چین میں نئی ملازمتوں کا دور
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
چین میں نئی ملازمتوں کا دور تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
جدید دور میں ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے نہ صرف معیشت بلکہ روزگار کے ڈھانچے کو بھی بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ چین میں یہ تبدیلی خاص طور پر نمایاں ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، ڈرون ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ نے نئی ملازمتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔ یہ رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مستقبل کی معیشت میں مہارت، جدت اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کلیدی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
جنوبی چین کے اہم ٹیکنالوجی مرکز شینزن میں ڈرون لاجسٹکس جیسے جدید شعبے اس تبدیلی کی واضح مثال ہیں۔ یہاں کم بلندی پر پرواز کرنے والے ڈرونز کے ذریعے سامان کی ترسیل کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی ہے، جس کے لیے نئے پیشوں جیسے “ڈرون روٹ پلانر” وجود میں آئے ہیں۔ اس قسم کی ملازمتیں روایتی کاموں سے بالکل مختلف ہیں اور ان میں فضائی راستوں، ڈیٹا اور جدید نظاموں کی گہری سمجھ درکار ہوتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں روبوٹکس اور جدید مواد سے متعلق ملازمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ مصنوعی ذہانت اور آپٹو الیکٹرانکس جیسے شعبوں میں بھی نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی۔ یہ اشارہ دیتا ہے کہ چین کی معیشت تیزی سے ایک ایسی سمت میں بڑھ رہی ہے جہاں ہنر مند افرادی قوت کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔
مصنوعی ذہانت کے میدان میں بھی نئی نوعیت کی ملازمتیں سامنے آ رہی ہیں، جیسے ڈیٹا کلیکٹرز، الگورتھم ٹرینرز اور اے آئی تخلیقی ماہرین وغیرہ۔ یہ کردار نہ صرف تکنیکی مہارت بلکہ تخلیقی سوچ اور تجزیاتی صلاحیت کا بھی تقاضا کرتے ہیں۔ اس تبدیلی نے نوجوانوں کے لیے مواقع کی ایک نئی دنیا پیدا کر دی ہے، جہاں ایک فرد بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے وہ کام انجام دے سکتا ہے جو پہلے پوری ٹیم کی ضرورت ہوتا تھا۔
حکومتی سطح پر بھی اس تبدیلی کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ “اے آئی پلس” جیسے اقدامات کے ذریعے نہ صرف نئی ملازمتیں پیدا کی جا رہی ہیں بلکہ موجودہ شعبوں کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ تعلیمی نظام میں بھی مصنوعی ذہانت کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تبدیلی صرف جدید شعبوں تک محدود نہیں بلکہ روایتی صنعتوں میں بھی نمایاں طور پر محسوس کی جا رہی ہے۔ مثال کے طور پر سڑکوں کی نگرانی کرنے والے کارکن اب ڈرونز استعمال کر رہے ہیں، جبکہ صنعتی شعبوں میں سینسرز اور روبوٹکس کے ذریعے کام کو زیادہ مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل کی ملازمتیں صرف نئی نہیں ہوں گی بلکہ پرانی ملازمتیں بھی نئی شکل اختیار کریں گی۔
ماہرین کے مطابق آنے والے برسوں میں چین میں لاکھوں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، خاص طور پر ڈیجیٹل معیشت، گرین انرجی اور کم بلندی والی معیشت جیسے شعبوں میں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے 2026 میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو پیشہ ورانہ تربیت دینے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے، تاکہ افرادی قوت کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
یہ تمام پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ چین میں “افرادی قوت کی کثرت” سے “ٹیلنٹ کی برتری” کی جانب منتقلی ہو رہی ہے۔ یعنی اب صرف تعداد نہیں بلکہ مہارت اور جدت کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
حقائق کے تناظر میں ، چین میں ٹیکنالوجی کی بدولت روزگار کا منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، جہاں نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں اور پرانے شعبے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں۔ یہ تبدیلی نہ صرف معیشت کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔ مستقبل میں وہی افراد کامیاب ہوں گے جو سیکھنے، خود کو بدلنے اور نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے، کیونکہ اب روزگار کا مستقبل مہارت، جدت اور مسلسل ترقی سے جڑا ہوا ہے۔ |
|