چین کی سب سے بڑی سالانہ سیاسی سرگرمی " دو اجلاس" ہر سال
مارچ کے اوائل میں بیجنگ میں منعقد ہوتے ہیں۔ یہ اہم ترین سرگرمی ، دنیا کے
لیے چین کی ترقی کے مشاہدے میں ایک دریچے کی حیثیت رکھتی ہے ۔ چین کے "دو
اجلاس" کوئی مخصوص ادارہ جاتی نام نہیں ہے۔ " دو اجلاس" کی اصطلاح سے مراد
ملک کی اعلیٰ ترین مقننہ قومی عوامی کانگریس جسے این پی سی کہا جاتا ہے اور
یہ ملک کی سب سے بڑی قانون ساز باڈی ہے، اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی
کانفرنس کی قومی کمیٹی جسے سی پی پی سی سی کہا جاتا ہے اور یہ اعلیٰ ترین
سیاسی مشاورتی باڈی ہے ، کے سالانہ کل رکنی اجلاس ہیں۔ یہ دو اجلاس 1978 سے
ہر سال منعقد ہوتے آئے ہیں.
چونکہ دونوں اجلاس بنیادی طور پر ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں اور ملک کے
اقتصادی سماجی امور کے لئے بہت اہم ہیں ، لہذا انہیں مختصر طور پر "دو
اجلاس" کہا جاتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مغربی ممالک میں دو ایوانی اور
کثیر الجماعتی نظام سے مختلف، چین کا اپنا سیاسی نظام ہے۔
قومی عوامی کانگریس چین میں ریاستی طاقت کا سب سے بڑا عضو ہے ، جبکہ مقامی
عوامی کانگریسیں ہر سطح پر ریاستی طاقت کی مقامی ایجنسیاں ہیں۔ سالانہ
عوامی کانگریسیں پہلے ٹاؤن شپ، کاؤنٹی، شہر اور صوبائی سطح پر نچلی سطح
سےبالائی سطح کی جانب منعقد کی جاتی ہیں، اور آخر میں اعلی ٰ ترین قومی سطح
پر، تاکہ عوام کی ضروریات اور خواہشات کو اعلی ٰ سطحوں تک پہنچایا جا سکے۔
ہر سال دو اجلاسوں کے دوران، این پی سی کے نمائندے پارٹی اور ریاستی
رہنماؤں کی موجودگی میں قومی ترقی کے منصوبوں اور لوگوں کی زندگیوں سے
وابستہ امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ نمائندوں کی جانب سے
پیش کی جانے والی بہت سی تحریکوں اور تجاویز کا احتیاط سے جائزہ لیا جاتا
ہے اور پھر ریاستی اداروں کے پالیسی فیصلوں میں انہیں ضم کیا جاتا ہے، لیکن
یہ بات یاد رہے کہ چین کا سیاسی نظام یک جماعتی حکمرانی کا نظام نہیں
ہے۔چین کے بنیادی سیاسی فریم ورک میں سے ایک، سی پی سی کی قیادت میں کثیر
جماعتی تعاون اور سیاسی مشاورت کا نظام ہے۔
عوامی جمہوریہ چین کی سیاسی تاریخ میں ان " دو اجلاس" کے انعقاد کو ہمیشہ
مرکزی اہمیت حاصل رہی ہے۔ ان اجلاسوں میں گزشتہ ایک برس کے دوران حکومتی
کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ کمیو نسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں حاصل
شدہ کامیابیوں کے جائزے سمیت مستقبل کے اہم اہداف کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس
کے علاوہ موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملکی ترقی کے حوالے
سےنمایاں ترجیحات کا تعین کیا جاتا ہے۔
وسیع تناظر میں یہ "دو اجلاس" گزشتہ برس حاصل ہونے والی کامیابیوں پر نظر
ڈالتے ہوئے پالیسی سازوں کو آئندہ سال کے لیے ترقیاتی اہداف کا تعین کرنے
اور نئی پالیسی ترجیحات کا اعلان کرنے کا اہم ترین پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں
۔ چینی طرز جمہوریت کے مظہر کے طور پر سمجھے جانے والے این پی سی اجلاس میں
ملک بھر سے قانون ساز اہم قوانین پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اور حکومتی ورک
رپورٹ اور قومی بجٹ سمیت کئی اہم دستاویزات کی منظوری دی جاتی ہے۔آئںدہ سال
کے لئے سیاسی اور معاشی ایجنڈا تشکیل دیتے ہوئے ، دو اجلاسوں میں عسکری ،
سفارتی ، تجارتی ، ماحولیاتی اور دیگر پالیسیوں کے حوالے سے بھی اہم
اعلانات کیے جاتے ہیں۔
دونوں اجلاسوں کے دوران چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم نظام کے تحت معاشی ،
سیاسی ، ثقافتی ، سماجی ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کا عزم بھی دوہرایا جاتا
ہے۔چین کی قومی عوامی کانگریس اور عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے سالانہ
اجلاسوں کے دوران فیصلے تو چین سے متعلق کیے جاتے ہیں ، قانون سازی چین کے
لیے کی جاتی ہے ، پالیسیاں چینی عوام کی فلاح کے لیے ترتیب دی جاتی ہیں اور
قیادت کا انتخاب بھی چین کا داخلی معاملہ ہے لیکن اس کے باوجود دنیا چین کے
سالانہ اجلاسوں میں گہری دلچسپی لیتی ہے، جس کی نمایاں وجوہات میں چین کی
بڑی معیشت اورچین کا گلوبل اثر ورسوخ ، نمایاں عوامل ہیں۔
|