کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہیگا!

 بدھ کے روزآزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے منتخب وزیراعظم پاکستان محمدشہباز شریف نے کہاکہ 24 کروڑ پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے حاضر ہوا ہوں،پاکستانی عوام وزیراعظم پاکستان کے بیان کی مکمل حمایت اورتصدیق کرتے ہیں۔ہم پاکستانی کشمیر کے عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔5 فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپورحمایت کیلئے ہمارے پختہ عزم کی تجدید کا دن ہے، 5 فروری کا دن بھارت کو چیخ چیخ کر یاد دلاتا ہے کہ کشمیر 5 اگست جیسے اقدامات سے بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا۔کشمیریوں کا لہو بہانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، لہوبہانے والوں کو تاریخ میں ظالم کے طور پر یاد رکھا جاتاہے،پوری دنیاجانتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی کشمیر کوبھارت کاحصہ تسلیم نہیں کرتیں،ہمیشہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمزپرکشمیروں کاموقف بھرپوراندازمیں پیش کیاہے، پاکستانی حکومت اورعوام ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر کشمیروں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔پاکستان ہمیشہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وجبراورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کھلے اوربھرپوراندازمیں نشاندہی کرتاہے جودنیاکی سب سے بڑی نام نہادجمہوریت کے دعویدارحکمرانوں اورخودساختہ سیکولرریاست کی فوجی قیادت کوشدیدناگوارگزرتی ہے۔بھارتی حکومتیں اورفوجی قیادت ہمیشہ پاکستان کیخلاف بات کرنے کیلئے موقع کی تلاش میں رہتے ہیں،مناسب موقع نہ ملنے پراکثرمن گھڑت اورکھوکھلے الزامات لگانے سے بازنہیں آتے ،جن کامنہ توڑجواب دینے کیلئے نہ صرف حکومت پاکستان،افواج پاکستان بلکہ 24کروڑپاکستانی بلاتفریق رنگ ونسل اورمذہب ومسلک ہمیشہ تیارہیں۔خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ بھارت 5 اگست 2019 ء کی سوچ سے باہر نکلے کیونکہ مسئلہ کشمیر کامسئلہ کسی جنگ اور بربریت سے حل نہیں ہو گالہٰذابھارت تنازع کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔یادرہے کہ بھارت نے 6سال قبل اپنے آئین سے آرٹیکل 370 نکال کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔بھارتی حکومت کا5اگست 2019 ء کے غیر آئینی اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب کم کرنا اور بھارتی باشندوں کوکشمیرمیں آباد کرناہے جس کے بعد بھارت مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو تیزی سے تبدیل کررہا ہے ۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے 3 جنگیں لڑچکے10 مزیدلڑنا پڑیں تو لڑیں گے،کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہیگا، بھارتی مظالم اور بڑھتی ہندو انتہا پسندی سے کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوط ہو رہا ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دیاجائیگا۔بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ عاقبت نااندیش اور اشتعال انگیز کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی ثابت کرتے ہیں۔پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا جواب مکمل طاقت کے ساتھ دے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ شرکاء نے مادرِ وطن کے امن و استحکام کے لیے شہدائے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ بیان کے مطابق فورم نے درپیش خطرات کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے علاقائی اور داخلی سلامتی کے منظر نامے پر روشنی ڈالی۔ شرکاء کانفرنس نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری 2025ء کے موقع پر کشمیر کے پرعزم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

بیان کے مطابق فورم نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور انہیں خطے کے امن اور استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکاء کانفرنس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فورم نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ عاقبت نااندیش اور اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا اور انہیں غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی ملکی خودمختاری اور سا لمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بھارتی فوج کے یہ کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ سپہ سالار نے کہا کہ اس قسم کے بیانات،اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ بھارت کے اندرونی خلفشار اور اس کی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں۔

منتخب حکومت کی جانب سے پرامن مذاکرات کی دعوت اورافواج پاکستان کی جانب سے کشمیرکیلئے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہ ہٹنے کاعزم بھارت کیلئے واضع پیغام ہے کہ ہم پاکستانی کسی قیمت پرکشمیری بہن بھائیوں کواکیلانہیں چھوڑسکتے،کشمیرکی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی منتخب حکومت اورفوجی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،بھارت سمیت پوری دنیاجان لے کہ افواج پاکستان اورعوام پاکستان کے دفاع، سا لمیت،خومختاری کے ساتھ ساتھ کشمیری بہن ،بھائیوں کی جدوجہدآزادی کی حمایت کیلئے پراعزم اورہرقسم کی قربانی دینے کیلئے ہروقت تیاراورسیاسی،معاشرتی ااختلافات کے باوجودمتحدہیں۔دشمن جیسی چاہے،جتنی چاہے سازشیں کرلے افواج پاکستان اور24کروڑپاکستانی عوام کے درمیان اعتمادکے رشتے میں دراڑپیداکرنے میں ناکام رہیں گے!
 

Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 13 Articles with 36950 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.