ابھی حال ہی میں عرب لیگ کا 34 ویں سمٹ منعقد ہوا۔ اس
موقع پر چین جیسی بڑی طاقت کی جانب سے عرب ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو
مستحکم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب
دنیا ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تیز تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، چین اور عرب
ریاستوں نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل مدتی تناظر سے دیکھنے کا
انتخاب کیا ہے۔ فریقین کا تعاون باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی کے
لیے مشترکہ وژن پر مبنی جنوب۔جنوب یکجہتی کے ماڈل کے طور پر کام کرتا ہے۔
کہا جا سکتا ہے کہ، چین۔عرب شراکت داری تعاون، انصاف اور مشترکہ ترقی کا
ایک چراغ ہے، اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر میں یکجہتی اور مشترکہ مقصد کی
طاقت کی گواہی ہے۔
چین اور عرب ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور پائیدار ترقی پر مبنی ایک
اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو اجاگر کرتے ہیں۔یہ ایک ایسا ماڈل ہے جو تیزی سے بدلتی
ہوئی دنیا میں جنوب۔جنوب تعاون کی عمدہ مثال ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے
سمٹ کے نام ایک مبارک باد کا پیغام بھی بھیجا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ
عرب ممالک کی خود مختاری اور آزادی، ترقی اور تجدید کی ترویج، اور عدل و
انصاف کے تحفظ کی کوششوں نے گلوبل ساوتھ کے اثر و رسوخ کو بڑھانے میں فعال
کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر باہمی سیاسی اعتماد
کو گہرا کرنے، باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے، عوامی اور ثقافتی
تبادلوں کو بڑھانے، اپنی اپنی جدیدیت کی راہ پر مل کر کام کرنے اور ایک
اعلیٰ سطح کے چین۔عرب ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کی خواہش کا اظہار کیا۔
گزشتہ چند سالوں میں، چین۔عرب تعلقات نے بے مثال ترقی دیکھی ہے، جس میں
سیاسی اعتماد میں گہرائی، تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات میں مضبوطی، اور
عوامی تبادلوں میں زیادہ توانائی شامل ہے۔ 2022 میں ریاض میں پہلی چین۔عرب
ریاستوں کی سمٹ کے بعد، فریقین نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل
چین۔عرب کمیونٹی کی تعمیر کے وژن کو اپنایا ہے۔
آگے بڑھتے ہوئے، 2026 میں چین میں منعقد ہونے والی دوسری چین۔عرب سمٹ سے
بھی نمایاں توقعات وابستہ ہیں جو دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھائے گی۔وسیع
تناظر میں اقتصادی میدان میں، توانائی تعاون چین۔عرب تعلقات کی ایک بنیاد
ہے، جو طویل مدتی استحکام اور باہمی فوائد پر مبنی ہے۔ چینی اداروں نے عرب
دنیا میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی حمایت میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، جو
کہ علاقائی تبدیلی اور جدیدیت میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ اسی دوران، اعلیٰ
ٹیکنالوجی کے شعبوں مثلاً فائیو جی ، مصنوعی ذہانت اور قابل تجدید توانائی
میں بھی تعاون پھیل رہا ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے نئے امکانات کھولتا ہے۔
فریقین کی بڑھتی ہوئی شراکت کے مرکز میں اقدار اور فلسفوں کا ایک ہی مقصد
ہے۔ چین اور عرب لوگوں کے مشترکہ مقاصد امن، سچائی، دیانتداری اور شمولیت
ہیں۔ ایک بڑھتی ہوئے قطبی دنیا میں، فریقین کا مذاکرات پر زور دینا اور
تقسیم کے بجائے تعاون پر توجہ دینا بہت اہمیت رکھتا ہے۔
اسی طرح فریقین کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تبادلے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ عرب
دنیا میں چینی زبان سیکھنا تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، اور روایتی چینی طب کی
اہمیت بڑھ رہی ہے۔ نوجوانوں کے تبادلوں، تعلیم اور سیاحت میں مشترکہ
پروگراموں نے چین اور عرب دنیا کے لوگوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط
کیا ہے، جس سے واضح فوائد اور کامیابی کا احساس بڑھا ہے۔
عرب ممالک نے چین کے تجویز کردہ انیشی ایٹوز کی بھی بھرپور حمایت کی ہے،
جبکہ دونوں اطراف نے عالمی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی سلامتی
اور عوامی صحت پر قریبی تعاون کیا ہے۔فلسطینی مسئلے پر، جو عرب دنیا کے لیے
ایک طویل مدتی تشویش ہے، چین نے مستقل طور پر دو ریاستی حل کے نفاذ اور
1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی وکالت کی ہے۔
علاقائی مسائل پر، چین نے ایک واضح اور متوازن موقف برقرار رکھا ہے، گفتگو
اور سیاسی حل کی اپیل کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں بیرونی مداخلت اور بالادستی
کی سیاست کی مخالفت کی ہے۔ یہ اصولی فیصلے عرب ممالک میں چین کا احترام
بڑھاتے ہیں اور مزید تعاون کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ وسیع تناظر میں ایک دوسرے کے سیکیورٹی چیلنجز اور
ترقیاتی اہداف میں حمایت کرنے سے لے کر عالمی انصاف اور باہمی افہام و
تفہیم کو مشترکہ طور پر فروغ دینے تک، چین اور عرب ریاستوں نے ایک مضبوط
شراکت داری قائم کی ہے جو علاقائی امن اور عالمی ترقی میں معاون ہے۔اب ایک
نئے تاریخی آغاز پر کھڑے ہو کر، چین اور عرب ممالک پہلے سے کہیں زیادہ بہتر
طور پر ایک مشترکہ مستقبل کی حامل اعلیٰ درجے کی کمیونٹی تعمیر کے لیے مل
کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔یوں، فریقین اپنے اپنے جدید کاری کے سفر کو
نئی تحریک فراہم کریں گے، مشرق وسطیٰ میں استحکام میں مدد کریں گے اور
عالمی امن اور ترقی کی وسیع تر کوششوں میں نئی بصیرت اور طاقت لائیں گے۔
|