چین کی اہم ترین سیاسی سرگرمی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی
پی سی) کی 20ویں قومی کانگریس آئندہ ماہ کے وسط میں منعقد ہو گی جس کے لیے
تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اسی حوالے سے 20ویں قومی کانگریس
میں شرکت کرنے والے تمام نمائندوں کے انتخاب کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر
لیا گیا ہے اور مجموعی طور پر 2296 نمائندوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔ مندوبین
کا انتخاب نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے بارے میں شی جن پھنگ
کے تصورات کی رہنمائی، پارٹی کے آئین، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے تقاضوں
اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے مطلوبہ میکانزم کو اپناتے ہوئے کیا گیا ہے۔
یہ بات قابل زکر ہے کہ منتخب شدہ مندوبین سی پی سی کے ایسے شاندار ارکان پر
مشتمل ہیں جو نظریاتی اور سیاسی لحاظ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، پیشہ ورانہ
صلاحیتوں اور اعلیٰ اخلاقی معیار کے حامل ہیں، ریاستی امور پر تبادلہ خیال
کرنے کے اہل ہیں، اور انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران نمایاں
کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ان نمائندوں میں سرکاری عہدے دار، مزدور، خواتین
پارٹی ارکان، اقلیتی قومیتوں سے متعلقہ پارٹی ارکان، معیشت، سائنس و
ٹیکنالوجی،قومی دفاع، تعلیم، قانون،ثقافت، طبی سروس اور سماجی نظام سمیت
مختلف شعبوں سے متعلقہ نمائندے شامل ہیں۔تاہم ان مندوبین کی آئندہ کانگریس
میں شرکت سے قبل ان کی اہلیت کی تصدیق ایک خصوصی جائزہ کمیٹی کرے گی۔وسیع
تناظر میں یہ مندوبین پارٹی کے 96 ملین سے زیادہ ممبران اور 4.9 ملین سے
زیادہ بنیادی سطح کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ تمام اقلیتی قومیتوں کے لوگوں کی
امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
دیکھا جائے تو سی پی سی کی 20 ویں قومی کانگریس ایک انتہائی اہمیت کا حامل
اجلاس ہے جو ایک نازک لمحے میں منعقد ہو رہا ہے کیونکہ پارٹی اور تمام
قومیتوں کے لوگ ایک جامع جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کے لیے ایک نئے سفر کا
آغاز کر رہے ہیں، اور دوسرے صد سالہ ہدف کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔یہی
وجہ ہے کہ کانگریس آئندہ پانچ سالوں اور اس کے بعد پارٹی اور ملک کے تناظر
میں اہم اہداف، کاموں اور اہم پالیسیوں کے بارے میں ٹھوس منصوبہ بندی وضع
کرے گی۔ماضی میں حاصل شدہ کامیابیوں کی بنیاد پر پارٹی اور ملک کے مقصد کو
آگے بڑھانا، چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کا روشن مستقبل اور چینی قوم کی
عظیم نشاۃ الثانیہ کا حصول ، کانگریس کے اہم ترین مقاصد ہیں۔دوسری جانب
چینی تمام قومیتوں کے لوگوں کو متحد کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے
بھی یہ ایک انتہائی اہمیت کی حامل سرگرمی ہے۔
یہ امر قابل زکر ہے کہ قومی کانگریس گزشتہ پانچ سالوں میں پارٹی کی
کارکردگی کا جائزہ لے گی، ساتھ ہی ساتھ شی جن پھنگ کی مرکزی حیثیت سے پارٹی
کی مرکزی کمیٹی کی اہم کامیابیوں اور قیمتی تجربات کا جائزہ لے گی جو پوری
پارٹی اور تمام قومیتوں کے چینی لوگوں کو آپس میں متحد رکھنے اور ان کی
رہنمائی کرنے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، تاکہ نئے دور میں چینی خصوصیات کے
حامل سوشلزم کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی منازل طے کی جا سکیں۔ اس اہم
سرگرمی کے دوران جہاں ایکشن پلان اور اہم پالیسیاں مرتب کی جائیں گی وہاں
پارٹی کے تمام ارکان اور ملک بھر کی تمام قومیتوں کے لوگوں کو اپنی عظیم
تاریخ پر اعتماد کرتے ہوئے اس کی بنیاد پر اختراعات اور بہادری سے آگے
بڑھنے کی تحریک دی جائے گی۔ تمام چینی عوام کے لیے مشترکہ خوشحالی کو آگے
بڑھایا جائے گا، پارٹی کی تعمیر اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی
تعمیر کے نئے عظیم منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔اس ہم سیاسی سرگرمی سے یہ
مضبوط پیغام دیا جائے گا کہ تمام پارٹی ممبران اور ملک بھر کی تمام قومیتوں
سے تعلق رکھنے والے افراد ، چین کو ہر لحاظ سے ایک جدید سوشلسٹ ملک بنانے
اور تمام محاذوں پر چینی قوم کی عظیم نشاۃ الثانیہ کو آگے بڑھانے کے لیے مل
کر کام کریں اور اتحاد کے جذبے کو ملکی مفاد میں احسن انداز سے بروئے کار
لائیں۔اسی کانگریس کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی ایک نئی مرکزی کمیٹی
اور سی پی سی کے نئے مرکزی انضباطی معائنہ کمیشن کا انتخاب کیا جائے گا۔
وسیع تناظر میں چین کی یہ اہم سیاسی سرگرمی جہاں چین کے مفادات کی بہتر
ترجمانی کرے گی وہاں یہ امید بھی کی جا رہی ہے کہ چین ایسی پالیسیاں اور
اقدامات متعارف کروائے گا جو مختلف تنازعات، بحرانوں اور معاشی مسائل سے
دوچار دنیا میں استحکام کا موجب ہوں گے۔چین میں تمام حلقوں کا یہ پختہ
اعتماد ہے کہ شی جن پھنگ کی مرکزی حیثیت سے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی
مضبوط قیادت میں تمام مندوبین کی مشترکہ کوششوں سے 20ویں سی پی سی قومی
کانگریس اتحاد، فتح اور جدوجہد کی کانگریس ہو گی۔
|