شکست کے بعد

خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی غیرمتوقع شکست نے سب کو حیران کرکے رکھ دیا سیاسی مبصرین تو کئی دنوں سے ان خدشات کااظہارکررہے تھے کہ قیامت خیز مہنگائی عمران خان کی مقبولیت کا دھڑن تختہ کرکے رکھ دے گی لیکن وزیر مشیر ان باتوں کو خاطرمیں نہ لائے اب اسی حوالے سے حوالے سے وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ کو پاکستان تحریکِ انصاف کی کارکردگی کی رپورٹ موصول ہو گئی جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے خیبر پختون خوا میں گورنر، وزراء ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے رشتے داروں اور حمایت یافتہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی اعتراف کیاہے کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں PTI نے غلطیاں کیں: لکی مروت میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ کو ٹکٹ جاری کرتے وقت نظر انداز کیا گیا، حالانکہ ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ نے سیف اللّٰہ برادران کے چاروں امیدواروں کی حمایت کی، جو جیت گئے۔ چارسدہ میں ایم این اے فضل محمد خان کے 2 حمایت یافتہ امیدوار میدان میں تھے، دونوں ہار گئے، دونوں امیدوار جیت جاتے تو وہ ایم این اے کی مرضی کے مطابق کام کرتے۔ وزیرِ مملکت شہر یار آفریدی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان خان کو ٹکٹ دیا گیا، جبکہ تحریکِ انصاف کے اہل امیدوار شفیع جان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ شفیع جان نے آزاد الیکشن لڑا اور پی ٹی آئی امیدوار سے زیادہ ووٹ لیے، انہوں نے 26 ہزار 793 ووٹ لیے جبکہ پی ٹی آئی امیدوار سلمان خان نے 15 ہزار 219 ووٹ حاصل کئے۔ گورنر شاہ فرمان کے حمایت یافتہ 2 امیدواروں رضوان بنگش اور عبدالجبار کو ٹکٹ دئیے گئے، رضوان بنگش میئر پشاور کی اہم نشست ہار گئے جبکہ عبدالجبار بڈھ بیر کے چیئرمین کی نشست بھی ہاتھ سے چلی گئی۔ جبکہ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی محمود جان کے بھائی احتشام خان کو بھی شکست ہوئی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیرِ تعلیم شہرام ترکئی کے قریبی رشتے دار بلند اقبال کو بھی ٹکٹ دیا گیا، جو ہار گئے۔اس تناظرمیں وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شکست پر انوکھے اندازمیں طنز کیاہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ریحام خان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ چائے کا کپ ہاتھ میں لیے ہوئے ہیں۔ ریحام خان کی ویڈیو میں سامنے ٹی وی پر ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت پر بریکنگ کا جملہ چل رہا ہے ٹی وی پر سرخی چل رہی ہے پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا اور تاریخ کا دھارا پلٹ گیا۔وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے یہ ویڈیو کے ساتھ دئیے گئے پیغام میں ’جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پچھاڑ دیا‘ لکھا ہے۔ انہوں نے یہ پیغام ٹی از فنٹاسٹک اور گرم چائے کے ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام، جماعتی ورکرز، عہدیداران اور تمام امیدواران کو بہت مبارک ہو، آپکی شب و روز محنت اور ہمت نے ان ناجائز حکمرانوں کے قلعے کی دیوار گرا دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اﷲ آپ کی یہ محنت اس ناجائز حکمرانی کے قلعے کی ا آخری اینٹ نکلنے اور اس ملک کو واپس ایک اسلامی اور جمہوری ملک بنانے تک جاری رہے گی۔ ی جانب ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ان کی پارٹی کی شاندار کارکردگی پر دلی مبارکباد دی۔ سچی بات تو یہ ہے کہ خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی غیرمتوقع شکست پرعمران خان سرپکڑ کربیٹھ گئے ہیں یہی حالات رہے تو پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی نتیجہ مختلف نہیں ہوگاجس کااثریقیناعام انتخابات پر پڑے گا اس لئے عمران خان کو اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو سنبھالا دینے کے لئے سنجیدگی سے کچھ کرنا ہوگا سیاسی مبصرین کہتے ہیں وگرنہ کہیں پی ٹی آئی ٹائیں ٹائیں فش ہی نہ ہو جائے۔

Ilyas Mohammad Hussain
About the Author: Ilyas Mohammad Hussain Read More Articles by Ilyas Mohammad Hussain: 474 Articles with 398831 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.