چینی معیشت میں استحکام و توازن اور نئی ترقیاتی سمت

چینی معیشت میں استحکام و توازن اور نئی ترقیاتی سمت
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

دنیا بھر میں معاشی بے یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور مالیاتی دباؤ کے ماحول میں چین کی حالیہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے اعداد و شمار ایک مختلف تصویر پیش کرتے ہیں۔ سال 2025 میں چینی معیشت نے توقعات سے زیادہ استحکام کا مظاہرہ کیا، تاہم یہ اعداد محض وقتی برداشت نہیں بلکہ ایک گہری اور طویل المدتی معاشی حکمتِ عملی کے ابتدائی نتائج کی نشان دہی کرتے ہیں۔ یہ حکمتِ عملی چین کو پائیدار، متوازن اور اندرونی طور پر مضبوط معاشی ڈھانچے کی طرف لے جانے کی کوشش ہے۔

چین 2026 سے اپنے پندرھویں پانچ سالہ منصوبے (2030-2026) میں داخل ہو رہا ہے، جہاں معاشی سمت کا تعین محض شرحِ نمو سے نہیں بلکہ معیار، توازن اور اندرونی استحکام سے کیا جا رہا ہے۔ پالیسی سازوں کی توجہ اب گھریلو طلب کے فروغ، انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری اور جدت طرازی کے ذریعے دیرپا ترقی کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کرنے پر مرکوز ہے۔

چینی معاشی پالیسی میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں تبدیلی یہ ہے کہ وسیع اور فوری محرکاتی پیکجوں کے بجائے اہدافی اور معقول اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ مالیاتی یا شعبہ جاتی عدم توازن سے بچا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق 2026 کے معاشی منظرنامے کو سمجھنے کے لیے قلیل مدتی کے بجائے درمیانی اور طویل مدتی ساختی تبدیلیوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، کیونکہ مقصد محض نمو کا ہدف حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشی معیار کو بہتر بنانا ہے۔

مرکزی بینک کی حالیہ پالیسی اسی سوچ کی عکاس ہے، جہاں شرحِ سود اور رہن سے متعلق شرائط میں محدود نرمی کی گئی۔ عالمی مالیاتی اداروں نے ان اقدامات کو محتاط معاونت قرار دیا ہے، جس کا مقصد منڈیوں کو سہارا دینا ہے نہ کہ قیاس آرائی کو فروغ دینا۔

مالیاتی محاذ پر وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ 2026 میں حکومتی اخراجات میں مزید وسعت دی جائے گی، تاہم اس کے ساتھ عوامی مالیات کی طویل المدتی پائیداری کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے گا۔ وسائل کا رخ بالخصوص کھپت میں اضافے، انسانی سرمائے کی ترقی اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ بیرونی مبصرین کے نزدیک یہ اقدامات چین کی پختہ معاشی سوچ اور حکمتِ عملی میں سنجیدگی کا ثبوت ہیں، جو محض نمو کے اعداد تک محدود نہیں۔

اندرونی استحکام کے حصول کے لیے ساختی توازن ناگزیر ہے۔ روایتی طور پر سرمایہ کاری اور برآمدات چین کی ترقی کے بڑے محرک رہے ہیں، مگر عالمی حالات اور اندرونی ضروریات کے باعث اب ان پر انحصار میں کمی آ رہی ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے گھریلو کھپت اور تکنیکی ترقی کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔

حالیہ پالیسی بیانات کے مطابق چین ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں پرانے ترقیاتی عوامل سے نئے عوامل کی طرف منتقلی ناگزیر ہے۔ خدمات کے شعبے میں کھپت، خصوصاً بزرگوں کی دیکھ بھال، سبز ٹیکنالوجی اور ثقافتی سیاحت جیسے شعبوں میں وسعت کو مستقبل کی ترقی کا اہم ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔ مرکزی اقتصادی ورک کانفرنس نے 2026 کے لیے گھریلو طلب میں اضافے کو اولین ترجیح قرار دیا ہے، جبکہ 2030-2026 کے عرصے کے لیے ایک جامع نفاذی منصوبہ بھی متوقع ہے۔

اسی کے ساتھ، پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے جدت طرازی پر زور دیا جا رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت اور جدید مینوفیکچرنگ جیسی ٹیکنالوجیز کو مستقبل کی ترقی کا ستون تصور کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف کارکردگی میں اضافہ کریں گی بلکہ آمدنی اور مسابقت کو بھی سہارا دیں گی۔

چینی معاشی حکمتِ عملی میں ایک نمایاں اور بامعنی تبدیلی "انسان پر سرمایہ کاری" کا تصور ہے۔ اس سوچ کے تحت انسانی وسائل کو محض سماجی فلاح کا موضوع نہیں بلکہ پائیدار اور جدت پر مبنی ترقی کا بنیادی جزو مانا جا رہا ہے۔ پندرھویں پانچ سالہ منصوبے سے متعلق پالیسی دستاویزات میں فزیکل اثاثوں اور انسانی سرمائے میں یکساں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا ہے۔

اس تصور کے عملی اثرات اب پالیسی سازی میں دکھائی دے رہے ہیں۔ گھریلو کھپت بڑھانے کے لیے سب سے مؤثر ذریعہ گھریلو آمدنی میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے، جو ماضی کے اُن اقدامات سے مختلف ہے جہاں خریداری پر سبسڈی کو ترجیح دی جاتی تھی۔ روزگار کے استحکام، معیار میں بہتری اور شہری و دیہی آمدنی میں اضافے کے منصوبے اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔

چین کے آبادیاتی ڈھانچے کو بھی نئے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ فارغ التحصیل افراد کی دستیابی کو اب "آبادیاتی فائدے" کے بجائے "صلاحیتی فائدہ" سمجھا جا رہا ہے، جو اعلیٰ معیار کی اور جدت پر مبنی ترقی کا محرک بن سکتا ہے۔

کہا جا سکتا ہے کہ چین 2026 میں ایک ایسے معاشی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جہاں توجہ تیز رفتار نمو کے بجائے اندرونی استحکام، توازن اور معیار پر مرکوز ہے۔ گھریلو طلب، انسانی سرمائے اور ٹیکنالوجی پر مبنی یہ ازسرِنو توازن نہ صرف عالمی معاشی دباؤ کا محتاط جواب ہے بلکہ مستقبل کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کی ایک سنجیدہ کوشش بھی۔ اگر یہ حکمتِ عملی تسلسل کے ساتھ نافذ رہی تو چین کی آئندہ ترقی کا نمایاں پہلو یہی اندرونی استحکام ثابت ہو سکتا ہے، جو بدلتی ہوئی دنیا میں ایک مختلف اور زیادہ پائیدار معاشی راستے کی نشان دہی کرتا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1094013 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More