بیجنگ کا عالمی سائنس سٹی رینکنگ میں پہلا نمبر

چین کا دارالحکومت بیجنگ مسلسل آٹھ سالوں سے عالمی سائنس سٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔نیچر انڈیکس معروف تحقیقی جرائد میں مضامین کے مصنفین پر نظر رکھتا ہے اور بیجنگ کی درجہ بندی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ شہر دنیا کا سرفہرست سائنسی شہر ہے۔سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کی تلاش اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں اعلی درجے کے ٹیلنٹ کو راغب کرنے میں دارالحکومت کی کامیابی بھی انتہائی متاثر کن ہے۔ بیجنگ میں 92 کالج اور یونیورسٹیاں ہیں اور ایک ہزار سے زائد تحقیقی ادارے اور شہر کی قومی لیبارٹریوں اور بڑی سائنسی تنصیبات کی تعداد ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔

تحقیق اور ترقی میں بیجنگ کی سرمایہ کاری بھی ملک میں سب سے بڑی سرمایہ کاری میں سے ایک رہی ہے۔ بیجنگ میں ہر 10,000 افراد کے پاس اوسطاً 262 سے زائد ایجادات کے پیٹنٹ ہیں، جو چین میں پہلے نمبر پر ہیں۔دارالحکومت میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد سائنسی محققین کے ساتھ ایک بڑا ٹیلنٹ پول ہے۔ مثال کے طور پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بیجنگ کا ٹاپ ٹیلنٹ ، ملک کی کل تعداد کا تقریباً 43 فیصد ہے۔بیجنگ میں ہر روز اوسطاً 337 ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ادارے قائم کیے جاتے ہیں ، اور قومی ہائی ٹیک انٹرپرائزز اور یونی کورن انٹرپرائزز کی تعداد ملک کے تمام شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔

بیجنگ اس وقت خود کو ڈیجیٹل معیشت کے لئے ایک عالمی بینچ مارک شہر بنانے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی میں بیجنگ کی مہارت ویسے بھی قدرے نمایاں ہے ۔ شہر نے 2023 میں 30 ہزار نئے 5 جی بیس اسٹیشن قائم کیے ، جس سے فی دس ہزار افراد کے لیے 49 فائیو جی بیس اسٹیشنز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اسی مضبوط تکنیکی بنیاد پر 2024 میں بیجنگ ڈیجیٹل معیشت کے لئے عالمی بینچ مارک کی تعمیر میں تیزی لا رہا ہے، ڈیجیٹل معیشت کے کلیدی شعبوں میں فعال حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے، اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پیداوار کے طریقوں، طرز زندگی اور گورننس کو جامع طور پر تبدیل کرنے کی کوششیں عروج پر ہیں۔

ڈیجیٹل منظرنامے کے ساتھ ساتھ، بیجنگ اپنی توجہ وبائی صورتحال کے بعد کی بحالی پر مرکوز کیے ہوئے ہے ، جس میں کھپت کی صلاحیت کو بڑھانے کے منصوبے نمایاں ہیں۔ چین کے پانچ پائلٹ بین الاقوامی کھپت مراکز شہروں میں سے ایک کی حیثیت سے ، بیجنگ روایتی کاروباری اضلاع کی تبدیلی ، بین الاقوامی کھپت کے تجرباتی زونز کی تخلیق ، بڑے پیمانے پر کھپت کی ترغیب ، اور خدماتی کھپت کے لئے حمایت جیسی حکمت عملیوں پر عمل درآمد کر رہا ہے۔اس دوران شاپنگ سینٹرز متنوع کاروباری ماڈلز کی مربوط ترقی کو فروغ دینے کے لیے ثقافت، کھیلوں یا تفریحی عوامل کے ساتھ صارفین کی کھپت کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں. دریں اثنا، بیجنگ 2024 میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لئے "بیجنگ سروس" برانڈ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس ضمن میں شہر کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور 2024 میں کاروباری ماحول کا جائزہ لینے کے لئے عالمی بینک کے نئے فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لئے جامع اقدامات پر عمل درآمد کرے گا ، جس کا مقصد عالمی معیار کا کاروباری ماحول پیدا کرنا ہے جس میں مارکیٹ کی سمت ، قانون کی حکمرانی ، سہولت اور بین الاقوامیت شامل ہے۔پلان کے مطابق ،دارالحکومت انتظامی لائسنسنگ کے معاملات کے لئے معیاری طریقہ کار وضع کرے گا اور اصلاحات کو گہرا کرے گا ، جس میں "ایک مربوط لائسنس" پالیسی اور "آل ان ون گو" سرکاری خدمات شامل ہیں۔

بیجنگ مربوط طریقوں کے ذریعے جامع نگرانی کو بھی آگے بڑھا رہا ہے، نان سائٹ نگرانی کے تناسب میں اضافہ جاری ہے ، اور ڈیجیٹل مارکیٹ کی نگرانی پر پائلٹ پروگرام کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔یہ بات قابل زکر ہے کہ بیجنگ میں 2023 میں نئے قائم ہونے والے کاروباروں میں 20.3 فیصد اضافہ دیکھا گیا ، جس سے شہر میں مجموعی تعداد 2.11 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ان اقدامات سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ رواں برس بیجنگ شہر میں معاشی سرگرمیوں کا ایک متنوع سلسلہ سامنے آئے گا جس سے ملک کی اقتصادی سماجی ترقی کو آگے بڑھانے میں دارالحکومت کا کردار مزید اجاگر ہو گا۔

اسی طرح بیجنگ میں شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی قابل ستائش ہیں اور ہر گزرتے دن یہاں کا ماحول شفاف اور آسمان نیلا ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس 2023 میں بیجنگ میں پی ایم 2.5 کا اوسط ارتکاز 32 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گیا، جو مسلسل تین سالوں سے قومی معیار پر پورا اترتا ہے۔پی ایم 2.5 ریڈنگ، فضائی آلودگی کا ایک اہم اشارہ ہے جو 2.5 مائیکرون یا اس سے کم قطر کے ہوا کے ذرات کی نگرانی کے لئے ایک گیج ہے.حالیہ برسوں کے دوران بیجنگ میں تحفظ ماحول کے اقدامات کو ٹھوس پالیسیوں سے مزید مضبوط کیا گیا ہے اور نیلے آسمان کے حامل دنوں کی تعداد میں اضافہ انہی ماحول دوست پالیسیوں کے ثمرات ہیں ، جسے گزرتے وقت کے ساتھ مزید فروغ مل رہا ہے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1149 Articles with 437668 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More