للن بجرنگی کی گئو بھکتی

للن بجرنگی سے کلن اندوری نے کہا یار ایک بہت بری خبر ہے۔
کیوں اب کیا ہوگیا ؟ وہ منور فاروقی جیل سے چھوٹ تو نہیں گیا؟
کلن بولا تم کس دنیا میں رہتے ہو۔ وہ تو کب کا چھوٹ گیا ۔
للن نے کہایہ تو بہت برا ہوا؟ ہمارا شیوراج چوہان ڈرپوک ہے جو اس کے خلاف یو اے پی اے نہیں لگایا۔
یو اے پی اے کوئی کھیل ہے کیا ؟ ہم لوگوں نے تو اس کا پروگرام ہی نہیں ہونے دیا ۔ وہ تو کچھ کر ہی نہیں سکا تو اس پر کیا الزام لگتا؟
کسی کو جیل بھیجنے کے لیے اس کا کچھ کرنا ضروری تھوڑی نا ہے ۔ فاروقی تو خیر اندور پہنچ گیا تھا ۔ صدیق کپن کو توہاتھرس پہنچنے سے پہلے ہی جیل بھیج دیاگیا۔
ارے بھائی للن ہمارے یہاں یوگی راج تھوڑی نا ہے کہ کسی کو بھی باغی قرار دے دیا جائے۔
ہاں یار لیکن یہ عدالت سب گڑ بڑ کردیتی ہے۔
کلن نے پوچھا کیوں اب عدالت کہاں سے بیچ میں آگئی؟
وہ الٰہ باد ہائی کورٹ نے شرجیل امام کو ضمانت دے کر یوگی کی محنت پر پانی پھیر دیا۔
یار یوگی کو اب چاہیے کہ وکاس دوبے کی طرح ان ججوں کا بھی انکاونٹر کروادے ۔
للن بولا ہاں یارقسم سے بہت برا بھلا کہتے ہیں۔ میرا تو موڈ خراب ہوجاتا ہے۔
کلن بولا ابے تجھے تھوڑی نا کچھ کہتے ہیں۔ تو ان کی باتوں کو زیادہ دل پر نہ لیا کر ،کیا سمجھا؟
کیا کروں یار کوئی مودی کو کچھ کہہ دے تومیں برداشت کرلوں گا لیکن اپنے یوگی مہاراج سنت مہاتما ہیں ۔ ان کے بھگوالباس کا تو احترام ہونا چاہیے۔
یار سچ بولوں اگر انسان بھگوا کے بجائے ہرے کپڑے پہن کر بھی اچھے کام کرے تو احترام ہوگا لیکن یوگی تو بھگوا کی مٹی پلید کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
للن بولا دیکھ جان نہ جلایا کر ورنہ میں تیرا انکاونٹر کردوں گا ۔ کیا سمجھا؟
میرا! میں نے کیا کردیا ؟ تو پاگل ہوگیا ہے کیا؟
ارے بھائی میں کہہ چکا ہوں کسی کا کچھ کرناضروری تھوڑی نا ہے؟ میں اور یوگی غصہ آجائے تو اپنا پرایا، صحیح غلط کچھ نہیں دیکھتے ۔ کیا سمجھا؟
کلن بولا یار لگتا ہے تو پاگل ہوگیا ہے؟ چل اب میں چلتا ہوں تیرے پاس بیٹھنا ٹھیک نہیں۔ پتہ نہیں کب کاٹ کھائے۔
میں تجھے جانے نہیں دوں گا ۔ پہلے یہ بتا کہ تو کون سی بری خبر سنا رہا تھا؟
ارے ہاں میں تو بھول ہی گیا۔ وہ اپنے راج گڑھ سے خُجنیر جانے والی سڑک پر ایک بہت برا حادثہ ہوگیا۔
بھائی کلن حادثہ کون سا اچھا ہوتا ہے؟ اور آج کل تو بے شمار حادثے ہوتے ہیں ۔ اب کس کس کا ماتم کیا جائے۔ اچھا ہے کچھ آبادی کم ہوجاتی ہے۔
یار ایسا نہیں کہتے ۔ اس میں اپنے ہندو جاگرن منچ اور بجرنگ دل کے دو ضلعی ذمہ داروں کی موت ہوگئی۔
للن بولا تب تو یہ پاکستان کی سازش رہی ہوگی ۔ لشکر کے لوگوں نے ان کے راستے میں بم رکھ دیا ہوگا ؟
نہیں للن ان کے راستے میں بم نہیں بلکہ مویشی یا یہ سمجھ لے کہ گائیں بیٹھی تھیں ۔
للن نے چونک کر پوچھا گائے یا کوئی اور مویشی ٹھیک سے بتا ؟
کسی خبر میں گائے تو کسی میں بھینس لیکن اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟
فرق کیوں نہیں پڑتا ؟ گائے ہماری ماتا سمان (جیسی) ہے اور بھینس ؟ اس کا گوشت بیچ بیچ کر ہم دنیا میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں ۔ بہت فرق ہے دونوں میں ۔
میں تو کہتا ہوں کوئی فرق نہیں کیونکہ دونوں سے کوئی بھی راستے میں آجائے تو یکساں حادثہ ہوجاتا ہے؟
لیکن ایک بات ہے وہ بجرنگ دل اور ہند وجاگرن منچ کے لوگ تھے تو ان کے راستے میں گائے نہیں آسکتی ۔ گئو ماتا کو تو مسلمانوں سے دشمنی ہے ۔
یار للن تو بھی کمال کرتاہے۔ گائے کو کیا معلوم کہ کون مسلمان ہے اور کون ہندو؟ اس کے لیے سب انسان ایک جیسے ہی ہوتے ہیں ؟
یہ کیسے ہوسکتا ہے ۔ ہم اس کو ماں مانتے ہیں اور مسلمان اس کا گوشت کھاتے ہیں ۔
بھائی للن گائے کو کیسے پتہ چلے کہ کون اس کو کیا مانتا ہے اور کون اس کا گوشت کھاتا ہے؟
اچھا تو کیا گائے کو کچھ نہیں پتہ؟ وہ بالکل بیوقوف جانور ہے؟
کلن بولا گائے کے بارے تو میں نہیں جانتا لیکن تمہاری بابت جانتا ہوں کیوں کہ برسوں سے تم میرے دوست ہو۔
اچھا تو یہ بتاو کہ میرے بارے میں تم کیا جانتے ہو؟
کلن نے بات بناتے ہوئے کہا یار تمہاری کیا بات ہے؟ تم تو بھولے ناتھ کے نندی بیل کی مانند بھولے بھالے یعنی احمق آدمی ہو۔
یار تم نے گائے کے ساتھ مجھے بھی برا بھلا کہنا شروع کردیا ۔
جی نہیں گائے کے بارے میں تو میں نے کوئی ایسی ویسی بات نہیں کہی ۔ تم کیوں ناراض ہورہے ہو؟
اچھا تو یہ بتاو کہ تم نے کیا کہا ؟
میں تو صرف یہ کہا کہ گائے کے لیے وہ سارے انسان برابر ہیں جو اس کو چارہ ڈالتے ہیں اور اس کا دودھ پیتے ہیں ۔
للن نے حیرانی سے کہا تب تو گائے کے لیے ہندو مسلم سب برا بر ہوگئے ۔
یہی تو میں کہہ رہا ہوں ۔
اچھا یہ بتا کہ پھر ان گایوں کا کیا ہوا؟
ارے بھائی تم عجیب آدمی ہو ۔ تمہیں اپنے نوجوان لیکھ راج اور لکھن ناگر کے بجائے گائے کی چنتا ہے۔
ہاں بھائی ہماری ساری تحریک گائے پر چل رہی ہے ۔ تنظیم کے کارکن تو آتے جاتے رہتے ہیں ۔
للن یہ آنے جانے کا نہیں زندگی اور موت کا سوال ہے۔
اچھا تو کیا گائے نے ان گاڑی الٹ دی ؟
جی نہیں، گائے نے کچھ نہیں کیا۔ اس کو بچانے کے چکر میں گاڑی سڑک کے کنارے40 ؍ فٹ گہرے کنویں میں گر گئی ۔
دیکھا تم نے ۔ گائے کو بچانے کے لیے انہوں نے اپنے جان کی قربانی دے دی َ اسے کہتے گئو بھکتی ۔
ارے نہیں ۔ وہ گاڑی راہل جوشی چلا رہا تھا ۔ اس نے گاڑی سے کود کراپنی جان بچالی۔
اس کا مطلب ہے وہ خود بچ گیا اور اپنے ساتھیوں کو کنوئیں میں ڈھکیل دیا۔
اس نے جان بوجھ کر یہ حرکت تھوڑی نا کی ؟ وہ تو ہوگیا ۔ وہ خود بھی اسپتال میں موت سے لڑ رہا ہے ۔ اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ چکی ہیں۔
لیکن اس راہل جوشی نے یہ اچھا نہیں کیا ۔ اس کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرنا چاہیے تھا۔
ارے بھائی اس نے خبردار کیا ہوگا ۔ وہ نہیں نکل سکے مگر خودکود گیا ۔
جی ہاں تقدیر کے لکھے کو کون بدل سکتا ہے؟
اور یہ بات بھی ہے کہ رات بارہ بجے اندھیری سڑک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
تب تو یہ سرکار کی غلطی ہے۔ گایوں کی حفاظت کے لیے سڑک پر روشنی کا انتظام ہونا چاہیے۔
گائےکو یا انسانوں کو بچانے کے لیے؟
للن بولا ارے بھائی دونوں کے لیے ۔ گائے بچے گی تو دیش بچے گا ۔ ہرکوئی محفوظ و مامون رہے گا۔
یہ بھی ٹھیک ہے لیکن مجھے لکھن ناگر کا بہت دکھ ہے ۔
کیوں اس سے تمہاری رشتے داری تھی کیا؟
نہیں ایسی بات نہیں اگلے دن اس کی سگائی تھی۔ گھر پر مہمان آچکے تھے ایسے میں وہ خود پرلوک سدھار گیا۔
یار کلن یہ تو بہت برا ہوا لیکن تم نے اب بھی یہ نہیں بتایا کہ ان گایوں کا کیا ہوا ۔ مجھے تو ان کی چنتاہے؟
بھائی ایسا ہے کہ جس خبر میں گائےکا ذکر ہے وہ اس بابت خاموش ہے لیکن جس میں بھینس بتایا گیا اس کے مطابق وہ بھی چل بسی ۔
بھینس چلی گئی تو کوئی بات نہیں ۔ اس کے گوشت کو تو ویسے بھی برآمد ہونا تھا لیکن اگر وہ گائے تھی تب تو ۰۰۰۰۰۰۰
کلن بولا یار اب بس بھی کرو یہ رونا ۔ مجھے تو راہل جوشی کی فکر ہے۔ خدا کرے کہ اس کی جان بچ جائے۔
ہاں ہاں میں بھی اس کے لیے دعا کرتا ہوں لیکن اگر ان گایوں کی کوئی خبر ملے تو مجھے ضرور بتانا ۔
کلن بولا سچ تو یہ ہے کہ میں نے تم سے بڑا گئو بھگت کوئی نہیں دیکھا۔
للن خوش ہوکر بولا واقعی یہ تو میرے لیے سوبھاگیہ (خوش قسمتی) کی بات ہے۔
کلن نے جواب دیا اور یہ میرے لیے درُبھاگیہ (بدبختی) کی بات ہے کہ میں تمہارا دوست ہوں ۔
 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1221163 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.