بندے کچے مگر کام پکے

گذشتہ دنوں پاکستانی پارلیمنٹ نے بلٹ ٹرین سے زیادہ تیز رفتاری دیکھاتے ہوئے سپریم کورٹ، اسلام ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافہ اور ساتھ ہی ساتھ مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں اضافہ کرنے کے لئے قانون سازی کی۔ اس قانون سازی کی بدولت سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بشمول چیف جسٹس 17 سے بڑھ کر 34 کردی گئی اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کردی گئی ہے۔ گذشتہ ماہ پارلیمنٹ نے مشہور زمانہ 26 ویں آئینی ترمیم کی بدولت اعلی عدلیہ کے ججز چیف جسٹس اور ججز کے چناؤ، آئینی بینچوں کی تشکیل اور دائرہ اختیار میں نمایاں تبدیلیاں کی تھی۔ اور راقم نے 26 آئینی ترمیم کے حوالہ سے ''جمہور کی فتح'' کے ٹائٹل سے اپنی معروضات پیش کی تھیں۔ بہرحال حالیہ قانون سازی پر ہر جمہوریت پسند شخص حیران و پریشان ہے۔ حکومت وقت اور اتحادی جماعتوں کو آخر ایسی کیا پریشانیاں لاحق تھیں جو یکدم قانون سازی کی ضرورت پیش آگئی۔ پاکستانی عدلیہ اور پارلیمنٹ کی ہمیشہ سے بدقسمتی رہی ہے کہ یہاں آمروں کی ناجائزحکومتوں اور مارشل لاؤں کو جواز بخشنے کے لئے عدالتی فیصلے میسر رہے تو کبھی پارلیمنٹ سے قانون سازی کی سہولت بھی میسر رہی۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے کچے بندے طاقتور لوگوں کے لئے قانون سازی کی صورت میں کام بہت پکے کرجاتے ہیں۔ بالاشک شبہ یہ پارلیمنٹ کا استحقاق ہے کہ وہ وفاقی محکموں کے لئے قانون سازی کرے۔ مگرکیا ہر بار پارلیمنٹ کو فرد واحد اور خصوصا اعلی ترین سرکاری عہدیدران کی مدت ملازمتوں میں توسیع اور نوکری پکی کرنے کے لئے استعمال کرنا ضروری ہے؟

بدقسمتی سے سروسز چیف، عدلیہ کے چیفس کی مدت ملازمت بڑھانے اور طے کرنے والے وزرائے اعظم کے عہدہ کی مدت آج تک متعین نہ ہو پائی۔ قانون سازی کرنے والوں کی نوکریاں اتنی کچی ہوتی ہیں کہ انکے وزیر اعظم کو کسی بھی وقت کان سے پکڑ کر نکال دیا جاتا ہے اور وزارت عظمی کا اگلا امیدوار ہنسی خوشی مسند اقتدار پر براجمان ہونے کے لئے شیر وانی پہن کر حلف برداری کی تقریب میں پہنچ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لیاقت علی خان سے لیکر میاں محمد شہباز شریف تک بشمول نگران پاکستانی وزائے اعظم کی تعداد 33 ہوچکی ہے مگر اسی عرصہ میں آرمی کے سربراہوں کی تعداد صرف 17، نیوی سربراہان کی تعداد 23 اور فضائیہ کے سربراہان کی تعداد صرف 24 اور اسی طرح پاکستان کے چیف جسٹس صاحبان کی تعداد 30 تک محدود ہے۔

ماضی قریب ہی کی بات ہے جب عمران احمد خان نیازی نے تاحیات مسند اقتدار براجمان رہنے کے لئے قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت کے لئے قانون سازی کی اور اب موصوف جیل میں دیسی مرغ کھا رہے ہیں۔ یاد رہے زمانہ اپوزیشن میں موصوف برطانیہ کی مثالیں دیا کرتے تھے کہ دوسری جنگ عظیم میں بھی آرمی سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں دی گئی تھی مگر جب اقتدار کی ہما سر پر بیٹھی تو موصوف نے کُرسی کو مضبوط تر کرنے کے لئے تمام تراُصولی نظریات کوپس پشت ڈال کر سپہ سالار کی مدت میں نہ صرف توسیع دلوائی بلکہ توجیہات بھی پیش کیں۔ یہیں نہیں بلکہ جب موصوف کو اقتدار سے نکال باہر کیا گیا تو صدر عارف علوی کی مدد سے ایوان صدر میں رات کی تاریکی میں ہونے والی ملاقاتوں میں موصوف نے قمر باجوہ کے کہنے پر صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخواہ کی اسمبلیوں کو بھی تحلیل کیا۔ بات یہی پر نہیں رکتی موصوف قمر باجوہ کو مدت ملازمت میں مزید توسیع دینے کے لئے آفریں کرتے رہے۔ یاد رہے قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لئے پارلیمنٹ میں موجود تقریبا تمام سیاسی جماعتوں بشمول تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بانہوں میں بانہیں ڈال کر آرمی ایکٹ میں ترمیم منظور کروائی تھی۔ اب بات کرتے ہیں موجودہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی تو انکے بارے میں پہلے ہی مشہور ہے کہ وہ طاقتور حلقوں کے پسندیدہ سیاستدان ہیں مگر پسندیدگی کا میعار اس بات کی گارنٹی نہیں دے سکتا ہے کہ جیل میں دال روٹی کھانے کی باری اک بار پھر میاں شہباز شریف کے نصیب نہیں ہوگی۔ سکندر مرزا سے ایوب خان، ایوب خان سے یحیٰ خان، اسی طرح ذوالفقار علی بھٹو سے ضیاء الحق اور نواز شریف سے پرویز مشرف اور عمران خان سے قمر جاوید باجوہ، ماضی میں ہر حاکم نے اپنے اقتدار کی مضبوطی کے لئے طاقتور شخص کی خوشنودی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی مگر انجام ہم سب کے سامنے ہے۔

بحیثیت سیاست و قانون کے طالب علم میں سابق سینٹ چیئرمین میاں رضا ربانی کی پریس ریلیز کی من و عن حمایت کروں گا جس میں انہوں نے 4 نومبر کو پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے کیونکہ حکومت وقت نے قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کے قواعد کو معطل کردیا تھا۔ قواعد کے مطابق قوانین کو متعلقہ سٹیڈنگ کمیٹیوں میں بھیجنا چاہیے تھا، جبکہ ایسا نہیں ہوا اور نہ پارلیمنٹ میں ان قوانین پر بحث ہوئی۔ یقینی طور پر اس قانون سازی کا عدلیہ اور افواج پر اہم اثر پڑے گا، جس کے نتیجے میں سیاست اور جمہوری عمل بھی اثر انداز ہونگے۔ میاں رضا ربانی کی اس بات میں بہت وزن ہے کہ ایسی کارروائیاں پارلیمنٹ یا آئین کی خود مختاری کا اظہار نہیں بلکہ خوف کا اظہار ہیں۔ اس طرز کی قانون سازی سے پارلیمنٹ خوفزدہ یا جمہوری نظام کمزور ہوجاتا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر جب آپ کسی فرد واحد کی مدت ملازمت میں توسیع کے انتظامات کر رہے ہوتے تو درحقیقت آپ ادارے یا محکمے کے نظام اور جونئیر افراد کی قابلیت پر عدم اعتماد کا اظہار کررہے ہوتے ہیں۔
 

Muhammad Riaz
About the Author: Muhammad Riaz Read More Articles by Muhammad Riaz: 208 Articles with 169684 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.