چینی ثقافت کے خوبصورت رنگ

چین کے روایتی تہوار مون کیک فیسٹول کی بات کریں تو چینی قوم کے روایتی تہواروں میں سے ایک کے طور پر ، مون کیک فیسٹول چینی طرز معاشرت میں خاندان کے لوگوں کو اکٹھا مل بیٹھنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس تہوار میں آبائی شہر اور خاندان اور ملک کے لئے گہرے مضبوط جذبات پوشیدہ ہیں۔ابھی حال ہی میں بیجنگ لینگوئج اینڈ کلچرل سینٹر فار ڈپلومیٹک مشنز کی جانب سے مون کیک فیسٹول کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔اس تقریب کا انعقاد خاص طور پر بیجنگ میں خدمات سرانجام دینے والے بیرونی ممالک کے افراد کے لیے کیا گیا تھا جس میں پاکستان،روس ،بھارت سمیت یورپی اور افریقی ممالک سے غیر ملکی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس تقریب کی خاص بات غیر ملکیوں کی چینی ثقافت میں گہری دلچسپی رہی۔ساڑھے پانچ گھنٹے پر محیط تقریب کے دوران شرکاء نے مختلف سرگرمیوں میں شریک ہوتے ہوئے مون کیک کی تیاری سیکھی ،روایتی چینی لالٹین بنانے کا تجربہ کیا ، چینی مصوری اور چینی خطاطی میں گہری دلچسپی لی ۔غیر ملکی افراد کی تفریح کے لیے موسیقی کی بھی ایک شاندار سرگرمی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عالمی ایوارڈ یافتہ نوجوان چینی فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے خوب داد سمیٹی۔اس کے علاوہ مہمانوں کی تواضع کے لیے مزے دار عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔اس موقع پر اعلیٰ حکومتی عہدہ دار نے اپنے خطاب میں بیجنگ کی تعمیر و ترقی میں غیر ملکیوں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بات قابل زکر ہے کہ چینی سماج میں خاندان ،عزیز و اقارب اور دوست احباب کو نمایاں ترین اہمیت حاصل ہے اور چین کی اعلیٰ قیادت بھی اکثر مواقع پر خاندانی روایات اور اقدار کو آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے کئی مواقع پر خاندان اور عزیزوں کا ذکر کیا ہے۔ ان کے خیال میں "گھر اچھا ہو ، تو ملک اچھا ہوتا ہے ، یوں قوم بھی اچھی ہو سکتی ہے۔خاندان اور اہل خاندان سے پیار پر زور دینا چینی قوم کی روایتی اخلاقیات میں شامل ہے، یہ روایت چینی لوگوں کے دلوں سے جڑ پکڑتی ہے۔ صدر شی جن پھنگ کے خیال میں خاندان کا مستقبل اور تقدیر ملک اور قوم کے مستقبل اور تقدیر سے گہرا تعلق رکھتی ہے اور ذاتی اور خاندانی خوابوں کی تعبیر کا قومی خوابوں کی تعبیر میں ضم ہونا ضروری ہے۔چین میں جشن بہار تہوار کی طرح مون کیک فیسٹول بھی انتہائی جوش و خروش سے منایا جاتا۔

مون کیک فیسٹول ہر سال آٹھویں قمری مہینے کے 15 ویں دن منایا جاتا ہے ، یہ تہوار صرف چین تک محدود نہیں ہے بلکہ کئی ایشیائی ممالک میں بھی اسے کافی فروغ ملا ہے۔اس فیسٹول کے حوالے سے تعطیلات بھی ہوتی ہیں سو لوگ تہوار کی خوشیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ مناتے ہیں جبکہ مختلف سیاحتی پروگرام بھی ترتیب دیے جاتے ہیں۔ اس دوران مون کیکس کے علاوہ دیگر مزے دار کھانوں سے بھی لطف اٹھایا جاتا ہے۔چینی لوگوں کے خیال میں پورا چاند خاندانی ملاپ کے ساتھ ساتھ پر فیکشن یا کمال کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ اسی باعث چاند کی تعریف کرنا وسط خزاں تہوار کے جشن کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ لیکن چاند کی تعریف کرنے کے لیے کسی مناسب مقام کا انتخاب بھی ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اس ضمن میں کھلے نظارے والی سائٹس ہمیشہ بہترین انتخاب ہوتی ہیں ، جیسے فلک بوس عمارتوں کی چھتیں ، پہاڑوں کی چوٹیاں ، پارک یا قدیم شہروں کے تاریخی مقامات وغیرہ۔ مثال کے طور پر ، ہانگ جو شہر میں ویسٹ لیک لوگوں کا پسندیدہ مقام ہے ، کیونکہ جھیل میں چاند کی عکاسی انتہائی خوبصورت مناظر میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔اسی طرح دارالحکومت بیجنگ میں ، سمر پیلس ، بے ہائی پارک اور چنگ شان پارک پورے چاند کی تعریف کرنے کے لیے بہترین مقامات میں شامل ہیں۔ اسی طرح انٹرنیٹ کے دور میں مون کیک فیسٹیول کے حوالے سے اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فوٹو گرافی کے مقابلے بھی عام ہیں۔ اگر آپ فوٹوگرافی کے شوقین ہیں یا ایک پیشہ ور فوٹوگرافر بھی ہیں تو ، آپ کی صلاحیت کی نمائش کا یہ بہترین وقت ہے۔ مون کیک فیسٹول فوٹو گرافی آپ کو راتوں رات اسٹار بنا سکتی ہے۔

مون کیک ، جو چاند جیسی شکل میں بنائے جاتے ہیں ، مختلف قسم کی مصنوعات سے بھرے ہوتے ہیں۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مختلف ذوق کی خاطر مون کیک میں متنوع اجزاء شامل کیے گئے ہیں۔ نمکین ، میٹھا اور یہاں تک کہ مون کیک کے ذائقوں میں کچھ اضافی مسالہ بھی شامل ہے۔چینی ادب میں بھی مون کیک فیسٹول کے حوالے سے بے شمار نظمیں موجود ہیں ، جن کے موضوعات میں چاند ، میٹھی خوشبو دار ا ثمانتھس ، دریا کے مد وجزر ،خاندانی لگاو ،پھول، مشروبات اور محبت کے جذبات شامل ہیں۔چاند پر مبنی گیتوں نے دھنوں کے ساتھ مل کر مزید سامعین کو راغب کیا ہے۔گیت سریلی موسیقی کے ساتھ روشن چاندنی کی مزید واضح منظر کشی کرتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔
چین متنوع ثقافتوں اور شاندار تہواروں کا حامل ایک بڑا ملک ہے ، چین کی کوشش ہے کہ جہاں بیرونی دنیا کو چینی ثقافت و روایات سے روشناس کروایا جائے وہاں مشترکہ طور پر ثقافت کی قوت کو لوگوں کے درمیان دوستی بڑھانے اور عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے موئثر طور پر استعمال کیا جائے ۔

 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1395 Articles with 676339 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More