فیس سیونگ سے فیس چینج تک

2019 سے 2025 تک پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی، فیس سیونگ سفارت کاری، اور قوم پرستانہ سیاست نمایاں رہیں۔ بھارت نے جنگی بیانیے سے سیاسی فائدہ اٹھایا، جبکہ پاکستان نے دباؤ میں محتاط رویہ اپنایا۔ اب 2025 میں پاکستان کا بیانیہ بدل چکا ہے — قوم وقتی امن کے بجائے واضح اور باوقار موقف کی حامی ہے۔

2019

سے 2025 تک کا عرصہ برصغیر کے سیاسی، عسکری اور سفارتی منظرنامے میں کئی اہم موڑ لے کر آیا۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات جنہیں کبھی "نارملائزیشن" کی امید سے جوڑا جاتا تھا، وہ ایک بار پھر "سیکیورٹی اسٹیٹ بنام پاپولر نیشنلزم" کی کھائی میں جا گرے۔ 2019 میں جب پلوامہ کے واقعے نے سرخیوں میں جگہ بنائی اور بالاکوٹ پر حملے کی خبر آئی، تو خطے میں جنگ کے بادل اچانک چھا گئے۔ عالمی قوتوں نے بیچ بچاؤ کر کے معاملات کو کسی حد تک "سفارتی طور پر طے" کروا دیا، لیکن اس حل کو "فیس سیونگ" کے نام پر یاد رکھا گیا۔

ہندوستان کو اپنی عوامی خواہشات کے سامنے ایک کامیاب کارروائی کا دھوکہ دینا تھا، اور پاکستان کو عالمی دباؤ سے بچنے کے لیے ایک عقلی راستہ اختیار کرنا تھا۔ دونوں ممالک نے اپنے اپنے تئیں ایک چالاکی کا مظاہرہ کیا، لیکن اس چالاکی کا انجام آنے والے برسوں میں واضح ہو گیا۔

پاکستان میں یہ آواز بھی سنائی دی: "ہمارے پاس تو ٹینک میں تیل ڈالنے کے پیسے بھی نہیں ہیں"۔ یہ ایک جملہ تھا، مگر درحقیقت پوری ریاست کی معاشی ناتوانی اور عالمی تنہائی کا عکاس تھا۔ لیکن وقت کے پہیے نے پلٹا کھایا ہے۔ وہ 2019 تھا، اب 2025 ہے۔ منظرنامہ یکسر مختلف ہے۔

سپہ سالار اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ کھڑا ہے، جوانوں کا مورال بلند ترین سطح پر ہے۔ ماضی کی ہزیمتیں — 1971، کارگل، اور پلوامہ — آج ایک یاد دہانی بن چکی ہیں کہ صرف عسکری تیاری کافی نہیں، قومی وژن اور اقتصادی خودمختاری بھی لازم ہے۔

2019

میں بھارت میں مودی کی پاپولسٹ سیاست نے خطے کو بحران کی جانب دھکیلا، اور آج بھی ویسا ہی رجحان نظر آ رہا ہے۔ کشمیر کے مسئلے کا جواب بلوچستان میں دینے کے نعرے ایک بار پھر فضا میں گونج رہے ہیں۔ مودی حکومت کی انتخابی حکمتِ عملی ہمیشہ "دشمن تراشی" پر مبنی رہی ہے، جہاں پاکستان کو ایک آسان ہدف بنا کر عوامی حمایت حاصل کی جاتی ہے۔ لیکن پاکستان کا مسئلہ، بھارت کے مسئلے سے مختلف ہے۔ ہم ایک احسان زیاں، قومی بحران، اور مسلسل دھوکے کے کرب سے گزر چکے ہیں۔ ہماری عوام اب جنگ سے زیادہ امن، اور دشمنی سے زیادہ ترقی کی خواہاں ہے۔

پاکستانی عوام کا شعور بدل چکا ہے۔ وہ جان چکے ہیں کہ ہر چند سال بعد ایک مصنوعی بحران کھڑا کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں جو بھی معمولی ترقی ہوتی ہے، وہ راکھ ہو جاتی ہے۔ یہی شعور ہے جس نے ایک پاپولر لیڈر کو قید خانے تک پہنچا دیا۔ قوم اب پاپولزم سے تھک چکی ہے۔
مگر بھارت کی عوام شاید ابھی اس منزل تک نہیں پہنچی۔ ورنہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں مودی کے جنگی بیانیے کا حصہ نہ بنتیں۔ بھارت ایک ایسے سیاسی جال میں پھنس چکا ہے جہاں "قوم پرستی" اور "جنگی ہیجان" کی آڑ میں اصل مسائل پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔

مودی حکومت عوام کو شیر پر سوار ہونے کا منظر دکھا رہی ہے، مگر یہ کوئی نہیں بتاتا کہ شیر سے اترنے کے بعد کیا ہو گا۔ بھارت کے میڈیا اور سیاسی قوتیں اپنے ہی جال میں پھنسی ہوئی ہیں۔ وہ خطے کے امن کو داؤ پر لگا کر وقتی سیاسی فائدہ اٹھا رہے ہیں، لیکن یہ آگ صرف سرحد کے اِس پار نہیں رکے گی۔

مودی کو 2019 میں جو فیس سیونگ دی گئی، اس کا خمیازہ آج تک بھگتا جا رہا ہے۔ سفارتی چالاکی کے پردے میں اصل ایشوز کو دبا دینا، نہ صرف ریاستی کمزوری کی علامت ہوتا ہے، بلکہ وہ کمزوری کل کو سیاسی بھوت بن کر واپس آتی ہے۔ اب بھی فون بج رہے ہیں، پیغامات آ رہے ہیں: "کچھ کر گزرو، مگر فیس سیونگ دے دو"۔
لیکن اس بار حالات مختلف ہیں۔

روڈ پر بیٹھا ریڑھی بان، دکان دار، طالب علم، سرکاری ملازم، وزیر اعظم، ٹینک کا ڈرائیور، اور خود سپہ سالار — سب ایک بات پر متفق نظر آتے ہیں: اب یا کبھی نہیں۔ وہ گولی جو ہم نے گھاس کھا کر بنائی تھی، شاید اب وقت آ گیا ہے کہ اس کا مصرف دیکھا جائے — نہ اس لیے کہ ہم جنگ چاہتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ روز روز کے بحران، دھمکیوں، اور فریبوں سے نجات صرف ایک واضح موقف سے ممکن ہے۔

یقیناً، اس تالاب میں کچھ ایسے مینڈک بھی ہیں جو بار بار پھدک پھدک کر یہ بتاتے ہیں کہ مودی تو پاگل ہے، تم تو ہوش سے کام لو، کوئی راستہ نکالو، فیس سیونگ دے کر معاملہ رفع دفع کرو۔ لیکن سوال یہ ہے: 2019 کی فیس سیونگ اگر 2025 میں گلے کا طوق بن چکی ہے، تو کیا 2025 کی فیس سیونگ زہر کا پیالہ نہیں بنے گی؟

پاکستان کو اب فیس سیونگ کی سیاست سے باہر آ کر فیس چینج کا فیصلہ کرنا ہو گا۔ قوموں کی بقا "سیاسی سمجھوتوں" میں نہیں، بلکہ اپنے وژن اور اصولوں پر ڈٹ جانے میں ہے۔
جنگ نہ سہی، مگر جنگ سے زیادہ خطرناک وہ امن ہے جس کی بنیاد جھوٹ اور وقتی فائدے پر ہو۔


 

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 137 Articles with 180168 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.