رات کے رازوں کا مسافر

رات ایک عجیب مخلوق ہے۔ جب دن کا شور ختم ہو جاتا ہے اور شہر کی گونج خاموش ہو جاتی ہے، تب رات اپنے نرم پَر پھیلا کر انسان کے کندھوں پر آ بیٹھتی ہے۔ کچھ لوگوں کے لیے یہ سکون لاتی ہے، کچھ کے لیے خوف، اور کچھ کے لیے، سوال۔ ایسے سوال جن کا جواب دن کی روشنی میں کہیں گم ہو جاتا ہے۔ رات کا سکوت ایک دعوت ہوتا ہے، ایک خاموش دروازہ جو صرف انہی کے لیے کھلتا ہے جن کے دل بوجھل ہوں، جن کے اندر شور ہو، یا جن کے پاس کوئی ایسا راز ہو جسے وہ کسی انسان سے تو نہیں کہہ سکتے مگر کبھی کبھی آسمان سے ضرور کہہ دیتے ہیں۔ ایسے میں آسمان کسی استاد کی طرح لگتا ہے جو اپنے خاموش سبق سے انسان کو کچھ نہ کچھ سکھا ہی دیتا ہے۔ رات جب اپنی گہرائیوں میں اترتی جاتی ہے تو انسان کے اندر بھی ایک خاموش سفر شروع ہو جاتا ہے۔ دن کی روشنی انسان کو باہر کی دنیا میں الجھا دیتی ہے، مگر رات اسے اندر کی دنیا میں لے جاتی ہے، وہ دنیا جسے وہ اکثر نظر انداز کرتا آیا ہے۔ وہ لوگ جنہیں رات نیند سے محروم کر دیتی ہے، وہی دراصل رات کے اصل شناسا ہوتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ خاموشی بھی بولتی ہے، اندھیرا بھی سمجھاتا ہے، اور آسمان کے ستارے بھی ہر رات کوئی نہ کوئی مکالمہ کرنے آتے ہیں۔ یہ مکالمہ لفظوں میں نہیں ہوتا، یہ دل کی دھڑکنوں میں بستا ہے۔ انسان جب بے خواب ہوتا ہے، تو صرف جاگتا نہیں، سوچتا بھی ہے، گنتا بھی ہے، محسوس بھی کرتا ہے۔ بے خواب انسان جب بستر پر کروٹیں بدلتا ہے، تو وہ دراصل صرف زاویہ نہیں بدلتا، وہ اپنے دل کے بوجھ بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتا رہتا ہے۔ کبھی یادوں کی ٹھنڈی لہر دل سے ٹکراتی ہے، کبھی کسی بھولی ہوئی آواز کی گونج سنائی دیتی ہے، کبھی کوئی پرانا زخم ہلکہ ہلکہ سسک اٹھتا ہے۔ رات اتنی خاموش ہوتی ہے کہ انسان کو اپنے ہی دل کی دھڑکنیں بھی اعتراف کرتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔ پھر رات اسے اپنے پاس بلاتی ہے، کہتی ہے: ”آ، میں تجھے دکھاؤں کہ تیرے سوال اکیلے نہیں۔“ چاند اس خاموش محفل کا پہلا راوی ہوتا ہے۔ وہ کبھی پورا، کبھی ادھورا، کبھی شرمیلا، کبھی نرم سا، مگر ہمیشہ موجود۔ شاید وہ اسی لیے ہر رات نکلتا ہے کہ دنیا کے تھکے ہوئے دلوں کو یہ یقین دلائے کہ کوئی ہے جو ہر رات واپس آتا ہے، چاہے پورا نہ ہو، مگر ہوتا ضرور ہے۔ چاند کبھی مسکرا کر کہتا ہے: ”تو نے دیکھ لیا آج بھی میں ادھورا ہوں، مگر پھر بھی دنیا کو روشنی دیتا ہوں۔“ ستارے اس محفل کے خاموش گواہ ہیں۔ وہ ہزاروں کی تعداد میں ہیں، مگر ہر ایک میں ایک تنہائی چھپی ہے۔ وہ ٹمٹماتے ہیں مگر بجھتے نہیں، جیسے عظیم دکھوں میں چھوٹے چھوٹے حوصلے جگمگاتے رہتے ہیں۔ ستارے اپنے وجود سے بتاتے ہیں: ”ہم بہت چھوٹے ہیں، مگر اگر غائب ہو جائیں تو آسمان کا حسن ادھورا رہ جائے گا۔“ کچھ لوگ انہی ستاروں میں اپنے سوال ڈال دیتے ہیں، اور انہی کے ذریعے اپنے دل کے بوجھ کو آسمان تک پہنچاتے ہیں۔ رات کو اکثر لوگ اندھیرا سمجھتے ہیں، مگر اصل میں وہ روشنی کا پہلا زینہ ہے۔ اسی لیے جو لوگ رات سے دوستی کر لیتے ہیں، وہ زندگی کی ہر صبح کچھ زیادہ پختگی، زیادہ گہرائی اور زیادہ یقین کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ رات جب انسان سے کہتی ہے، ”اپنے دل کا بوجھ اتار دے، میں سنوں گی“، تب انسان سوچتا ہے کہ کیا واقعی اندھیرا سن سکتا ہے؟ کیا خاموشی دل کو تھام سکتی ہے؟ اور جواب اسی لمحے اُسے مل جاتا ہے، جب اندر کا شور ہلکا ہونے لگتا ہے، جب سوچوں کی بھیڑ چھٹنے لگتی ہے، جب دل آسمان کی طرف دیکھ کر ایک نامعلوم سکون محسوس کرتا ہے۔ انسان ان نشانیوں کو دیکھتا ہے اور ایک عجیب احساس سے گزرتا ہے کہ شاید اُس کا درد، اُس کی خاموشی، اُس کی بے خوابی بھی کسی بڑے مقصد کا حصہ ہے۔ شاید زخم بھی انسان کو وہ بنا دیتے ہیں جو وہ کبھی نہ بنتا اگر ہر چیز آسان ہوتی۔ بے خوابی کی راتیں اکثر بے رحم بھی ہوتی ہیں۔ وہ انسان کو خود سے ملاتی ہیں، وہ یادوں کو چیر کر سامنے لاتی ہیں، وہ چھپے ہوئے خوف کو سطح پر لا کھڑا کرتی ہیں۔ مگر ان سب کے باوجود وہ ایک بات ضرور سکھاتی ہیں کہ انسان کتنا بھی ٹوٹ جائے، آسمان ہر رات اسے سمجھانے ضرور آتا ہے۔ یہ سمجھانا کیسا ہوتا ہے؟ کبھی ہلکی ہوا میں کوئی پیغام ہوتا ہے، کبھی خاموش آسمان میں کوئی اشارہ، کبھی گزرتا ہوا بادل کسی خیال کا تذکرہ چھوڑ جاتا ہے، اور کبھی چاند کی ماند سی روشنی دل کے زخموں پر مرہم کی طرح بن جاتی ہے۔ انسان اکثر دن کے وقت مضبوط دکھائی دیتا ہے، لوگوں کے سامنے مسکراتا ہے، اپنے کاموں میں مصروف رہتا ہے۔ مگر رات، رات انسان کے اصل چہرے کو جانتی ہے۔ وہ دل کی زبان سمجھتی ہے، وہ ٹوٹے ہوئے حصوں کو آواز دیتی ہے، اور کبھی کبھی انسان کو اپنے آپ سے وہ سوال کرواتی ہے جن کے جواب کہیں اور نہیں ملتے۔ رات اکثر انسان کو اُس کے دل کے قریب لے آتی ہے۔ وہ اُسے اُس کی کمزوری نہیں دکھاتی بلکہ اُس کی حقیقت دکھاتی ہے۔ وہ اُسے رُلانے نہیں آتی بلکہ اُسے سنبھالنے آتی ہے۔ وہ اُسے ڈرانے نہیں آتی بلکہ اُسے سمجھانے آتی ہے۔ اور جب کبھی ایسا ہوتا ہے کہ انسان رات سے لڑتے لڑتے تھک جائے، جب نیند اُس کے قریب بھی نہ آئے، جب دل بے چین رہے، اور دنیا کے سب راستے بند لگیں، تو وہی رات اپنی نرم روشنی میں اُسے تھام لیتی ہے۔ وہ کہتی ہے: ”جو راز تم سمجھ نہیں پا رہے، وہ وقت سمجھا دے گا۔ جو درد ابھی بھاری لگ رہا ہے، وہ کل ہلکا لگے گا۔ اور جو سوال تمہیں سونے نہیں دیتے، وہی کبھی تمہیں جگانے کی وجہ بنیں گے۔“ جو لوگ رات سے باتیں کرتے ہیں، ستاروں سے مشورہ لیتے ہیں، چاند میں اپنے دل کا عکس ڈھونڈتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ رات صرف اندھیرا نہیں، ایک راز ہے، اور انسان اس راز کا مسافر۔ رات کا سب سے بڑا راز یہی ہے کہ وہ دکھ کو دشمن نہیں سمجھتی۔ وہ جانتی ہے کہ دکھ انسان کو گہرا کرتا ہے، اسے سوچ دیتا ہے، اسے سمجھ دیتا ہے۔ وہ جانتی ہے کہ آنسو ہمیشہ کمزوری کی دلیل نہیں ہوتے، کبھی کبھی یہ اللہ سے بات کرنے کا وہ راستہ ہوتے ہیں جو الفاظ نہیں دے پاتے۔ رات ہمیں ہر روز سمجھانے آتی ہے، مگر ہم دن کی روشنی میں بھول جاتے ہیں کہ اندھیروں میں بھی راستے ہوا کرتے ہیں۔ جو لوگ راتوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے بلکہ اس کے سامنے اپنا دل کھول دیتے ہیں، وہ رفتہ رفتہ جان جاتے ہیں کہ کچھ سوالوں کے جواب انسان کو خود ہی ڈھونڈنے پڑتے ہیں۔ کوئی دوسرا نہیں بتاتا۔ چاند نہیں، ستارے نہیں، ہوا نہیں، بس یہ سب اشارہ کرتے ہیں، اصل جواب دل کے اندر چھپا ہوتا ہے۔ رات کا اِجاز یہی ہے کہ رات اپنے راز صرف انہیں بتاتی ہے جو سننے کا حوصلہ رکھتے ہیں، اور اپنے زخم صرف انہیں دکھاتی ہے جو سمجھنے والا دل رکھتے ہیں۔ 
Shayan Alam
About the Author: Shayan Alam Read More Articles by Shayan Alam: 68 Articles with 45816 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.