بعثت ِنبوی ﷺ سے پہلے دنیا کی معاشرتی صورتحال :
نبی کریم ﷺ کی بعثت مبارکہ سے پہلے دنیا کی معاشرتی صورتحال انتہائی دگرگوں
تھی ،تہذیب و تمدن نفسانی خواہشات اور وڈیروں کے تابع تھی،دنیا کے ہر کوچے
اور ہر گلی میں انسانیت سسک رہی تھی اور زبان حال سے کسی مسیحا کو پکار رہی
تھی ،مرد اور عورت فطرتی رشتوں کے بندھن سے آزاد جانوروں کے معاشرے کی
عکاسی کررہے تھے ،عورت محض مرد کی لذت کے حصول کا ذریعہ تھی اور اس کی
معاشرتی حالت اتنی جاں بلب تھی کہ کوئی شریف شخص اپنے گھر میں بیٹی پیدا
کرنا ہی نہیں چاہتا تھا، لوگ ایک در کی عبودیت کی بجائے در در کے سجدہ ریز
ہورہے تھے ، ستم بالائے ستم کہ جو چیزیں کسی بھی مہذب معاشرے میں بد سے
بدترین سمجھی جاتی ہیں وہی چیزیں اس معاشرے میں باعث ِ فخر سمجھی جانے لگی
تھیں ،انارکی اور ظلم وتعدی کا یہ عالم تھا کہ زورآور کمزوروں کے لیے حرفِ
آخر سمجھا جاتا تھا اور مجبوروں ،مقہوروں کا کوئی والی وارث نہیں تھا ،غلام
انسانیت کے درجے سے خارج کردیئے گئے تھے ،بات بے بات لڑائی جھگڑے معمول کی
بات تھی ،لوگوں کی بنیادی ضروریات زندگی کا حصول مشکل بنادیا گیا تھا،قانون
طاقتور کے لیے لچک دار اور کمزور کے لیے سخت گیر ہوگیا تھا ،شرافت کا معیار
انسانیت کی بجائے دولت ،طاقت اور اچھا عہدہ تھا ۔
نبی کریمﷺ کی بعثت ِ مبارکہ کے بعد چند ہی سالوں میں دنیا کا معاشرتی نقشہ
بدل گیا ،تاریخ آج بھی ورطہ حیرت میں ہے کہ اتنا بڑا معاشرتی انقلاب چند
سالوں میں کیسے ممکن ہوا ،وہ معاشرتی انقلاب اتنا جامع و مکمل تھا ،اتنا
کامل و اکمل تھا ،اتنا بہترین اور لازوال تھا کہ پندرہ سو سال بعد بھی اگر
کائنات انسانی میں کسی آئیڈیل معاشرے کی مثال دی جاتی ہے تو کیا اپنے کیا
پرائے سب کے سب نبوی معاشرے کی مثال دیتے ہیں ۔
نبی کریم ﷺ کی معاشرتی اصلاحات:
نبی کریم ﷺ نے اپنے اردگرد موجود لوگوں کی معاشرت کو دنیا کے لیے نمونہ
بنانا تھا سو اس لیے ان کی معاشرت کو بہتر سے بہترین بنایا یہ نبی کریم ﷺ
کی محنت ہی تھی کہ جو لوگ معاشرتی بد حالی کا شکار تھے وہ ہی لوگ معاشرتی
زندگی کے لیے کسوٹی اور پیمانہ بن گئے ،جس معاشرے کے بارے میں اس وقت کے
دانشور اور زعماء یہ گمان کرتے تھے کہ یہ معاشرہ ڈیڈ لیول پر جاچکا ہے اور
اب اس کی بہتری کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی وہی معاشرہ نبویﷺ اصلاحات کی
بدولت دنیا کا بہترین اور آئیڈیل معاشرہ کہلایا۔
نبی کریم ﷺ نے لوگوں کے دلوں سے ایک دوسرے کی نفرت کو نکال کر ایک دوسرے کے
لیے محبت بھر دی بلکہ اس سے بھی آگے ایثار اور قربانی کا جذبہ پیدا کردیا
کہ اپنی ذات اور ضروریات پر دوسرے مسلمان کی ضروریات مقدم لگنے لگیں ،اپنی
جان سے زیادہ دوسرے مسلمان کی جان عزیز ہونے لگی اور خون کے پیاسے محبت کے
خوگر بن گئے ،در در پر جھکنے والے ایک در کے ایسے غلام بنے کی دنیا کی
طاقتیں ان کے قدموں تلے روندی جانے لگیں، نبی کریم ﷺ نے ان کی معاشرت کو
ایسا سنوارہ کہ وہ چرواہے جنہیں تہذیب و تمدن کا سرے سے پتا ہی نہیں تھا
دنیا نے انہی کے تمدن سے اپنے معاشروں کے خطوط استوار کیے،انہی چراغوں سے
روشنی لیکر اپنے عہدوں کوروشن کیا ،انہی کے قدموں سے علم کے و ہ سُوتے
پھوٹے کہ آج تک معاشرت اور عمرانیات کے علوم ان کے در کے ریزہ چیں ہیں ۔
نبوی معاشرے کے بنیادی اجزاء میں سے ایک امر باالمعروف نہی عن المنکر
تھا،نیکی کی تلقین اور برائی سے روک تھا م ، نبوی معاشرے کا ہر فرد اس عمل
سے چوبیس گھنٹوں میں کبھی بھی غافل نہیں ہوتا تھا اسی وجہ سے اس معاشرے میں
کرائم لیول زیرو تھا نہ صرف کرائم لیول زیرو تھا بلکہ اسی امر بالمعروف اور
نہی عن المنکر کی برکت سے نبوی معاشرہ جسمانی بیماریوں سے بھی محفوظ تھا ۔
اسی طرح نبوی معاشرہ کو نبی کریم ﷺ نے تعاونوا علی البر واتقوی والا تعاونو
ا علی الاثم والعدوان پر کھڑا کیا تھا کہ نیک کاموں میں ایک دوسرے کا بھر
پور ساتھ دینا اور برے کاموں میں بالکل بھی ساتھ نہیں دینا اس سے معاشرہ
اخلاقی برائیوں سے بالکل پاک ہوگیا تھا ۔
اسی طرح دین پر عمل کرنے کا جذبہ تمام کاموں اور تمام جذبوں پر غالب تھا
،دینی تقاضا آنے کے بعد ان کے ذاتی تقاضے دور کہیں پیچھے رہ جاتے تھے ،اسی
طرح نبوی معاشرے کی ایک خاصیت یہ تھی کہ ان میں ایمانداری ،خوف خدا،خشیت
الہی،عفوو درگزر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا جس سے ا ن کی معاشرتی خوبصورتی کو
چار چاند لگے اور وہ ایک مکمل متمدن معاشرہ کہلوایا۔
نبی کریم ﷺ کی معاشرتی زندگی :
نبوی معاشرے کی جتنی بھی خوبصورتیاں ہم اوپر پڑھ کر آئے ہیں ان سب کی نبی
کریم ﷺ نے صرف تبلیغ نہیں کی بلکہ خود عمل کرکے صحابہ کرام رضوان اﷲ تعالی
علیھم اجمعین کو سکھلایا، نبی کریم ﷺ کی معاشرتی زندگی صحابہ کرام رضی اﷲ
عنہم کے لیے عملی نمونہ تھی اور نبی کریم ﷺ احکامات الہی پر عمل پیرا ہونے
میں صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم سے کہیں زیادہ آگے اورمستعد تھے ۔
نبی کریم ﷺ کی معاشرتی زندگی پر کوئی صاحب فکر و دانش انگلی نہیں اٹھا سکتا
،اتنی جامع و مکمل معاشرتی زندگی دنیا میں آپ ﷺ کے علاوہ کسی کو عطا ہی
نہیں کی گئی ،حسنِ معاشرت کے تمام چشمے نبی کریم ﷺ کی قدموں سے پھوٹے
،تہذیب و تمدن کی تمام رعنائیاں آپ ﷺ کے قدموں کے صدقے اس کائنات کے
معاشروں کو خیرات کی گئیں،فلاح انسانی کے تمام رستے آپ ﷺ کی معاشرتی زندگی
کے رہین منت ہیں ،دنیاوی سطوت و اخروی نجات کی تمام جہتیں آپ ﷺ کے نقشِ پا
میں پنہاں ہیں۔
آج کی جاں بلب انسانیت کو بھی نبوی تعلیمات اور نبوی معاشرت کی ضرورت ہے
،ہمارا معاشرہ انسانیت کے لیول سے نیچے گر چکا ہے ،تعلیم میں ہم دنیا سے
بہت پیچھے ہیں ،صحت میں بھی بہت پیچھے ہیں ،نظام عدل و انصاف میں پہلے سو
ممالک میں ہمارا نام نہیں ،گڈ گورننس نام کی چیز موجود نہیں ،طاقت ور اور
کمزور کے لیے قانون کی الگ الگ تشریحات کی جاتی ہیں غرض معاشرتی بدحالی اور
اخلاقی زبوں حالی کی ریڈ لائن عبور کرچکے ہیں ایسے میں بہت زیادہ ضروری ہے
کہ ہم نبوی معاشرت کو آئیڈیل بنائیں اور انہی خطوط پر اپنے معاشرے کی تشکیل
کریں ۔
|