ہمارے سپہ سالار سیسہ پلائی دیوار - 2

الحمدﷲ پاک فوج کاشمار دنیا کی بہترین ٹاپ ٹین افواج میں ہوتا ہے اوراس کا ہرسپہ سالار اپنے اپنے دور میں دفاع وطن کیلئے سینہ سپر اورملک دشمن قوتوں کیخلاف متعدد محاذوں پرسربکف رہاہے ۔ راحیل شریف اور قمرجاویدباجوہ کے بعد پاک فوج کے انتھک اورزیرک سپہ سالارجنرل سیّد عاصم منیربھی اپنے منصب اورمقصدکے ساتھ بھرپور انصاف کررہے ہیں ۔ ہرنیااورتازہ دم آرمی چیف پاک فوج میں کمانڈ کی آئینی تبدیلی کے بعد اپنے پیشروکی بیش قیمت امانت کوبحفاظت اپنے بعد آنیوالے سپہ سالار کے سپرد کرتا رہاہے ۔ہر سپہ سالار کے دورمیں پاکستان اورافواج پاکستان کیلئے اندرونی و بیرونی چیلنجز او ر’’ اہداف ‘‘ تبدیل ہوتے رہے ہیں لیکن دفاعی قیادت کے’’ اوصاف ‘‘ میں کوئی فرق نہیں آتا۔افواج پاکستان کاہر سپہ سالاراپنی مستند معلومات اوراپنے مشاہدات کے ساتھ ساتھ زمینی حقائق کی بنیاد پرریاستی معاملات میں بہتری کیلئے ’’ مقبول ‘‘ نہیں ’’ معقول ‘‘ فیصلے کرتا ہے۔افواج پاکستان کے نڈر سپہ سالارجنرل سیّدعاصم منیر نے جس دن کمانڈسنبھالی تھی وہ اس روز سے مادروطن میں داخلی و معاشی استحکام کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکررہے ہیں ۔ انہوں نے آتے ساتھ پروازکرتے ڈالر کی ڈور کاٹ دی تھی ،انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے موثر انداز سے سفارت کاری کرتے ہوئے اوورسیزپاکستانیوں سمیت اپنے ہم وطنوں کو اپناگرویدہ بنالیاجبکہ بیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بھی بحال کردیا ۔ جنرل سیّدعاصم منیر نے بھی اپنے پیشرو کمانڈرز کی طرح ملک میں دندناتے دہشت گرد عناصر کی کمرتوڑنے کیلئے شروع دن سے قمر کس لی تھی ،وہ ملک میں قیام امن اورسیاسی ومعاشی استحکام کے سلسلہ میں مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں ۔سپہ سالارجنرل عاصم منیرعقابی طرز پر اپنی اعصابی مضبوطی سے ملک دشمنوں کومرعوب اورمغلوب کر سکتے ہیں،انہیں ہر طرح کے چیلنجز اورخطرات کامقابلہ کرنے کاہنرخوب آتا ہے۔ ریاست، جمہوریت ،معیشت اورپائیدارامن کیلئے ہمارے شیردل سپہ سالار کی ترجیحات بہت واضح ہیں۔وہ پاکستان،اہل پاکستان اورافواج پاکستان کی آن اورآبروسمیت ریاست کے امن مشن پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔ جنرل سیّدعاصم منیر ڈی جی آئی ایس آئی بھی رہے ہیں ،اس حیثیت سے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، متانت، لیاقت اورقیادت کوبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ دفاع پاکستان کیلئے آئی ایس آئی کے گمنام ہیروز اورگمنام شہیدوں نے جوتاریخ رقم کی ہے اسے دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی۔

اِن دنوں کہنہ مشق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم آئی ایس آئی کے ڈی جی کی حیثیت سے بیک وقت کئی حساس محاذوں پرپاکستان کے دفاعی مفادات کی حفاظت یقینی جبکہ ملک دشمن خفیہ ایجنسیز کے مذموم حملے ناکام بنارہے ہیں ۔وہ حضرت اقبال ؒ کے شاہین ہیں ،انہیں دشمنان وطن پرجھپٹنا اوران کی ہرسازش کو روندنا خوب آتا ہے۔ ہمارے ’’مارخور"کی’’ مار ‘‘ کے ڈر سے بڑے بڑے دشمن زیرزمین پناہ ڈھونڈتے ہیں۔’’مارخور ‘‘کس وقت کس’’ مار ‘‘پر ہوتے اورکس طرح دشمنوں پر ’’وار ‘‘ کرتے ہیں یہ کوئی نہیں جان سکتا۔ مارخوروں کے ’’ سرپرائز ‘‘کی ہمارے اخلاقیات سے عاری اورفطری دشمن بڑی بھاری’’ پرائز ‘‘ اداکرتے ہیں ۔ انتھک مارخوروں کامحاذ 24/7 ’’ گرم ‘‘ اورہمارا ہرایک مارخوراپنے فرض منصبی کی بجاآوری کیلئے’’ سرگرم ‘‘ رہتا ہے،انہیں دشمن کاتناہواسر کچلنا آتا ہے۔مارخور اپنی قابل رشک کا مرانیاں اوراپنی روشن پیشانیاں تک ظاہر نہیں کرتے ،دوران آپریشن مادروطن کی محبت میں جومارخور شہید ہوجاتے ہیں توان میں سے ہمارے کسی’’ محسن پاکستان ‘‘ کا نام اورمنفردکام قومی اخبارات کی زینت نہیں بنتا۔ہمارے مارخورکسی’’ تحسین‘‘ نہیں صرف ـ’’ تسکین ‘‘ کیلئے پاکستان کادفاع کرتے اور سردھڑ کی بازی لگاتے ہیں۔ہم اپنے حساس اداروں کے گمنام ہیروز کے ممنون اور مقروض ہیں۔ مٹھی بھر شیخی خوروں کو سرفروش مارخوروں پرانگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

افواج پاکستان کامثالی ڈسپلن اس محکمے کاحسن جبکہ ہمارے جانبازوں کی طاقت اورہیبت ہے،پاک فوج کے کمانڈر اورکورکمانڈرز باہمی مکالمے اور مشاورت سے درست اوردوررس فیصلے کرتے ہیں۔سپہ سالار جنرل سیّد عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل شمشاد ساحر مرزا ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمدبابر سدھو ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمدانجم، ڈی جی ایم آئی میجر جنرل واجدعزیز، کمانڈر 4 کور لیفٹیننٹ جنرل سیّد عامر رضا ،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری اورڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل محمدعاطف بن اکرم کی صورت میں زیرک اور پروفیشنل فوجی حکام ا پنے اپنے دائرہ اختیار میں پاکستان کے استحکام اور دوام کیلئے اپنی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اورقائدانہ صلاحیت کا ثبوت دے رہے ہیں ۔ا فواج پاکستان ایک متحد ومنظم خاندان کی طرح پاکستان کی نگہبان ہیں ، الحمدﷲ ہمارے فرض شناس محافظ بیداراورشوق شہادت سے سرشار ہیں لہٰذاء مٹھی بھر بیزار عناصر مایوسی کاچورن بیچنا بندکردیں ۔

عوام کی رگ رگ میں مایوسی کا زہر اتارنیوالے زہریلے ناگ یادرکھیں پاکستانیوں اورافواج پاکستان کے درمیان اعتماد اوراعتقاد کااٹوٹ رشتہ ہے لہٰذاء ان کی گھٹیا سازش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔پاکستان کے عوام افواج پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔پاکستان کاہرباشعورفرد اپنے فوجی جوانوں پراپنی دعاؤں اوروفاؤں کے گلاب چھڑکتا ہے۔سیاست میں جابجا بزدار ملتے ہیں لیکن پاک فوج کی کسی صف میں کوئی بزدار ہرگز کھڑا نہیں ہوسکتا ،پاکستان کے اس قابل فخر محکمے کیخلاف نفرت محض ان مٹھی بھر اذہان تک محدودہے جونادان اورشخصیت پرستی کی بیماری میں گرفتار ہیں۔ ہمارے قابل رشک آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر’’ بردباری‘‘ کے ساتھ قومی ’’ رواداری‘‘ اوراتحاد ویکجہتی کاراستہ ہموار کر رہے ہیں ۔ سیاسی بصیرت سے محروم مٹھی بھر مخصوص سیاستدانوں کا منفی پروپیگنڈاعوام اورافواج پاکستان کے درمیان دراڑ پیدانہیں کرسکتا ۔ریاست کی سا لمیت ، قومی وحدت اورقومی حمیت کے معاملے میں پاکستان کے عوام افواج پاکستان کی پشت پرکھڑے ہیں۔ پاکستان کے عوام احسان فراموش نہیں ہیں جو اپنے محافظ جانبازوں کی شہادتوں اور غازیوں کی قربانیوں کویاد نہ رکھیں ۔ افواج پاکستان کے باوفا اور باصفا شہداء پاکستانیوں کی وفاؤں اور دعاؤں کامحور ہیں، ملک بھر میں ہرنماز کے بعد بانیان پاکستان اورشہداء افواج پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کااہتمام کیاجاتا ہے۔ پاکستانیوں کو پاک فوج اوراس کے حساس اداروں کی پاکستانیت ،کمٹمنٹ ، پیشہ ورانہ مہارت اوردفاعی قابلیت وصلاحیت پرناز ہے۔افواج پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز اور جاہلانہ ’’جملے ‘‘ پاکستان کے وجود پر جارحانہ ’’حملے‘‘ کے مترادف ہیں۔ پاکستان کی سا لمیت کیلئے اپنی بیش قیمت ’’نسلیں ‘‘ اور ’’فصلیں ‘‘ قربان کرنیوالے فوجی جوان جبکہ وہ طبقہ جوسات دہائیوں سے مادروطن اورہم وطنوں کاخون چوس رہا ہے وہ ہرگز برابر نہیں ہوسکتے ۔ ہماری پرسکون نیند کیلئے اپنی ’’نیندیں ‘‘ اور ’’عیدیں ‘‘ قربان کرنیوالے ہیروزہمیں بیحد عزیز ہیں۔

جس پاک سرزمین کواس کے جانباز اپنے مقدس لہو سے سیراب اور سرسبز و شاداب بناتے ہوں وہ ہرگزبنجر یا بانجھ نہیں ہوسکتی۔ پاک فوج کے ناپاک اورگمراہ د شمن پاک سرزمین پر بوجھ ہیں ،جس میں سوجھ بوجھ ہے وہ ہرگز ان کی بیہودہ باتوں پرکان نہیں دھرتااوران سے نہیں ڈرتا ۔پاک فوج نے سات دہائیوں میں ہرمحاذ پردشمن کاپرچم سرنگوں اور پاکستانیوں کا سرفخر سے بلندکیا ، حالیہ9مئی کے روز عوام نے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اوربارگاہ الٰہی میں شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے دست دعادراز کرتے ہوئے نفرت کے سومنات کوچکناچورکردیا۔ پاکستانیوں کا پاک فوج کے ساتھ رشتہ محبت اورعقیدت تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ جنون اب ان کی رگ رگ میں خون بن کردوڑتا ہے۔ پاکستان اورپاکستانیوں کیلئے افواج پاکستان کاکوئی متبادل نہیں ۔(ختم شد)


 

Muhammad Nasir Iqbal Khan
About the Author: Muhammad Nasir Iqbal Khan Read More Articles by Muhammad Nasir Iqbal Khan: 143 Articles with 95000 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.