کپتان کی رخصتی یا اپوزیشن کا جنازہ

آصف علی زرداری،شہبازشریف اورمولاناپرامیدہیں کہ یہ تحریک عدم اعتمادکے ذریعے وزیراعظم عمران خان کوگھربھیج دیں گے لیکن حالات وواقعات بتارہے ہیں کہ ایساکرنایاہونایہ اتناآسان اورسادہ نہیں۔جولوگ ساڑھے تین سالوں میں کپتان کاکچھ نہیں بگاڑسکے اب وہ کپتان کے خلاف کیاتیرچلاپائیں گے۔؟جاننے والے جانتے ہیں کہ دوسروں کے جنازوں پرجانے والوں کے اکثرنہیں توبسااوقات اپنے جنازے بھی ان سے پہلے نکلتے ہیں۔ زرداری،شہباز اورمولاناجس ڈولی کوکپتان کی رخصتی سمجھ رہے ہیں کہیں اسی ڈولی میں اپوزیشن کاجنازہ تونہیں۔کیونکہ ایک بات اٹل ہے کہ تحریک عدم اعتمادکے ذریعے یاتوکپتان کی رخصتی ہوگی یاپھراپوزیشن کاجنازہ نکلے گا۔کیونکہ سیاست اورسیاستدانوں کے ڈسے عوام نے اگرکپتان کی رخصتی نہیں دیکھی توپھروہ اپوزیشن کاجنازہ دیکھے بغیربھی نہیں رہ سکیں گے ۔سچ پوچھیں توعوام کوکپتان کی رخصتی کے ساتھ اپوزیشن کاجنازہ دیکھنے کابھی بڑاشوق ہے۔وہ اپوزیشن جس کے ذوق کے باعث پچھلے ساڑھے تین چارسالوں سے روزانہ اس ملک میں غریب عوام کے جنازے نکل رہے ہیں۔اب عوام ان کاجنازہ دیکھناکیسے پسندنہیں کریں گے۔؟یہ اپوزیشن والے کپتان سے جس طرح آج نجات پانے کی راہیں دیکھ رہے ہیں یہی راستے اگریہ دوتین سال پہلے تلاش کرتے توکیاعوام کوحکومتی مظالم کے ہاتھوں اس طرح روزروزمرناپڑتا۔؟آج جولوگ تحریک عدم اعتماداورحکومت سے جان چھڑانے کوفرض قراردے رہے ہیں قوم کے یہ غمخواراس وقت کہاں تھے جب اسی کپتان کوکھلاڑیوں سمیت گھربھیجناان پرقوم کی طرف سے اہم فرض کے ساتھ ایک قرض بھی بن گیاتھا۔ملک اورقوم کے غم میں آج آنسوؤں پرآنسوبہانے والے یہ غیرت منداس وقت کہاں تھے جب حکومت مہنگائی،غربت،بیروزگاری ،ٹیکسزکی بھرمار،بجلی،گیس،ادویات اورپٹرولیم کی مدمیں لوٹ مارکے ذریعے غریب عوام پرطرح طرح کے مظالم ڈھارہی تھی۔کپتان اورکپتان کے کھلاڑیوں نے ملک اورقوم کے ساتھ جوکرناتھاوہ تو انہوں نے کرلیاہے اب ویسے بھی تبدیلی کے غبارے سے ہوانکلنے میں زیادہ دیرنہیں۔زیادہ سے زیادہ عوام کومزیدایک سال یہ حکومت نامی مصیبت برداشت کرنی پڑے گی۔جہاں ساڑھے تین چارسال ظلم پرظلم سہہ لئے ہیں وہاں ایک سال اورظلم کے سائے میں گزارنے سے کونساآسمان گرجائے گا۔تین سال خاموشی سے تماشادیکھنے کے بعداب زرداری،شہبازاورمولاناکی راتوں رات وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادلانے کے بارے میں یہ بے قراری بتارہی ہے کہ دال میں کچھ نہ کچھ نہیں بلکہ اکثر دال ہی کالی ہے۔قوم کے ان سیاسی بزرگوں اورمشران کوعوام سے زیادہ اپنی پڑی ہوئی ہے۔ان میں ہرایک کی خواہش ہے کہ ان کے ہرفیصلے سے عوام کاکچھ ہویانہ لیکن کم ازکم ان کے لئے اقتدارکی راہ ضرور ہموارہو۔بہرکیف اپوزیشن کے انہی سیاسی فرشتوں کودیکھ کراب کپتان نے بھی ان سے سیاست سیکھ لی ہے۔یہ سب توکپتان کوسیاست سے نابلدسمجھ رہے تھے لیکن وہ توکرکٹ کے ساتھ سیاست کے بھی ایسے کھلاڑی نکلے کہ اف توبہ۔تب ہی تو اب وہ سیاست کے انہی بادشاہوں اوراستادوں کے چھکے بھی چھڑارہے ہیں۔اس وقت دونوں اطراف سے صرف اقتدارکے لئے کھینچاتانی جاری ہے کپتان ہے تواسے بھی اقتدارسے چمٹے رہنے کی فکرنے پاگل کیاہواہے ،اپوزیشن والے ہیں تووہ ان سے زیادہ پاگل ہوچکے ہیں۔اقتدارکے اس کھیل میں عوام کی فکرکسی کونہیں۔اپوزیشن والوں کی خواہش ہے کہ کپتان اقتداروحکومت والی گلی سے دوہاتھ اوردوپاؤں کل نہیں آج ہی نکل جائیں جبکہ کپتان کی آرزوہے کہ اس ملک کابادشاہ سلامت وہی رہیں۔ہاتھیوں کی اس دوڑاورمقابلے میں عوام صرف رگڑے ہی جارہے ہیں اورمعلوم نہیں کہ کب تک اوررگڑے جائیں گے۔اپوزیشن والے توساڑھے تین سال گزرنے کے بعداب کپتان کے خلاف صف بندیاں کررہے ہیں جبکہ وزیراعظم نے توپہلے ہی دن ان کے خلاف محاذکھول دیاتھا۔اب دیکھنایہ ہے کہ کون فاتح ٹھہرتاہے۔ہمیں پتہ ہے کہ بدترین حکمرانی کے باعث اس وقت سب ہواؤں کارخ کپتان کی طرف ہے لیکن اس کے باوجوداپوزیشن کے لئے بھی حالات موافق نہیں۔وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادیہ اپوزیشن کے لئے کسی رسک کم نہیں۔اﷲ نہ کرے اگرکپتان کے خلاف تحریک عدم اعتمادناکام ہوگئی توپھراپوزیشن کے ہاتھ میں بھی کچھ نہیں بچے گا۔فی الحال جوعزت بچی ہے تحریک عدم اعتمادکی ناکامی سے یہ بھی ہوامیں اڑے گی۔اس لئے اپوزیشن کوسوچ سمجھ کرتحریک عدم اعتمادکی وادی میں کودناپڑے گاورنہ بصورت دیگرپھرہاتھ ملنے اورپچھتاوے کے سواکوئی دوسراراستہ نہیں رہے گا۔عددی اکثریت کے باوجوداپوزیشن سینیٹ میں حکومت کاراستہ روک نہیں پارہی۔اپنے ہی بندوں پران کاکنٹرول نہیں ۔باہران کے جوستراسی بندے ہوتے ہیں اندرجاکروہی پھرسکڑکرچالیس پچاس رہ جاتے ہیں ایسے میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی کامیابی یہ کوئی بڑامعجزہ ہی ہوسکتاہے ورنہ ویسے لگتانہیں کہ اپوزیشن کے ان تلوں میں اس طرح کاکوئی تیل ہو۔جہاں تک خوش فہمی کی بات ہے توآپ کویادہوگاپی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے جب حکومت کے خلاف مارچ کیاتھاتواس وقت بھی اسلام آبادسے واپسی پرچادرکوکندھوں پرٹکتے ہوئے مولانااس سے زیادہ خوش اورمطمئن دکھائی دے رہے تھے لیکن اس خوشی اوراطمینان کاپھرکیاہوا۔؟یہ غالباًاب کوئی رازوالی بات نہیں رہی ہے۔اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے اندراپوزیشن کی تحریکوں اورعدم اعتمادکی گنتیوں کاسابقہ ریکارڈبھی اسی طرح کی خوش فہمیوں اوروقتی اطمینان سے کچھ الگ نہیں۔مخالف یامدمقابل پہلوان سے لڑائی کے وقت کمزوردل پہلوانوں کے بھاگنے کاہم نے صرف سناتھالیکن سیاست کے میدان میں حکومت سے پنجہ آزمائی کے وقت ہم نے اپوزیشن کے ٹاپ لیڈروں اورقائدین کاغائب ہونااپنی ان آنکھوں سے دیکھا۔جہاں ٹیم لیڈکرنے والوں کی اپنی یہ حالت ہووہاں پھرچترال،کوہستان،بٹگرام یابلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک ایم این اے اورسینیٹرسے کیاگلہ۔؟انہی حالات کودیکھ کرہم کہہ رہے ہیں کہ تحریک عدم اعتمادکپتان کی رخصتی کی بجائے کہیں اپوزیشن کاجنازہ تونہیں۔اپوزیشن والے ایک بات یادرکھیں کہ اگرتحریک عدم اعتمادکے ذریعے انہوں نے وزیراعظم کورخصت نہیں کیاتوپھرمولاناکی اقتداء میں ان سب کواپناجنازہ آپ پڑھانے کے لئے بھی تیاررہناچاہئیے۔کیونکہ تحریک عدم اعتمادسے یاتوکپتان کی رخصتی ہوگی یاپھران کاجنازہ نکلے گااورآگے پھر عام انتخابات بھی ہیں۔
 
Umar Khan Jozovi
About the Author: Umar Khan Jozovi Read More Articles by Umar Khan Jozovi: 210 Articles with 133043 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.