بچوں میں سائنس و ٹیکنولوجی کا شعور

سائنس و ٹیکنولوجی کے میدان میں ترقی ہر ملک کے لئے ضروری ہے اور اس کے لئے ہماری نوجوان نسل خصوصاً بچوں میں سائنس و ٹیکنولوجی کا شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بچوں کو جو کچھ شروع سے سمجھایا جاتا ہے اور جو کچھ وہ دیکھتے ہیں وہ بھی ویسا ہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ہر انسان کا مستقبل میں بچپن اور جوانی کے اثرات اور تجربات سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ اگر بچوں کو سائنس و ٹیکنولوجی کے ماحول میں رکھا جائے جہاں وہ روزانہ سائنسی تجربات سے ہمکنار ہوتے ہوں تو وہ ان چیزوں میں دلچسپی لیں گے اور اس طرح بچوں میں سائنس کا شعور پیدا ہوگا۔ ان بچوں کی تربیت ایسے ماحول میں کی جائے جہاں ان کا جوش وجذبہ سائنس وٹیکنولوجی سے وابسطہ ہو تو ملک میں تقریباً ہر دو سے چار دن میں ایک نئی ایجاد سامنے آئے گی۔

سائنس کو اردو میں علم کہتے ہیں اور علم کا مطلب ہوتا ہے جاننا یا آگہی حاصل کرنا، اپنے اردگرد کے ماحول کا مشاہدہ کرنا، مختلف قدرتی چیزوں کے بارے میں سوچنا اور پھر اس پر تجربہ کرنے والے کو سائنسدان کہتے ہیں یعنی سائنسدان وہ ہوتا ہے جو مشاہدہ کرتا ہے اور سوچ کر کوئی نتیجہ اخذ کرتا ہے۔ یہ سب کچھ بچے تو بڑی آسانی سے کر سکتے ہیں اور آج کل کے بچے تو دیکھتے ہی دیکھتے بڑی بڑی چیزیں بنا لیتے ہیں۔ بچوں میں سائنس و ٹیکنولوجی کا شعور بیدار کر کے ہم متعدد ایجادات کو حاصل کر سکتے ہیں۔

اس بات سے تو کسی کو انکار نہیں کہ علم انسان کا زیور ہے اور یہ انسان کو سنوارتی ہے۔ تو اس تعلیم کو ہم سائنس وٹیکنولوجی کے فروغ کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر تعلیمی اداروں میں ہفتے کے دوران کسی ایک دن ایک آدھ گھنٹا سائنسی تجربات میں لگایا جائے یا پھر سال میں ایک دن سائنسی تجربات کے لئے وقف کر دیا جائے۔ اس دن اساتذہ بچوں کو سائنس و ٹیکنولوجی سے متعلق اہم معلومات فراہم کریں اور بچوں کو نئی نئی چیزیں بنانے کا موقع دیں۔ اس کے علاوہ سال میں سائنس سے متعلق بچوں کے شوز منعقد ہوتے رہنے چاہیئے ہیں۔

پاکستان میں ذہانت کی کمی نہیں ہے اور اس بات کو پاکستان کے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا چودہ سالہ بابر اقبال ثابت کر چکا ہے۔ اس کم عمر لڑکے نے اپنی چھوٹی سی عمر میں بھی انفورمیشن ٹیکنولوجی کے شعبے میں چار ورلڈ ریکارڈ قائم کئے۔ بابر اقبال نے پہلا ورلڈ ریکارڈ نو سال کی عمر میں قائم کیا۔ اتنی کم عمری میں چار ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنے کی وجہ سے مائیکر وسوفٹ نے بابر اقبال کو امریکہ میں مفت تعلیم کے لئے منتخب کیا۔ جس طرح جاوید اقبال نے انفورمیشن ٹیکنولوجی کی دنیا میں اپنی کم عمری کے باوجود چار ورلڈ ریکارڈ قائم کیئے، بالکل اسی طرح کل کوئی اور بچہ سائنسی ایجاد بھی کر سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سائنس و ٹیکنولوجی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دیا جائے۔غیر سرکاری اسکولز ہر ہفتے کوئی نہ کوئی دن مثلا رنگوں کا دن، ماں کا دن، باپ کا دن، پھلوں کا دن، خوراک کا دن اور دیگر مناتے ہیں جو کہ بچوں کو معلومات فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ ہم بالکل اسی طرح ایک دن سائنس و ٹیکنولوجی کے نام پر منا سکتے ہیں۔ ویسے تو یونیسکو کے کہنے پر ہر سال دنیا بھر میں 10 نومبر کو ورلڈ سائنس ڈے منایا ہی جاتا ہے مگرملکی سطح پر بھی تعلیمی اداروں میں سائنس و ٹیکنولوجی کے فروغ کے لئے ایک دن وقف کرنا بہترین اقدام ہوگا۔

ملک میں پاکستان سائنس فاﺅنڈیشن (پی ایس ایف) سائنس و ٹیکنولوجی کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے۔ پی ایس ایف ملک بھر میں پانچ سائنس سینٹرز قائم کر رہا ہے جو کہ سائنس کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ ان سینٹرز کی تعمیر تین سال کے عرصے میں دو سو ستاون اعشاریہ سات دو چار ملین لاگت سے مکمل ہو گی۔ ان پانچ سائنس سینٹرز میں سے دو صوبہ بلوچستان جبکہ باقی دیگر صوبوں میں تعمیر کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ایس ایف تین سال کی ہی مدت میں ملک بھر کے 100 اسکولوں میں پچیاسی اعشاریہ نو تین نو ملین کی لاگت سے سائنس کلبس تعمیر کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔پی ایس ایف کے تعاون سے پاکستان مونامنٹ میوزیم اسلام آباد میں سائنس اینڈ ٹیکنولوجی نمائش سال 2011-12ء کے دوران کرائے جانے کا امکان ہے۔ پی ایس ایف کے علاوہ نیشنل اکیڈمی اوف ینگ سائنٹسٹ، پاکستان سائنس کلب اور دیگر ادارے بھی سائنس اینڈ ٹیکنولوجی کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔یہ بات جان کر نہایت افسوس ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں سائنس ڈے ہر سال دھوم دھام سے منایا جاتا ہے مگر ہمارے ملک میں گزشتہ سال مالی و دیگر وجوہات کی بنا پر سائنس ڈے ہی نہیں منایا گیا۔ ہم سائنس و ٹیکنولوجی کے فروغ کی بات تو کر رہے ہیں مگر سال میں آنے والے سائنس کے عالمی دن کو ہی نہیں مناتے۔ حکومت پاکستان کو سائنس و ٹیکنولوجی کے فروغ کے لئے متعدد انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔
Syed Muhammad Abid
About the Author: Syed Muhammad Abid Read More Articles by Syed Muhammad Abid: 52 Articles with 73075 views I m From Weekly Technologytimes News Paper.. View More