چین میں ڈیجیٹل جدت اور صارفین کی بدلتی ترجیحات

چین میں ڈیجیٹل جدت اور صارفین کی بدلتی ترجیحات
تحریر: شاہد افراز خان ، بیجنگ

چین کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے معاشی بحالی کی کامیاب کوششوں کے بعد ملک میں ثقافت اور سیاحت کے شعبے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں محض تعداد یا مقدار میں اضافے کے بجائے معیار، تنوع اور تجربے کو مرکزی حیثیت حاصل ہو رہی ہے۔ صارفین کے سفر کرنے، ثقافت کو سمجھنے اور تفریح پر خرچ کرنے کے انداز میں واضح تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جنہیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور نئی معاشی ترجیحات مزید تقویت دے رہی ہیں۔ حالیہ تحقیقی جائزے کے مطابق یہ دونوں شعبے نہ صرف بحالی کے مرحلے سے آگے بڑھ چکے ہیں بلکہ اعلیٰ معیار کی ترقی کی سمت گامزن ہیں۔

بیجنگ میں حال ہی میں جاری کردہ چین کی ثقافتی صنعت اور سیاحتی صنعت کی سالانہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں 2025 کے دوران مثبت اور مستحکم نمو کا سلسلہ برقرار رہا۔ رپورٹ کے اجرا کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں ان شعبوں کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے امکانات اور مستقبل کی سمتوں پر غور کیا گیا، جس سے یہ واضح ہوا کہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے تناظر میں ثقافت اور سیاحت ایک نئے ترقیاتی مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وبا کے بعد بحالی کے عمل کے تسلسل میں 2025 کے دوران ان شعبوں کی کارکردگی نے مضبوطی دکھائی، جبکہ صارفین کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئیں۔ معیشت کے ڈیجیٹل مرحلے سے آگے بڑھ کر بتدریج زیادہ ذہین مرحلے میں داخل ہونے، جمالیاتی تعلیم کے فروغ اور تجربہ پر مبنی کھپت کے بڑھتے رجحان نے ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کی نوعیت کو تبدیل کر دیا ہے۔

تحقیقی رپورٹ میں دس ابھرتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں ثقافتی بیانیے کی جدید تشکیل، عوامی خدمات اور صنعت کے درمیان بہتر ہم آہنگی، کاروباری ماڈلز کی گہری ڈیجیٹلائزیشن، علاقائی نیٹ ورکنگ میں اضافہ، ڈیٹا کو اثاثے کے طور پر استعمال کرنا، تخلیقی شعبے میں زیادہ متنوع شمولیت، صارفین کی منقسم اور مخصوص طلب، پلیٹ فارم پر مبنی صنعتی ڈھانچے، مختلف شعبوں کے درمیان انضمام، اور دوہری گردش پر مبنی ترقیاتی نمونے کی توسیع شامل ہیں۔

رپورٹ میں سال بھر کے دوران ثقافت اور سیاحت کے شعبے کو متاثر کرنے والے نمایاں واقعات، کلیدی اصطلاحات اور ترجیحی شعبوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ ان میں بعض تاریخی مقامات کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا جانا، پرفارمنس پر مبنی معیشت کا سیاحتی اخراجات میں کردار، کھیلوں اور سیاحتی منظرناموں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ، فلم اور تخلیقی صنعتوں کی عالمی سطح پر کامیابیاں، اور نئی طرز کی صارف معیشتوں کا فروغ شامل ہے۔

اسی طرح چند اہم کلیدی الفاظ بھی نمایاں ہوئے، جن میں جذباتی قدر، گہرا تجربہ، مصنوعی ذہانت کا استعمال، اعلیٰ معیار کی ترقی، غیر مادی ثقافتی ورثے پر مبنی کھپت، ضلعی سطح کی سیاحت اور نئی پیداواری قوتیں شامل ہیں۔ یہ اصطلاحات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ صارفین اب محض دیکھنے کے بجائے ثقافت کو محسوس کرنے اور اس سے جڑنے کے خواہاں ہیں۔

مجموعی اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اندرونِ ملک سیاحت کی منڈی مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے اور یہ رفتار 2026 میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔ اسپرنگ فیسٹیول کے دوران سفری سرگرمیوں میں اضافہ ، کھپت کا فروغ ،ثقافت اور سیاحت کے شعبے ملکی طلب کے اہم ستون کے طور پر ابھرے ہیں۔

چین میں ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں ابھرنے والے یہ نئے رجحانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ شعبے محض تفریح یا ضمنی سرگرمی نہیں رہے بلکہ ملکی معیشت، کھپت اور سماجی طرزِ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ ڈیجیٹل جدت، صارفین کی بدلتی ترجیحات اور اعلیٰ معیار کی ترقی پر توجہ نے ان شعبوں کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ آئندہ برسوں میں ثقافت اور سیاحت نہ صرف اندرونی طلب کو سہارا دیں گے بلکہ یہ بھی طے کریں گے کہ چین کس طرح ڈیجیٹل اور کھپت پر مبنی ترقی کے اگلے مرحلے میں داخل ہوتا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1092674 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More