نئی امیدیں،نیا وزیر ِ اعظم

 پاکستان کے نئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف مسلم لیگ ن کے صدر اور تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے میاں نوازشریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔ آپ کو تحریک ِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد کامیاب ہونے پر متحدہ اپوزیشن نے انہیں وزیرِ اعظم کے لئے نامزد کیاتھا۔میاں شہبازشریف ایک کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی۔ عملی سیاست میں ان کاکیرئیر بہت شاندار ہے جو چار دہائیوں پر مشتمل ہے ، آپ کی عوامی خدمت کا کیرئیر 1985میں بطور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے شروع ہوا۔ اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی پیروی کرتے ہوئے عملی سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ پہلی دفعہ 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اسمبلی کی یہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی1990میں اسے تحلیل کردیا گیا۔1990-93کے دوران قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے 1993میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996تک اپوزیشن لیڈر رہے۔1997میں تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔یہ اسمبلی بھی12 اکتوبر1999میں فوجی مداخلت کے سبب تحلیل کردی گئی تھی جنرل پرویرمشرف نے اقتدار سنبھال لیا اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت کوپی ایم ایل این کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہی ختم کردیا گیا ا س دوران آپ کو فیملی ممبران کے ہمراہ قید کرلیا گیا اور بعد میں جنرل پرویرمشرف سے ایک معاہدے کے تحت انہیں،میاں نواز شریف کے ہمراہ 10سال کیلئے سعودی عرب جلاوطن کردیا گیا۔ میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2008میں چوتھی مرتبہ بلا مقابلہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 8 جون 2008سے26مارچ2013تک دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مئی 2013 کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی پی ایم ایل این بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی۔ میاں شہبازشریف صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی۔159، پی پی۔ 161، پی پی۔247)اور (این اے۔129)کی ایک قومی نشست پر کامیاب قرارپائے۔ تاہم آپ نے پی پی۔159کی نشست برقرار رکھی نتیجتاً وہ تیسری مرتبہ ریکارڈ حیثیت میں وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ شہباز شریف 2018میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے عمران خان کے مقابلہ میں وزیراعظم کا انتخاب بھی لڑا، عمران خان176ووٹ لے کر وزیر اعظم منتخب ہوگئے تھے شہباز شریف کو96ووٹ پڑے۔جس کے بعد شہبازشریف قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف نامزد ہوئے۔ شہبازشریف ایک متحرک لیڈر ہیں جو اپنی مضبوط اور بہترین ایڈمنسٹریشن کی بدولت پہچانے جاتے ہیں اپوزیشن نے انہیں شوباز شریف کا لقب دے رکھاہے میاں شہبازشریف متعدد شادیوں کے حوالے سے بھی بہت مشہور ہوئے آصف علی زرداری نے اپنے دور ِ حکومت میں میاں نوازشریف،میاں شہبازشریف اور ان کے فیملی ممبران بیٹیوں،بیٹیوں اور قریبی افرادکے خلاف کرپشن ،منی لانڈرنگ،اختیارات سے تجاوز کے درجنوں مقدمات قائم کئے جو آج بھی نیب عدالتوں میں زیر ِسماعت ہیں سابقہ پی ٹی آئی حکومت نے میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے درجنوں بے نامی اکاؤنٹس میں کھربوں روپے کی منی ٹرانزیکشن کا سراغ لگانے کا دعوی ٰ بھی کیاہے یہ مقدمات بھی عدالتوں میں زیر ِ سماعت ہیں ۔ پیپلزپارٹی،MQM،مسلم لیگ ن ،JUI، بلوچستان عوامی پارٹی اور PTIکے منحرفین ارکان ِ اسمبلی پر مشتمل متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد انہیں وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا اور مزے کی بات یہ ہے جس تاریخ11اپریل کو نیب نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد ِ جرم لگانے کااعلان کیا تھا اسی روز میاں شہبازشریف پاکستان کے 23ویں وزیر ِ اعظم منتخب ہوگئے یہ بھی عالمی تاریخ میں ایک منفرد واقعہ اور اپنی نو عیت کا ریکارڈ ہے۔ حمزہ شہباز نے کہاہے کہ پاکستان کا ایک بھیانک دور سے امید کی طرف کا سفر سب کو مبارک ہو ساڑھے تین سالوں میں قوم کو بدترین حکمرانی، مہنگائی اور غربت کی چکی میں پیس دیا گیا۔ اس عرصے میں قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی اور رکیک پراپیگنڈا کیا گیا۔ آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں گئیں آئین شکنی کی گئی اور عام پاکستانیوں کی آنکھوں سے خواب نوچ لئے گئے۔ پہلے بھی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالا تھا اب یہ سفر دوبارہ سے شروع کریں گے۔ نئے وزیر ِ اعظم میاں شہبازشریف سے عوام کی نئی امیدیں ہیں امیدہے کہ وہ ان امیدوں پر پورا اتریں گے۔
 

Ilyas Mohammad Hussain
About the Author: Ilyas Mohammad Hussain Read More Articles by Ilyas Mohammad Hussain: 474 Articles with 398829 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.