روئے زمین پر دنیا کا سب سے بڑا قدرتی کنواں

خالق کائنات کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے جس سے آگاہی کیلئے تحقیق و جستجو شرط ہے، چین میں موجود دنیا کا سب سے بڑا کنواں بھی کائنات کے سربستہ رازوں میں سے ایک ہے!
دنیا کے مختلف علاقوں میں کچھ راز ایسے بھی چھپے ہیں جو انسان کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ ان ہی حیران کن مظاہرِ قدرت میں سے ایک چین کے صوبہ چونگ کنگ (Chongqing) کے مقام "فینگجی" (Fengjie) میں واقع دنیا کا سب سے بڑا قدرتی کنواں یا "سنکھول" (Sinkhole) ہے، جسے مقامی زبان میں "Xiaozhai Tiankeng" یعنی "شاؤژائی تیانکنگ" کہا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے "آسمانی کنواں"۔
یہ قدرتی عجوبہ زمین میں ایک بہت بڑا دہانہ ہے جو اپنے حجم، گہرائی اور حیاتیاتی تنوع کے باعث دنیا بھر کے ماہرین ارضیات کے لیے ایک حیران کن معمہ بنا ہوا ہے۔
اس کنویں کی گہرائی تقریباً 662 میٹر (تقریباً 2,172 فٹ)، چوڑائی تقریباً 537 میٹر اور پانی کی سطح نیچے 36 میٹر گہرائی پر موجود ہے۔
اس کنویں کا حجم تقریباً 119 ملین کیوبک میٹر ہے جو اسے دنیا کا سب سے بڑا sinkhole بناتا ہے۔
اس کنویں Xiaozhai Tiankeng کے بننے کا عمل ایک قدرتی "کارسٹ" (karst) لینڈفارم کا نتیجہ ہے، جہاں زیرزمین پانی کی مستقل حرکت نے چونا پتھر کی چٹانوں کو تحلیل کر کے ایک غار بنائی، جو وقت کے ساتھ زمین کے دھنسنے کی وجہ سے کھل گئی۔
اس کے نیچے موجود Difeng Cave نامی غار کی لمبائی تقریباً 8.5 کلومیٹر ہے، جس کے اندر سے ایک زیر زمین دریا بہتا ہے۔ یہ دریا آگے چل کر ایک خوبصورت آبشار میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اس کنویں میں ایک مکمل حیاتیاتی نظام موجود ہے اور اس قدرتی کنویں کے اندر ایک الگ ہی دنیا موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کنویں میں تقریباً 1,300 اقسام کے پودے اور جنگلی جانور پائے گئے ہیں۔یہ مقامی سطح پر ایک حیاتیاتی خزانے کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں نایاب جاندار جیسے leopard cats, giant salamanders، اور مخصوص قسم کے پرندے اور کیڑے شامل ہیں پائے جاتے ہیں ۔
گھنے جنگلات اور نمی والے ماحول کی بدولت یہاں ایک خاص قسم کی حیاتیاتی تنوع جنم لیتی ہے جو باقی دنیا سے کٹی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ یہ قدرتی عجوبہ سائنسدانوں کے لیے ایک معمہ ہے ۔
ماہرین ارضیات آج بھی اس sinkhole کے متعلق تحقیق کر رہے ہیں۔ اس کی ساخت، گہرائی اور اندر موجود زیر زمین نظام اس قدر پیچیدہ اور حیرت انگیز ہے کہ ہر نئی تحقیق ایک نیا راز کھولتی ہے۔اس کنویں کو دنیا کے 100 سے زائد قدرتی عجائبات میں شامل کیا گیا ہے۔
چین کی حکومت نے اسے ایک ماحولیاتی محفوظ علاقہ قرار دے رکھا ہے اور مخصوص اجازت کے ساتھ سائنسدانوں کو ہی اس میں داخل ہونے دیا جاتا ہے۔اس مقام کی سیاحتی اہمیت بھی دن بہ دن بڑھ رہی ہے، مگر حفاظتی اور ماحولیاتی خدشات کی وجہ سے اسے عام عوام کے لیے محدود رکھا گیا ہے۔
قصہ مختصر "شاؤژائی تیانکنگ" صرف ایک گڑھا یا کنواں نہیں، بلکہ زمین کے اندر چھپی ہوئی ایک مکمل دنیا ہے۔ یہ ہمیں قدرت کی طاقت، وقت کی رفتار، اور زمین کے اندر ہونے والی کیمیائی و طبعی تبدیلیوں کی حیرت انگیز مثال پیش کرتا ہے۔ایسی جگہیں نہ صرف زمین کے رازوں سے پردہ اٹھاتی ہیں، بلکہ انسان کو اس کی حیثیت، فطرت کے احترام، اور ماحول کے تحفظ کا سبق بھی دیتی ہیں۔

 

Fazal khaliq khan
About the Author: Fazal khaliq khan Read More Articles by Fazal khaliq khan: 127 Articles with 80266 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.