’’ہوا محل‘‘ جے پور کا وہ محل جو فن تعمیر کا ایک عجوبہ ہے

برصغیر پاک و ہند کی تاریخ تعمیراتی عجوبوں سے بھری پڑی ہے، راجستھان میں موجود "ہوا محل" انہی عجوبوں میں سے ایک ہے جو آج بھی اپنے شاندار ماضی کا قصہ بزبان حال بیان کرتی ہے!

’’ہوا محل‘‘جے پور کا وہ محل ہے جہاں ہوا بھی احترام سے چلتی ہے، راجستھان کا دارالحکومت جے پور نہ صرف اپنی تاریخی اہمیت بلکہ اپنی دیدہ زیب عمارتوں اور محلوں کی وجہ سے بھی عالمی شہرت رکھتا ہے۔ انہی عجائبات میں شامل ہے "ہوا محل" یا "محل آف دی ونڈز"، جو اپنی منفرد ساخت، شاندار فنِ تعمیر، اور تاریخی پس منظر کے باعث آج بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ہوا محل کی تعمیر 1799ء میں اُس وقت کے حکمران مہاراجہ سوائی پرتاب سنگھ کے حکم پر کی گئی۔ اس کا خوبصورت و جاذبِ نظر خاکہ جے پور کے ماہر معمار لال چند اوستا نے تیار کیا۔ یہ عمارت نہ صرف ایک شاہکار ہے بلکہ راجپوت اور مغل فنِ تعمیر کا حسین امتزاج بھی پیش کرتی ہے۔

سرخ اور گلابی پتھروں سے بنی اس پانچ منزلہ عمارت میں 953 جھروکے (کھڑکیاں) ہیں، جنہیں نہایت خوبصورتی سے جالی دار انداز میں بنایا گیا ہے۔ ان جھروکوں کا مقصد صرف زیبائش نہیں تھا، بلکہ وہ شاہی محل کی خواتین کو یہ سہولت دیتے تھے کہ وہ باہر کی رونقیں اور گلیوں کے مناظر تو دیکھ سکیں گی لیکن وہ خود کسی کی نظروں میں نہیں آئیں گی جو اس دور کی پردے کی روایات کا لازمی تقاضا تھا۔

محل کی بناوٹ اس انداز میں کی گئی ہے کہ اس کے ہر جھروکے سے چلنے والی ہوا اندر آ کر محل کو فطری طور پر ٹھنڈا رکھتی۔ یہی خصوصیت اسے "ہوا محل" کا لقب عطا کرتی ہے۔ راجستھان کی جھلستی گرمی میں جب باہر کی فضا جھلسا دینے والی ہوتی ہے، تب بھی ہوا محل کے اندر ٹھنڈی ہوائیں ایک فرحت بخش احساس پیدا کرتی ہیں۔

ہوا محل سیاحت، ثقافت اور جاذبیت کا ایک حسین امتزاج ہے،. ہوا محل صرف ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ بھارت کے سب سے معروف سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔ جے پور کی سڑکوں پر چلتے ہوئے، جیسے ہی یہ بلند و بالا محل نظر آتا ہے، سیاحوں کے قدم خود بخود رک جاتے ہیں۔ اس محل کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں لوگ سال بھر یعنی ہر وقت یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

محل کی سیر کے اوقات کار صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہیں اور یہاں داخلے کے لیے ٹکٹ کی معمولی فیس لی جاتی ہے، جو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے مختلف ہوتی ہے۔ محل کے اندر سیاحوں کی سہولت کے لیے گائیڈز، آڈیو گائیڈز اور معلوماتی بورڈز دستیاب ہیں جو محل کی تاریخ کو تفصیل سے بیان کرتے ہیں۔

ہوا محل کے اندر ایک میوزیم بھی بنایا گیا ہے جہاں راجستھانی ثقافت، ہتھیار، لباس، زیورات اور قدیم تصویریں رکھی گئی ہیں، جو ماضی کی تہذیب کو آج کے دور سے جوڑتی ہیں۔
یہاں پر ہر سال متعدد ثقافتی تقاریب، فوٹوگرافی مقابلے، اور تاریخی سیاحت کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کو بھی راغب کرتے ہیں۔ہوا محل صرف ایک خوبصورت عمارت نہیں بلکہ ثقافت، تاریخ، اور فن کا وہ عظیم استعارہ ہے جو آج بھی زندہ ہے۔ یہ ماضی کی نسوانی تہذیب، راجپوتوں کے جمالیاتی ذوق، اور ماحولیاتی ہوشیاری کی ایک مکمل تصویر پیش کرتا ہے۔ اگر آپ کو کبھی جے پور جانے کا موقع ملے، تو ہوا محل کی سیر ضرور کریں جہاں ہوا خود بھی رک رک کر اس خوبصورت محل کی تاریخ کی گواہی دیتی ہے۔
 

Fazal khaliq khan
About the Author: Fazal khaliq khan Read More Articles by Fazal khaliq khan: 100 Articles with 75916 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.