عید الاضحیٰ – قربانی صرف جانور کی نہیں، جذبے کی بھی ہوتی ہے

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاته،
میرا آج کا موضوع بہت خوبصورت اور ایمان افروز ہے — عید الاضحیٰ۔
یہ دن صرف گوشت کھانے، مہنگے جانور خریدنے، یا تصویریں کھنچوانے کا دن نہیں ہے۔
یہ دن ہے ایمان، ایثار، قربانی اور اللہ کے حکم کے آگے جھکنے کا دن۔

کچھ لوگ اکثر سوال اٹھاتے ہیں:
"اتنے مہنگے جانور خریدنے کا کیا فائدہ؟ یہ تو پیسے کا ضیاع ہے۔
اتنے لوگ غریب ہیں، اُن کی مدد کیوں نہیں کی جاتی؟"

ایسا سوچنا کبھی کبھی نیکی کی فکر میں ہوتا ہے،
لیکن اکثر یہ شیطان کی طرف سے دل میں ڈالا گیا وسوسہ ہوتا ہے
تاکہ ہم اللہ کے حکم سے ہٹ جائیں، اور اپنی عقل کو اللہ کے حکم پر فوقیت دینے لگیں۔

لیکن آئیے، ہم غور کرتے ہیں کہ قربانی ضائع نہیں جاتی، بلکہ یہ
روزی کا ذریعہ بنتی ہے،
چہروں پر خوشیاں لاتی ہے،
اور غربت میں پسے ہوئے طبقے کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کرتی ہے۔

💠 قربانی کا گوشت:

وہ لوگ جو سارا سال مہنگائی کے باعث گوشت صرف خواب میں دیکھتے ہیں،
وہ بھی عیدالاضحیٰ پر پیٹ بھر کر گوشت کھاتے ہیں،
اور کچھ دنوں کے لیے ان کے گھروں میں بھی خوشیوں کی مہک آتی ہے۔

💠 معیشت کا پہیہ:

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ جب جانور خریدے جاتے ہیں تو کتنے لوگوں کا روزگار جڑ جاتا ہے؟

جانور پالنے والے کسان

بیچنے والے تاجر

چارہ فروخت کرنے والے

پانی کے ٹینکر والے

قصائی

گوشت تقسیم کرنے والے
یہ سب لوگ عید الاضحیٰ پر اپنے بچوں کے لیے رزق کماتے ہیں۔


یہ سب وہ لوگ ہیں جو سال کے باقی دنوں میں بمشکل گزارا کرتے ہیں،
لیکن عید قربان کے دنوں میں ان کے چہروں پر مسکراہٹ ہوتی ہے۔

💠 اللہ کی رضا:

یاد رکھیں!
ہم جو قربانی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کو نہ گوشت پہنچتا ہے نہ خون،
بلکہ جیسا قرآن میں فرمایا گیا:
"اللہ کو تمھاری قربانیوں کا گوشت یا خون نہیں پہنچتا، بلکہ تمھارا تقویٰ پہنچتا ہے"
(سورہ الحج: 37)


عیدالاضحیٰ کے دنوں میں جو کچھ ہم خرچ کرتے ہیں، وہ نہ ضیاع ہوتا ہے، نہ دکھاوا بنتا ہے،
اگر نیت اللہ کی رضا ہو تو یہ سب عبادت بن جاتا ہے۔
یہ دن صرف جانور کی قربانی کا دن نہیں،
بلکہ دل کی خودغرضی، نفس کی خواہشات اور دنیاوی لالچ کو قربان کرنے کا دن ہے۔

تو آئیے،
جب عید آئے، تو صرف گوشت نہ بانٹیں — خوشیاں، مسکراہٹیں اور اپنائیت بھی بانٹیں۔


---


 

Halima
About the Author: Halima Read More Articles by Halima: 4 Articles with 192 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.