچے میں پہنچے ہی تھے کہ دشمن نے زبردست حملہ کردیا ۔کیپٹن شیر خان اور ان کے ساتھیوں نے انہیں عبرتناک شکست دی ۔دشمن ہتھیار اور نعشیں چھوڑ کر بھاگ نکلا۔اس لمحے شیر خان نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ دشمن رات کے اندھیرے میں حملہ آور ہوا تھا لیکن میں کل صبح للکار کر انہیں جہنم رسید کروں گا۔ اگلی صبح 5 جولائی 1999ء کو جب سری نگر کی مساجد میں اذان فجر کی صدائیں بلند ہورہی تھیں توکیپٹن شیر خان دشمن کے بیس کیمپ کے قریب پہنچ چکے تھے۔ پہلے برفانی سطح پر ہی نماز فجرادا کی۔ پھر بھاری مشین گن سے حملہ کردیا ،دشمن کے فوجی اچانک فائرنگ سے بچنے کے لیے دوڑ بھاگ کر رہے تھے تو شیر خان بھی ان کا تعاقب کرتے ہوئے اس مقام پر جا پہنچے جہاں بہت سارے بھارتی فوجی اپنے کمانڈر کے اردگرد جمع تھے۔چند سکھ فوجیوں نے فائر کرنے کی جستجو کی لیکن اس سے پہلے شیر خان کی گن سے شعلے نکلے اور سب اسی جگہ ڈھیر ہوگئے۔ اسی دوران بھارتی فوج کے کرنل کی آواز سنائی دی ۔وہ کہہ رہا تھا، ہتھیار پھینک دو ۔اس وقت تم ہمارے گھیرے میں ہو۔ شیر خان نے بلند آواز میں کہا شیرمرجاتاہے لیکن ہتھیار نہیں ڈالتا ۔یہ کہہ کرآواز کی سمت فائرکرناچاہاتو شیر خان کی گن خالی ہوچکی تھی لپک کر انہوں نے بھارتی کرنل کی گردن کو اپنے ہاتھوں سے دبوچ لیا۔ یہ دیکھتے ہی بھارتی فوجیوں نے فائر کھل دیا جس سے کیپٹن شیر خاں کافولادی جسم گولیوں سے چھلنی ہوگیا۔ اس طرح اﷲ اکبر کا ورد کرتے ہوئے شیر خان نے جام شہادت نوش کیا ۔بھارتی کمانڈر ‘ کیپٹن شیر خان کی بہادری پر عش عش کراٹھا ۔اس نے بلند آواز میں کہا اس جوان کی نعش کی بے حرمتی نہ کرنا ۔یہ بہت بہادر افسر ہے ۔حکومت پاکستان نے بعد از شہادت انہیں سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔شیرخان یکم جون 1970ء کو ضلع صوابی کے نواحی قصبے نواں کلی میں پیدا ہوئے۔میٹرک کا امتحان گورنمنٹ ہائی سکول نواں کلی سے پاس کیا۔1994ء میں بری فوج کی27 سندھ رجمنٹ کا حصہ بنے۔1997میں نیشنل لائٹ انفنٹری میں تعیناتی کے دوران سیاچن کے سرداور بلند ترین محاذ پربھی دو سال سے زائد تعینات رہے ۔کارگل کا محاذ گرم ہونے والا تھا تو شیر خان نے دانستہ اپنی پوسٹنگ کارگل میں کروا لی ۔آپ کے والد خورشید خان نے بیٹے کی شہادت پر کہا پہلے میں غازی کا باپ تھا اب میں ایک شہید کا والد ہوں مجھے اس پر فخر ہے۔

 

Muhammad Aslam Lodhi
About the Author: Muhammad Aslam Lodhi Read More Articles by Muhammad Aslam Lodhi: 802 Articles with 784999 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.