از:۔رائے منظور ناصر
پڑھیئے اور پچاس(50) لاکھ روپے کے انعامات صاحل کیجئے۔
" />

"سیرت النبی ﷺ"

"سیرت النبی ﷺ"
از:۔رائے منظور ناصر
پڑھیئے اور پچاس(50) لاکھ روپے کے انعامات صاحل کیجئے۔

"سیرت النبی ﷺ"

"سیرت النبی ﷺ"
از:۔رائے منظور ناصر
---------------------------------
پیغمبرآخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لیے اسوۂ حسنہ ہے آپ ﷺ کی مبارک زندگی قرآن کریم کا عملی نمونہ ہے۔گویا آپﷺ چلتا پھرتا قرآن ہیں اور آپ ﷺ کی اطاعت ہی سے ہدایت میسر آسکتی ہے۔اس کے لیے ضروری ہے کہ آپﷺ کی حیات اقدس کامطالعہ کیا جائے او راپنے کرداروعمل کو اس کے مطابق ڈھالا جائے۔یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ آپ ﷺ کو خالق ارض و سما نے نسلِ انسانی کے لیے نمونہٴ کاملہ اور اسوہٴ حسنہ بنایاہے اور آپﷺ کے طریقہ کو فطری طریقہ قرار دیا ہے۔
محسن انسانیت صلوات اللہ علیہ وسلامہ کے معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار ومعیار ہیں، یہی وجہ ہے کہ سیرة النبیﷺ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سےمحفوظ کرادیا ہے آپﷺ کی ہر ادا کو آپﷺ کے متوالوں نے محفوظ رکھاہے اور سند کے ساتھ تحقیقی طور پر ہم تک پہنچایا ہے۔ لہٰذا سیرة النبیﷺ کی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے۔
دنیائے انسانیت کسی بھی عظیم المرتب ہستی کے حالات زندگی، معمولات زندگی، انداز و اطوار، مزاج و رجحان، حرکات و سکنات، نشست و برخاست اور عادات وخیالات اتنے کامل ومدلل طریقہ پر نہیں ہیں جس طرح کہ ایک ایک جزئیہ سیرة النبیﷺ کا تحریری شکل میں دنیا کے سامنے ہے یہاں تک کہ آپ سے متعلق افراد اور آپﷺ سے متعلق اشیاء کی تفاصیل بھی سند کے ساتھ سیرت و تاریخ میں ہر خاص و عام کو مل جائیں گی۔ اس لیے کہ اس دنیائے فانی میں ایک پسندیدہ کامل زندگی گذارنے کے لیے اللہ رب العزت نے اسلام کو نظامِ حیات اور رسولِ خداﷺ کو نمونہٴ حیات بنایا ہے وہی طریقہ اسلامی طریقہ ہوگا جو رسول خداﷺ سے قولاً، فعلاً منقول ہے۔
"سیرت النبیﷺ" رائے منظور ناصر۔۔۔۔
حضور ﷺ کی سیرت و کردار اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے نئی نسل اور عام مسلمانوں کو روشناس کرانے کیلئے سیرت پرلکھی جانے والی نئی کتاب ہے جس کے مصنف نے پڑھنے والوں کیلئے اس کی مفت فراہمی کے علاوہ 50لاکھ روپےکے انعامات کا بھی اعلان کیا ہے۔491 صفحات پر مشتمل’ سیرت النبیﷺ ‘ کے عنوان سے یہ کتاب خاتم النبیین یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور حکومت پنجاب کے اعلیٰ سرکاری عہدیدار رائے منظور ناصر نے تحریر کی ہے۔ اس کتاب میں حضور اکرم ﷺ کی پیدائش سے لیکر آپ کے دنیا سے پردہ فرمانے تک کے تاریخی واقعات انتہائی سادہ انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔جناب رائے منظور طاہر کے مطابق اس کتاب میں کسی خاص مسلکی نقطہ نظرکے بجائے اسلامی نقطہ نظر کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کسی بھی کتاب کے سرورق پر انعام کا اشتہار فی زمانہ ایک غیر معمولی روایت ہے۔لیکن ’لالچ برائے ثواب‘ کا راستہ اختیار کرنے کی جو وجہ مصنف نے بیان کی ہے اس کے مطابق آج کے سماجی بگاڑ کی اہم ترین وجہ حضورﷺ کی سیرت اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہی نہ ہونا ہے۔جبکہ دوسری جانب جب ان تعلیمات کو مذہب کی بجائے مسلک کے پلیٹ فارم سے پیش کیا جاتا ہے تو اس پر اسلام کی بنیادی تعلیمات کی بجائے ’اسلامی معلومات‘ کا گمان ہوتا ہے،جس کے باعث نوجوانوں کی اکثریت کیلئے یہ قابل عمل اور قابل تقلید نہیں رہتیں۔ اسی لیے وہ اس کی جانب متوجہ بھی نہیں ہوتے۔ مصنف رائے منظور ناصر کے مطابق حکومت پنجاب کے ایک ووکیشنل تعلیم کے ادارے کے سربراہ کے طور پر حاصل تجربے نے انہیں یہ راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا ۔
اُن کے بقول جب انہوں نے اس ادارے کے سربراہ کے طور پر سیرت النبیﷺ کے موضوع پر 5لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کرایا تو اس کے ذریعے پنجاب بھر سے 4 لاکھ کے قریب طلبہ، اساتذہ اور ان کے والدین اس عمل کا حصہ بنے ۔اس لیے معاشرے کو دوبارہ سے حضور کے کردار اور اسلام کی بنیادی لیکن سادہ ترین تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے انہوں نے یہ طریقہ اختیار کیا ہے۔اُن کے بقول اس مقصد کیلئے کسی سے بھی کوئی رقم وصول نہیں کی جاتی بلکہ ذاتی وسائل سے اس مقصد کیلئے خرچ کا مقصد صرف اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی اور معاشرے کی فلاح ہے۔
رائے منظور ناصرسینئر بیوروکریٹ اور صاحب علم آدمی ہیں۔ان کا اصل حوالہ اب ان کی سیرت پر کتاب اور اس حوالے سے ان کا ایک بڑاانعامی پراجیکٹ ہے۔ یہ کتاب (488 )صفحات پر مشتمل ہے، اس کے اشاعتی ادارے یا کتاب منگوانے کے لئے کوئی ایڈریس موجود نہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کتاب کو کمرشل بنیاد پر فروخت نہیں کیا جا رہا۔ ابتدائی صفحات میں البتہ ایک ای میل دی گئی ہے اور ایک واٹس ایپ نمبر۔ ای میل یا فون نمبر پر میسج کر کے کتاب منگوائی جا سکتی ہے ۔
امر واقعہ یہ ہے کہ آج تک سیرت مبارکہ ﷺ پر بے شمار شاندار کتابیں لکھی گئی ہیں، اردو میں اتنا زیادہ اور عمدہ مواد دستیاب ہے کہ نئے لکھاری کے لئے یہ انتخاب کرنا دشوار ہوجاتا ہے کہ سیرت پر کس زاویے سے لکھا جائے۔ رائے منظور ناصر نے سادہ طریقہ اپنایا۔ انہوں نے بہت عام فہم اور سادہ انداز میں یہ کتاب لکھی ہے، جس کا مقصد اس کے سوا کیا ہوسکتا ہے کہ اسکول کے طلبہ سے لے کر پختہ عمر سنجیدہ لوگ بھی یکساں دلچسپی سے پڑھ سکیں۔ اس کتاب میں
آپ ﷺ کی زندگی کے اہم واقعات( پیدائش سے ظہور نبوت، مکی مدنی زندگی، غزوات اور پھروصال مبارک) اور چند بہت ہی معلوماتی مضامین( جن میں آپ ﷺ کے عزیز واقارب، اولاد وغیرہ کی تفصیل) شامل ہیں۔اس کے علاوہ قرآن پاک کے بارے میں بہت سی دلچسپ معلومات ،حدیث مبارکہ کے بارے میں ابتدائی معلومات، حدیث کی اہم کتابوں کی تفصیل وغیرہ، کچھ بنیادی چیزوں کے بارے میں بنیادی شرعی احکامات اور معلومات بھی دی گئی ہیں جیسے نماز، روزہ، زکواتہ ، حج وغیرہ ،پاکی پاکیزگی ، غسل، وضو وغیرہ کے مسائل بھی ساتھ ہی شامل کر دئیے ہیں۔ کتاب میں مختلف عنوانات پر سادہ اور آسان الفاظ میں عمدگی سے بنیادی باتیں اور شریعت کے تقاضے سمجھانے کی بھی کوشش کی گئی۔ یہ وہ موضوعات ہیں جن کا ہماری زندگی سے گہرا تعلق ہے ۔ یہ کتاب ایسی مستند تاریخ ہے جس میں قرآن و حدیث کے علاوہ نقشوں اور مثالوں سے سمجھایا گیا ہے کہ دور نبوی ﷺ کے مسلمان (صحابی) کیا تھے اور آج ہم کیا ہیں ۔ تعلیم و تربیت سے لے کر اخلاقیات و عبادات، حقوق اللہ و حقوق العباداور امر بالمعروف، نہی عن المنکر ،جہاد کے احکامات اور غیرمسلموں کے ساتھ سلوک تک کیا ہے جو اس کتاب میں نہیں ہے ۔
ہماری نظر میں جہاں جناب رائے منظور ناصر صاحب کی یہ کتاب ایک قابل تحسین اور قابل تعریف کام ہے،وہیں مصنف کی جانب سے ایک اوربڑا کام یہ بھی ہے کہ اس کتاب کے پڑھنے والوں کے لئے ایک بڑا انعامی مقابلہ رکھا ہے۔ اس میں پچاس لاکھ تک کے انعامات دئیے جائیں گے، پہلا انعام بیس لاکھ روپے ہوگا جبکہ ایک سو دیگر لوگوں کو بھی انعامات دئیے جائیں گے۔ کتاب کے ساتھ ایک داخلہ فارم ہے جسے پر کر کے بھیجنے سے آپ مقابلہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ کتاب کو ابھی طرح باربار پڑھنا اور اہم معلومات ذہن نشین رکھنا ضروری ہے کیونکہ مقابلہ میں سوالات کتاب ہی سے ہوں گے۔
”ایں سعادت بزور بازو نیست تا نہ بخشد خدائے بخشندہ“ (جب تک عطا کرنے والا خدا کسی کو مرتبہ و عزت عطا نہ کرے یہ سعادت بزور بازو حاصل نہیں ہوتی) ۔کے تناظر میں ہماری نظر میں یہ ایک اچھی کاوش ہے کہ کوئز مقابلے کے ذریعے قارئین کو سیرت مبارکہ کے منور گوشوں کو تفصیل اور باریک بینی سے پڑھنے اور یاد رکھنے کی ترغیب دی جائے۔ رائے منظور ناصر صاحب نے کتاب کی ابتدا اور بیک ٹائٹل پر واضح کر دیا ہے کہ اس سکیم کے لئے کسی قسم کا چندہ یا عطیہ وصول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی فنڈریزنگ کی گئی۔ ہمارا ماننا ہے کہ ایک مسلمان کی زندگی میں بدلاؤ اور بہتری صرف اور صرف سرکار مدینہ ﷺ کی سیرت مبارکہ کی پیروی کر کے ہوسکتی ہے۔ سیرت پر لکھنے، اسے پھیلانے، ترویج دینے والا ہر ایک آدمی تعریف اور شکریہ کا مستحق ہے۔ اللہ کریم رائے منظور ناصر صاحب ان کی مساعی قبول فرمائے، آمین۔
سیرت النبیﷺ پر یہ گرانقدر تحفہ ہمیں ہمارے محب جناب جبار مرزا صاحب کے توسط سے موصول ہوا جس کے ہم جنا ب جبار مرزا صاحب اور بالخصوص قلم ٖفاؤنڈیشن لاہور کے جملہ احباب کے دل سے شکر گزار ہیں۔
جزاک اللہ خیرا فی الدارین
محمداحمد ترازی کراچی
M.Ahmed Tarazi
About the Author: M.Ahmed Tarazi Read More Articles by M.Ahmed Tarazi: 319 Articles with 359352 views I m a artical Writer.its is my hoby.. View More