کل جماعتی کانفرنس کا فائنل پوسٹمارٹم

٢٩ ستمبر ٢٠١١ کو ملک کی بقاء و سلامتی کے حوالے سے آل پارٹی سیاسی ڈرامے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کل چھوٹی بڑی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ٥٠ سے زائد ستاروں نے شرکت کی ۔ وزیراعظم ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی و سیاسی فنکاروں کے طعام اور وقفے وقفے سے جاری ریفریشمنٹ کے اخراجات کی مد میں کل جماعتی سیاسی ڈرامے کو ملک کی تاریخ میں مہنگی ترین کانفرنس کا شرف حاصل ہوا ۔ محتاط اندازے کے مطابق ٩ گھنٹے سے جاری رہنے والے فلاپ شو پر کل لاگت ٢ ملین سے زائد بتائی جاتی ہے ۔

سیاسی اداکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے تین ہزار سے زائد سیکیورٹی افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر براہ راست خود مذہبی و سیاسی ستاروں کے حفاظتی امور کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے ۔ سینما گھر(وزیراعظم ہاؤس) کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تین خصوصی دستے تشکیل دیے گئے تھے۔ پہلا دستہ آرمی کے کمانڈوز پر، دوسرا رینجرز اور کانسٹیبلری کے جوانوں پر جبکہ تیسرا پولیس اہلکاروں پر مشتمل تھا۔

ڈرامے کے ہیرو جناب گیلانی صاحب نے کل جماعتی کانفرنس کے شرکاء کو ملک کی بقاء وسلامتی کے تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے پر ڈرامے کے پروڈیوسر زرداری صاحب کے وژن کی تعریف کی۔ زرداری صاحب کی سپراسٹار ثانیہ مرزا سے ملاقات طے تھی لہذا اُنہیں نے میگاڈرامے کے پرئیمر میں شرکت کرنے سے معذرت طلب کرلی تھی ۔

کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گیلانی صاحب نے فرمایا کہ پاکستان پر ڈومور کے لیے مزید دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا ۔ دباؤ نہ ڈالنے کی گیلانی صاحب نے وضا حت تو پیش نہیں کی لیکن راقم الحروف کی رائے میں ١٢ سال سے امریکی دباؤ قبول کرتے کرتے برداشت کرنے کی تمام حدیں ہی مکھ چکی ہیں ۔ خدشہ ہے کہ مزید دباؤ برداشت کرکے قبائیلی علاقوں میں فوجی آپریشن شروع کیا تو ڈر ہے خدانخواستہ کوئی دوسرا سانحہ مشرق پاکستان جیسا رونما نہ ہوجائے ۔

گیلانی صاحب نے کہا کہ امریکہ الزام تراشی کا سلسلہ بند کرے !

جناب اعلٰی کی خدمت میں گزارش ہے کہ امریکہ الزام تراشی کب کررہا ہے ؟ وہ تو صرف پاک فوج کو قبائیلی علاقوں میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم صادر کررہا ہے اور آپ ضد میں آکر الزام تراشی کا نام دے رہے ہیں ۔ اور آئی ایس آئی تو امریکہ کی نظر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد آرگنائزیشن ہے ۔ یقین نہیں تو ریکارڈ چیک کرلیں آئی ایس آئی کے چیف شجاع پاشا کے خلاف دہشت گردی کا ایک مقدمہ نیویارک کی عدالت میں زیر سماعت بھی رہا ہے۔

محترم گیلانی صاحب آپ کی رائے میں ملک کی سلامتی وخودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے پاکستانی ، مضبوط ، توانا ، قابل فخر قوم اور ہر چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

جناب اعلٰی عرض ہے کہ ملک کی سلامتی و خودمختاری اور آزادی کا تحفظ کس طرح ممکن ہو ؟ سانحہ دو مئی ہو جائے اور پاک فوج کو پتا بھی نہ چلے ؟ ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہوجائے اور آپ اس کو فتح عظیم قرار دیں ، ذرداری صاحب غیرملکی اخباروں میں خوشامدی تجزیہ چھپواکر داد وصول کریں ۔ جہاں تعلق مضبوط و توانا قابل فخر اور ہر چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھنے والی قوم کا ہے تو جناب گیلانی صاحب آپ کا رٹہ لگایا ہوا یہ ڈائیلاگ ٩ گھنٹے کے بورنگ شو کے مزاحیہ چٹکلے کے مترادف تھا۔ کیونکہ گزشتہ بارہ سال سے چیلنجز در چیلنجز کا سامنا کرتے کرتے یہ مضبوط قوم اس قدر کمزور ہوگئی کے دو وقت کی روٹی کے لیے اپنے لخت جگروں کی نیلامی کرنے لگی ،مہنگائی ، بے روزگاری ، قدرتی آفات و بیماریوں کا سامنا کرتے کرتے یہ توانا قوم توانائی سے ہی محروم ہو گئی ۔

محترم گیلانی صاحب کیو قابل فخر نہ ہو یہ قوم آپ کی نظر میں کیونکہ اس قوم کی مرہون منت آپ کی حکمرانی قائم ہے ۔ اس قابل فخر قوم کی چند خصوصیات اشعار کی صورت میں درج ذیل ہیں

قبروں سے مردے نکال کر مردار کھانے والی ہے یہ قابل فخر قوم
معصوم بچیوں کوہوس کا نشانہ بنانے والی ہے یہ قابل فخر قوم
کارو کاری ، ونی ، وٹہ سٹہ کرنے کرانے والی ہے یہ قابل فخر قوم
بچیوں کو زندہ گاڑنے ، والدین کو قتل کرنے کرانے والی ہے یہ قابل فخر قوم
ماؤں ، بہنوں کو غیروں کے حوالے کرنے والی ہے یہ قابل فخرقوم
غیرملکی قاتل ایجنٹ کو باعزت بری کرنے والی ہے یہ قابل فخرقوم
سینہ چاک کرکے دل نکال لینے والی ہے یہ قابل فخر قوم
توہم پرستی وجہالت کے اندھیرے میں گھری ہوئی ہے یہ قابل فخر قوم
اقتدار کی خاطر ملک کو دو ٹکڑے کرنے والی ہے یہ قابل فخرقوم
سیاسی مفادات کی خاطر خوں کی ندیاں بہانے والی ہے یہ قابل فخر قوم
صرف عورت کو مردانگی کے جوہر دکھانے لائق ہے یہ قابل فخر قوم
بے حس ، بے ضمیر اور بے غیرت ہے یہ قابل فخر قوم

ایسی قابل فخر قوم پر گیلانی صاحب آپ کی حکمرانی کا دارومدار ہے۔

کل جماعتی سیاسی ڈرامے اہم کردار اداکرنے والے میاں صاحب نے فرمایا کہ پارٹی کے تحفظات کے باوجود ملک کے وسیع ترمفاد کی خاطر کل جماعتی میلہ میں شرکت کی ۔ دال میں کچھ کالا ہے جو دنیا شور مچارہی ہے ۔ آپ کے اس ڈائیلاگ سے راقم نے اخذ کیا کہ کل جماعتی سیاسی ڈرامے میں آپ نے بحیثت ولن اپنے کردار کا انتخاب کیا۔

میاں صاحب عرض ہے کہ دال پوری کالی کیوں نہ ہو۔ لیکن ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر اس موقع پر جب غیرملکی دشمن بڑی تندومند کے ساتھ ڈرامےکے ایک ایک سین کو بغور اور ڈائیلاگ کا بغور جائزہ لے رہے تھے ۔ آپ کو فوج پر طنز کے نشتر چلانے سے گریز کرنا چاہیے تھا ۔ میاں صاحب حقیقت میں آپ اور آپ کی جماعت کی کارستانی ہے کہ مشرف اور چند جنرلوں سے بدلہ لینے کے لیے آپ نے پوری فوج کو ہی اپنی نفرت و حسد کی آگ میں لیپٹ دیا۔ جس کے نتیجے میں آج دشمن ہماری پاک افواج پر انگلی اٹھارہے ہیں ۔

معذرت کے ساتھ اچکزئی صاحب آئی ایس آئی نا صرف افغانستان اگر چاہے تو بلوچستان ،خیبر پختوانخوہ سمیت پوری پاکستان میں ایسا امن کرسکتی ہے جہاں پھر دس بارہ سال کے لیے سیاسی دکانداری ٹھپ ہوسکتی ہے ۔ خدارا ہوش کے ناخن لیں ۔
abad ali
About the Author: abad ali Read More Articles by abad ali: 38 Articles with 37416 views I have been working with Electronic Media of Pakistan in different capacities during my professional career and associated with country’s reputed medi.. View More