ڈیجیٹل ذمہ داری کا تقاضا
(SHAHID AFRAZ KHAN, Beijing)
|
ڈیجیٹل ذمہ داری کا تقاضا تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم، تفریح اور سماجی روابط کا ایک ناگزیر حصہ بن چکا ہے۔ تاہم اسی وسعت کے ساتھ خطرات بھی بڑھے ہیں، جن میں نامناسب مواد، غلط اقدار کی ترویج اور ذاتی معلومات کا غلط استعمال نمایاں ہیں۔ دنیا بھر میں حکومتیں اس امر پر غور کر رہی ہیں کہ نئی نسل کو ڈیجیٹل نقصان سے کیسے محفوظ رکھا جائے۔ اسی تناظر میں چین نے نابالغوں کے آن لائن تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اور جامع ضوابط متعارف کرائے ہیں، جو ڈیجیٹل ذمہ داری کے ایک منظم فریم ورک کی عکاسی کرتے ہیں۔
چین نے ایسے آن لائن مواد کی درجہ بندی سے متعلق نئے قواعد جاری کیے ہیں جو نابالغوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ یہ ضوابط آٹھ سرکاری اداروں نے مشترکہ طور پر نافذ کیے ہیں، جن میں چین کی سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن بھی شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد انٹرنیٹ پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کی تشکیل ہے۔ ریگولیٹری حکام کے مطابق انٹرنیٹ اب نابالغوں کی پڑھائی، روزمرہ زندگی اور تفریح کا ایک اہم میدان بن چکا ہے، اور اس عمر کے افراد میں انٹرنیٹ کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں آن لائن معلومات نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت پر اثرانداز ہوتی ہیں بلکہ ان کی اقدار، سوچ اور شخصیت کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے عوامی سطح پر آن لائن تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے مطالبات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت آن لائن مواد کو چار بنیادی زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا زمرہ ایسے مواد پر مشتمل ہے جو نابالغوں کو نقصان دہ رویوں کی تقلید یا ان میں ملوث ہونے کی ترغیب دے سکتا ہے۔ دوسرا زمرہ وہ مواد ہے جو بچوں اور نوجوانوں کی اقدار پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ تیسرا زمرہ نابالغوں کی تصاویر کے نامناسب استعمال سے متعلق ہے، جبکہ چوتھا زمرہ ان کی ذاتی معلومات کے غلط یا غیر ذمہ دارانہ انکشاف اور استعمال کو محیط ہے۔
قواعد کے مطابق آن لائن مواد تیار کرنے والوں اور ڈیجیٹل مصنوعات و خدمات فراہم کرنے والوں پر لازم ہوگا کہ وہ ایسے مواد کے خلاف بروقت حفاظتی اور پابندی عائد کرنے والے اقدامات کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ آن لائن پلیٹ فارمز کو واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نقصان دہ مواد کو نمایاں اور توجہ کھینچنے والی جگہوں پر پیش نہ کریں، جن میں ہوم پیج کی سرخیاں، پاپ اپ ونڈوز، ٹرینڈنگ سرچز، درجہ بندیاں، سفارشاتی فیڈز اور خصوصی سیکشنز شامل ہیں۔
ان ضوابط کا مقصد محض مواد کو محدود کرنا نہیں بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو سماجی ذمہ داری کا احساس دلانا بھی ہے، تاکہ وہ تجارتی مفادات کے ساتھ ساتھ نابالغ صارفین کے تحفظ کو بھی ترجیح دیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات انٹرنیٹ کے استعمال کو زیادہ محفوظ، متوازن اور تعمیری بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔
اعلان کے مطابق یہ نئے قواعد یکم مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ اس عرصے کے دوران آن لائن پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں، تکنیکی نظام اور نگرانی کے طریقہ کار کو نئے ضوابط سے ہم آہنگ کریں، تاکہ عمل درآمد مؤثر اور یکساں ہو سکے۔
چین کی جانب سے نابالغوں کے آن لائن تحفظ کے لیے متعارف کرائے گئے یہ ضوابط اس حقیقت کا اعتراف ہیں کہ ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی سلامتی ایک سنجیدہ اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انٹرنیٹ کے فوائد سے بھرپور استفادے کے ساتھ ساتھ اس کے ممکنہ نقصانات کو کم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اگر یہ اقدامات مؤثر انداز میں نافذ ہوتے ہیں تو نہ صرف نابالغوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے تحفظ میں مدد ملے گی بلکہ ایک ذمہ دار، باخبر اور متوازن ڈیجیٹل معاشرہ تشکیل دینے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ |
|