کہکشاں پہ قدم

بہت پہلے غالباً سیارہ ڈائجسٹ میں سائنس فکشن پر مبنی ایک کہانی پڑھی تھی جو کچھ اس طرح سے تھی کہ کوئی امریکی مسافر ہوائی جہاز اپنے معمول کے سفر پر روانہ ہوا مگر کسی وجہ سے راستہ بھٹک گیا اور شاید وورم ہول میں داخل ہو کر کسی دوسرے سیارے پر پہنچ گیا جو تقریباً زمین جیسا ہی تھا اور وہاں پائی جانے والی مخلوق بھی انسانوں سے ملتی جلتی ہی تھی ۔ آگے بہت ساری تفصیلات تھیں جن کے مطابق انہوں نے جہاز کے تمام مسافروں کو اپنے قابو میں لے لیا یعنی قیدی بنا لیا ۔ ان ہی میں ایک ڈاکٹر بھی تھا جس نے اس سیارے کے ایک سائنسدان کا علاج کیا جس کا سارا جسم آبلہ زدہ تھا ڈاکٹر نے سمجھ لیا کہ یہ ایٹمی تابکاری کے اثرات ہیں اور اشاروں کی زبان سے پتہ چلا کہ وہ اپنے سپیس شٹل سے زمین تک ہو کے آیا ہے وہاں کسی حادثے کے نتیجے میں وہ تابکاری سے متاثر ہوا ، زمینی ڈاکٹر کے علاج سے وہ صحتیاب ہو گیا ۔ پھر زمینی لوگوں کی زندگی اس اجنبی سیارے پر معمول کے مطابق گزرنے لگی ایک ٹیچر وہاں کے بچوں کو اپنی زبان میں پڑھنا لکھنا سکھانے لگی لوگ کام کاج محنت مزدوری کرنے لگے کچھ کی آپس میں شادیاں بھی ہوئیں بچے بھی پیدا ہوئے اور مقامی بچوں سے لڑائی جھگڑے کا بھی ذکر تھا ، کچھ معمر مسافروں کا انتقال ہو گیا ۔ اسی طرح بارہ سال گزر گئے بالآخر اس سیارے کے بڑوں کو ان پر رحم آ گیا اور انہوں نے زمین والوں کو وہ راستہ بتا دیا جس پر سفر کر کے وہ بحفاظت واپس اپنے سیارے پر پہنچ سکتے تھے ۔
دیکھیں اصل کہانی تو بہت دلچسپ منطقی اور سنسنی خیز تھی ہم نے تو بس یادداشت کے سہارے جیسے تیسے اس کا کچھ خلاصہ بیان کرنے کی کوشش کی ہے اور ٹھوس زمینی و سائنسی حقائق کے حساب سے تو بیشمار ٹیکنیکل سوالات بھی اٹھتے ہیں بہرحال جو بھی ہو وہ تحریر پھر کبھی دوبارہ نظر سے نہیں گزری اور آج تک یاد آتی ہے ۔ کیا کسی کے علم میں ہے پھر سے پڑھنے کو مل سکتی ہے؟ ہمیں نہ تو اس کا عنوان یاد ہے اور نہ ہی مصنف و مترجم کا نام ۔ ہاں آخری کی چند سطریں آج تک یاد ہیں ۔۔۔
بارہ سال بعد کنٹرول ٹاور کو فلائٹ (نام یاد نہیں) کی طرف سے پیغام موصول ہوا
ہیلو! میں کیپٹن ہاپکنز بول رہا ہوں ہم نا معلوم خلاؤں کے دام سے نکل آئے ہیں اور دنیا کے لئے خلائی تاریخ کی سب سے بڑی خبر لے کر آ رہے ہیں ۔

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 228 Articles with 1853689 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.