ایمان بخیر زندگی

امام ابو حنیفہ رحمت اللہ علیہ کو پانچ لاکھ احادیث یاد تھی ، ایک دن انہوں نے اپنے بیٹے حماد کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: کہ بیٹے میں آپکو پانچ لاکھ احادیث کا نچوڑ صرف پانچ احادیث میں بیان کررہا ہوں.*

1۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور انسان کے لیے وہی ہے جس کی اس نے نیت کی ہو۔

2۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا انسان کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ لا یعنی فضول چیزوں کو ترک کر دے۔

3۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا تم مومن نہیں ہو سکتے جب تک اپنے مسلمان بھائی کے لیے وہ چیز پسند نہ کرو جو اپنے لیے کرتے ہو۔

4. نبی کریم ﷺ نے فرمایا حلال بھی ظاہر ہے اور حرام بھی اور دونوں کے درمیان شبہ کی چیز ہے جن کو بہت سے لوگ نہیں جانتے۔ سو جو شخص شبہات سے بچا اس نے دین محفوظ کر لیا اور جو شخص شبہات میں پڑ گیا وہ حرام میں پڑ جائے گا جیسا کہ چرواہا اپنا ریوڑ کسی کھیت کی باڑ کے پاس لے جائےگا تو عنقریب ایسا ہو گا کہ اس کا ریوڑ کھیت میں بھی چرنے لگے گا۔ بلاشبہ ہر بادشاہ نے باڑلگا دی ہے اور اللہ کی باڑ حرام کردہ اشیا ہیں.

5۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کامل مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے کسی مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے.

*یہ پانچ احادیث سنانے کے بعد فرماتے ہیں بیٹا ان پانچ احادیث کو آئینے کی طرح رکھنا اور اپنے اعمال کا ان پانچ احادیث پر محاسبہ کرتے رہنا۔ یہ پانچ احادیث ان پانچ لاکھ احادیث کا نچوڑ ہیں جو مجھے یاد ہیں۔*

*(از مجموعہ امام وصایا امام اعظم رحمۃ اللہ ص: 64)*

اے ہمارے پروردگار!

ہم اپنی زندگیاں تیرے پیارے حبیب پاکﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق نہیں گزار سکے، ہم دنیا ہی کو سب کچھ سمجھ بیٹھے اپنے نفس اور شیطان کے بہکاوے میں آکر
اپنی آخرت کو بھول گئے، اے رب کائنات ہم گناہگار ضرور ہیں مگر منکر نہیں، ہم سے گناہ سرزد ہوئے ہیں مگر کسی صورت بھی گناہوں کو اپنے لئے جائز نہیں سمجھتے، اے ہمارے رب ہم آج سے توبہ کرتے ہیں ہماری توبہ قبول فرما، ہم اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور تجھ سے التجا کرتے ہیں کہ تو ہم پہ رحم فرما، اور ہماری دنیا اور آخرت برباد ہونے سے بچا لے اور ہمارا خاتمہ ایمان پہ فرمانا ہمیں قبر اور دوزخ کے عذاب سے بچانا۔ بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے اور سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والا مہر بان ہے.

آمین یا رب العالمین
 

انجئنیر! شاہد صدیق خانزادہ
About the Author: انجئنیر! شاہد صدیق خانزادہ Read More Articles by انجئنیر! شاہد صدیق خانزادہ: 392 Articles with 191906 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.