اور پھر تاریخ دہرائی گئی

افغانساتان میں ایک دم سے طالبان کا فتح یاب ہونا کوئی اچھنبے کی بات نہیں اصل میں حیرت میں وہ لوگ مبتلا ہیں جن کا اسلامی تاریخ کا مطالعہ نہیں ،وہ لوگ جو اسلامی تاریخ کا مطالعہ رکھتے ہیں ان کے لئے یہ تاریخ کا ورق ہے جو اللہ رب العزت نے اپنی قدرت کا مظہر دکھاتے ہوئے انسان کو اپنی طرف متوجہ فرمایا

قباؤں میں پیوند پیٹوں پر پتھر
قدم تلے تاج کسری و قیصر
نہ ہرگز ان پر غالب کسب و مال و جاہ سے ہوں گے
نہ جب تک ان پر حملہ آور دینی راہ سے ہوں گے
نہ ہرگز کامراں سعی گاہ و بے گاہ سے ہوں گے
نہ جب تک مل کے سب وابستہ حبل اللہ سے ہوں گے
آج کل ہر ملک، ہراخبار،سوشل و ملٹی میڈیا پر صرف ایک موضوع "طالبان کی برق رفتار فتوحات" زیر بحث ہے اس لئے کہ خیر القرون میں اس کی دو چار واقعات کے علاوہ کوئی مثال نہیں ملتی مگر ایک سچے مسلمان کے لئے یہ چنداں تعجب کی بات نہیں اس لئے کہ قرآن کا پکا وعدہ ہے"وان جندنا لہم الغالبون اور ہمارا لشکر ضرور بالضرور غالب ہی رہے گا" سورہ صافات 172
ہر ملک کے سربراہ کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ میرے لشکر کے پاس وہ اسلحہ ہو جس کا توڑ مخالف کے پاس نہ ہو اللہ تعالیٰ نے بھی اپنے لشکر کو وہ اسلحہ دیا ہے جس کا توڑ دنیا کی کسی طاقت کے پاس نہیں ہے وہ ہے ایمان اس اسلحے کے سامنے بر و بحر زمین و آسمان کی کوئی چیز نہیں ٹھہر سکتی۔قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے "وانتم الاعلون ان کنتم مؤمنین تم ہی غالب اور اونچے رہوگے اگر تم مؤمن ہو"
تاریخ گواہ ہے کہ باطل کی بقا اور غرور اس وقت تک ہے جب تک وہ حق کے مقابلے پر نہ آئے ۔نمرود اس وقت ہلاک ہوا جب وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مقابلے میں آیا اور اسی طرح فرعون جب موسیٰ علیہ السلام کے مقابلے میں آیا ،قیصر و کسری، ابو جہل، ابو لہب، اور روس برطانیہ اور امریکہ کی مثالیں تو ہمارے سامنے ہیں۔
افسوس کے مسلم حکمران مغرب کے حکمرانوں کے سامنے جھکنے اور بھیک مانگنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکتے اور اللہ تعالیٰ سے مانگتے تو پوری دنیا پر ان کا رعب و دبدبہ ہوتا لیکن آج وہ اللہ تعالیٰ کے وعدوں کو چھوڑ کر اس کے دشمنوں سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں ان کی تہذیب و تمدن کو روشن خیالی کا نام دے کر ترقی کا زینہ سمجھ رہے ہیں حالانکہ وہ تنزلی اور غلامی کا راستہ ہے

تمھاری قوم کی تو بناء ہے دین و ایمان پر
تمھاری زندگی موقوف ہے تعمیل قرآن پر
تمھاری فتح یابی منحصر ہے فضل یزداں پر
نہ قوت پر نہ طاقت پر نہ شوکت پر نہ سامان پر

طالبان نے مسلم حکمرانوں کو فتح کا راستہ دکھایا کہ فتح اور نصرت کی کلید
اللہ تعالیٰ کے دست قدرت میں ہے اسی کی بات مانو اور اسی پر توکل کرو کامیابی تمھاری قدم بوسی کرے گی
ہر کہ ترسید از حق و تقویٰ گزید
ترسد ازروئے انس و جنس ہر کہ دید
جو اللہ تعالیٰ سے ڈرا اور تقویٰ اختیار کیا۔ انسان اور جنات جو بھی اس کو دیکھتا وہ ڈرتا ہے
تحریر: شیخ الحدیث مولانا محمد فرید حقانی زید مجدہم

 

Muhammad Shafi
About the Author: Muhammad Shafi Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.