اردو ادب میں مغرب (یورپ و امریکہ) کی نمائندگی: اصناف، ترجمہ اور معنوی تشکیل تحقیق: ڈاکٹر افضل رضوی۔۔۔آسٹریلیا یہ تحقیق اردو ادب میں مغرب، خصوصاً یورپ اور امریکہ، کی نمائندگی کا ایک بین المتنی، بین الثقافتی اور تنقیدی مطالعہ پیش کرتی ہے۔ اردو ادب میں مغرب کی شبیہ ایک طویل تاریخی تعامل کا نتیجہ ہے جس میں نوآبادیاتی دور کی فکری کشمکش، جدیدیت اور مابعد جدیدیت کے مباحث (1)،علمی و سائنسی ترقی اور سیاسی و تہذیبی تصورات شامل ہیں۔ اس مطالعے میں نظم، غزل، افسانہ، ناول، سفرنامہ، تنقیدی تحریروں اور ترجمہ شدہ ادب کے بنیادی بیانیوں کا تجزیہ کیا گیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اردو ادیبوں نے مغرب کی شناخت کو کس طرح بنایا، مسخ کیا یا نئے معنیاتی رشتے قائم کیے۔(2)۔ اس تحقیق کے ذریعے چار بنیادی سوالات کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ: (الف) اردو ادب میں مغرب کس ثقافتی و نظریاتی فریم میں پیش کیا جاتا ہے؟(ب) کیا مغربی دنیا کو محض ایک مہذب، ترقی یافتہ اور سائنسی معاشرت کے طور پر دکھایا گیا ہے یا بطور تہذیبی چیلنج بھی؟(ج) ترجمہ کا عمل مغربی معانی، استعاروں اور علمی حوالوں کی اردو تعبیر میں کیا پیچیدگیاں پیدا کرتا ہے (3)؟(د) اردو قاری کے ذہن میں مغرب کی جو ساخت بنتی ہے وہ کس حد تک ادبی تشکیل ہے اور کس حد تک تاریخی تجربہ (4)؟ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ اردو ادب میں مغرب کی نمائندگی نہ یک رُخی ہے اور نہ متفقہ؛ بعض ادبی متون مغرب کی علمی بالادستی، سائنسی ترقی اور ادارہ جاتی نظم کو سراہتے ہیں (5)، جبکہ دیگر میں مغرب کے روحانی زوال، اخلاقی بحران، اور مادیت پرستی پر شدید تنقید ملتی ہے (6)۔ سفرناموں میں مشاہداتی بیانیہ غالب ہے، جہاں مصنفین مغرب کے قانون، تحقیق، علم، شہری تہذیب اور نظم و ضبط کی تعریف کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی ثقافتی بیگانگی، تنہائی اور تہذیبی فاصلوں کو بھی ابھارتے ہیں (7)۔ترجمہ شدہ ادب میں کئی معنوی تبدیلیاں اور سیاقی تراجم سامنے آتے ہیں جو مغرب کی شبیہ کو اردو تناظر میں نئے زاویے فراہم کرتے ہیں (8)۔ مجموعی طور پر اس تحقیق کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اردو ادب میں مغرب ایک فکری، ادبی اور تہذیبی مکالمے کا حصہ بنتا ہے، جو کبھی مزاحمت، کبھی تقلید اور کبھی تبادلہ ئخیال کی صورت اختیار کرتا ہے۔آخر میں سفارشات دی گئی ہیں کہ ادارہ جاتی سطح پر ترجمہ اسٹڈیز، تقابلی ادب اور بین الثقافتی تنقید کو فروغ دیا جائے تاکہ اردو ادب میں مغرب کی تعبیری جہات مزید علمی توضیح حاصل کریں۔ اردو ادب میں مغرب،جس سے مراد بنیادی طور پر یورپ اور امریکہ ہے،کی نمائندگی ایک پیچیدہ، تہذیبی، علمی اور تاریخی حقیقت ہے۔ برصغیر جنوبی ایشیا میں مغرب کے ساتھ ابتدائی طور پر نوآبادیاتی عہد کے ذریعے جو تعلق قائم ہوا، اس نے نہ صرف سیاسی اور معاشی حالات کو متاثر کیا بلکہ فکری و ادبی فریم کو بھی تشکیل دیا (9)۔ اس ادبی و فکری تعامل نے اردو زبان و ادب کو ایک نئی سمت دی، جہاں ادیب کو ایک ایسے“غیر”سے واسطہ پڑا جو طاقتور بھی تھا، جدید بھی، اور تہذیبی اعتبار سے مختلف بھی۔ شمس الرحمٰن فاروقی کے مطابق، اردو ادب میں مغربی تصورات کا نفوذ نہ صرف موضوعات بلکہ اسلوب اور تنقید تک پھیلا ہوا ہے (10)۔ انیسویں اور بیسویں صدی میں جب جدیدیت، ترقی، سائنسی استدلال، فردیت، اور سیاسی آزادی کے مباحث سامنے آئے، تو اردو ادیبوں نے مغرب کے ان فکری رجحانات سے مکالمہ کرنے کی کوشش کی۔ اس مکالمے میں کبھی تحسین کا زاویہ نمایاں رہا، جہاں مغرب علم، تحقیق، قوانین اور نظم و ضبط کا استعارہ بنا (11)؛ اور کبھی مغرب کو روحانی زوال، اخلاقی کمزوری اور مادیت پرستی کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا (12)۔ اقبال کے نزدیک مغرب کی سائنسی برتری تسلیم شدہ ہے، مگر انسان دوستی اور معنویت کا بحران بھی واضح ہے، اس لیے وہ مادیت کے غلبے پر تنقید کرتے ہوئے مغربی تہذیب کے’’خالی پن‘‘ کو ایک بنیادی مسئلہ قرار دیا لیکن اکیسویں صدی کے سوشل میڈیا کی بدولت چند نئی حقیقتیں اور مسائل سامنے آرہے ہیں۔ اس تحقیق کے زریعے یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہر دو معاشرے کے مصنفین، شاعر اور نقاد حالات و واقعات اور معاشرتی تغیر سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ اردو سفرناموں نے مغرب کی جس تصویر کو تشکیل دیا، وہ مشاہداتی، عملی، سماجی اور ثقافتی نوعیت کی ہے۔ برصغیر کے مصنف جب لندن، پیرس، نیویارک یا انقرہ جیسے شہروں کا دورہ کرتے ہیں، تو وہ مغرب کے شہری نظم، ٹیکنالوجی، آزادیئ اظہار، علمی اداروں اور روزمرہ زندگی کا مستند بیانیہ پیش کرتے ہیں (13)۔ لیکن ان سفرناموں میں ہر جگہ یہ احساس موجود رہتا ہے کہ مغرب ایک طرف ترقی و تحقیق کا محور ہے، تودوسری طرف ایک ایسا معاشرہ بھی ہے جو مشرقی اقدار سے مختلف ہونے کے باعث داخلی بیگانگی اور تہذیبی فاصلے کا احساس پیدا کرتا ہے۔ اردو ناول اور افسانے اس موضوع کو ایک مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں۔ یہ اصناف مغرب کو کرداروں کی نفسیات، تہذیبی تصادم، شناخت کے بحران، اور محبت و معاشرت کے بدلتے ہوئے زاویوں کے ساتھ پیش کرتی ہیں۔ بعض لکھاریوں کے نزدیک مغرب ایک ایسی دنیا ہے جس میں فرد اپنی آزادی تلاش کر سکتا ہے، جبکہ بعض کے نزدیک یہی آزادی انفرادیت پسندی اور اخلاقی بے سمتی میں بدل جاتی ہے (14)۔ ترجمہ شدہ ادب نے مغرب کے خیالات، استعاروں، علمی تصورات اور ادبی اسالیب کو اردو میں متعارف کروانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ لیکن چونکہ ہر ترجمہ ثقافتی و نحوی تبدیلیوں سے گزرتا ہے، اس لیے مغربی متن وہی معنی نہیں رکھتا جو اصل میں تھا۔ باسنیٹ کے مطابق ترجمہ ہمیشہ ایک ”مذاکرہ ہے، جہاں معنی نئے تناظر میں بدلتے یا دوبارہ بنتے ہیں (15)۔ اردو تراجم میں یہی عمل مغرب کی مختلف اور بعض اوقات متضاد تعبیریں پیدا کرتا ہے توکبھی مغرب روشن خیالی کا منبع بنتا ہے، کبھی استعماری ذہنیت کا تسلسل گردانا جاتا ہے۔ اسی پس منظر میں اس تحقیق کی ضرورت نمایاں ہوتی ہے، کیونکہ اردو ادب میں مغرب کی شبیہ محض ایک یک رخی بیانیہ نہیں، بلکہ ایک متحرک فکری مکالمہ ہے جو صدیوں پر محیط ہے۔ یہ تعبیرات نہ صرف ادیب کے مشاہدات اور سوچ کا نتیجہ ہیں بلکہ تاریخی تجربے، نظریاتی موقف، اور ادبی روایتوں کے مجموعے سے تشکیل پاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مغرب کبھی“ترقی یافتہ دنیا”کی علامت بنتا ہے، کبھی“تہذیبی خطرہ”، اور کبھی ایسا“علمی حوالہ”جو اردو ادب میں نئی معنویت پیدا کرتا ہے۔ یہ پس منظر اس تحقیق کی بنیاد فراہم کرتا ہے جو آگے چل کر ادبِ نظر، طریقہ کار، تجزیہ و مباحثہ، اور نتائج کے حصوں میں مزید تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔ اس تحقیق کا بنیادی مقصد اردو ادب میں مغرب—خصوصاً یورپ اور امریکہ—کی ادبی نمائندگی کا ایک جامع اور منظم مطالعہ فراہم کرنا ہے۔ اردو ادب میں مغرب کی شبیہ کبھی علمی و سائنسی ترقی کا استعارہ بنتی ہے اور کبھی روحانی و اخلاقی بحران کا نشان، اس لیے اس کی حقیقی معنوی جہتوں کا تجزیہ ناگزیر ہو جاتا ہے (16)۔ اس تحقیق کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ مختلف اصناف جیسے نظم، غزل، افسانہ، ناول، سفرنامہ اور ترجمہ شدہ ادب میں مغرب کا جو بیانیہ تشکیل پاتا ہے، اس کے پیٹرنز اور فکری جہات کا متناتی تجزیہ کیا جائے (17)۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ تحقیق ترجمے کے اس کردار کا بھی جائزہ لیتی ہے کہ کس طرح مغربی تصورات اور استعارے اردو زبان میں منتقل ہوتے ہوئے معنوی تبدیلیوں سے گزرتے ہیں، اور یہ تبدیلیاں اردو قاری کے ذہن میں مغرب کی نئی یا بگڑی ہوئی شناخت پیدا کرتی ہیں (18)۔ اس تحقیق کا ایک اور مقصد اردو قاری کے اندر موجود مغربی تصور کے ذہنی و سماجی محرکات کو سمجھنا ہے، یعنی یہ معلوم کرنا کہ یہ شبیہ زیادہ تر ادبی تشکیل ہے یا تاریخی تجربات کا نتیجہ (19)۔ تحقیق کا مجموعی ہدف اردو اور مغربی فکریات کے درمیان ایک نئے بین الثقافتی مکالمے کی ضرورت کو واضح کرنا ہے(20)۔ یہ تحقیق اردو ادب اور بین الثقافتی مطالعات کے میدان میں ایک اہم خلا کو پُر کرتی ہے۔ اگرچہ اردو ادب میں مغرب کے حوالے سے متعدد تحریریں موجود ہیں، مگر اکثر میں یہ بحث منتشر، غیر مربوط یا محدود اصناف تک مرکوز ہے (21)۔ موجودہ تحقیق اس موضوع کو ایک ہمہ جہتی، نظریاتی اور تاریخی تناظر فراہم کرتی ہے، جس کی اردو ادبی دنیا میں شدید کمی محسوس کی جاتی تھی۔ اس کی ایک اہمیت یہ بھی ہے کہ اردو ادب میں موجود مغرب کی تفہیم کو اب بیشتر قارئین استعماری تاریخ، جدیدیت کی مباحث اور تہذیبی تنقید کے فریم میں پڑھتے ہیں؛ لہٰذا یہ تحقیق اردو ادب کے اس پہلو کو نئے زاویے، نئی تعبیرات اور جدید تنقیدی فریم ورکس دیتی ہے (22)۔ اس تحقیق کی اہمیت ترجمہ اسٹڈیز کے شعبے میں بھی نمایاں ہے، کیونکہ ترجمہ ہمیشہ دو زبانوں کے نہیں، بلکہ دو تہذیبوں کے مکالمے کا نام ہے؛ اور یہی مکالمہ اردو ادب میں مغرب کی شبیہ کو تشکیل دیتا ہے۔ مزید برآں، یہ تحقیق اردو کے طلبہ، محققین، اساتذہ اور مترجمین کے لیے اہم علمی بنیاد فراہم کرتی ہے، خصوصاً اُن تحقیقات کے لیے جو موازنہ ادب، نوآبادیاتی مطالعات اور بین الثقافتی مباحث پر مشتمل ہوں۔ اس کے ذریعے مستقبل کی ادبی اور فکری پالیسی سازی میں بھی رہنمائی مل سکتی ہے۔ اردو ادب میں مغرب کی نمائندگی ہمیشہ تضادات سے بھرپور رہی ہے۔ ایک طرف مغرب کو سائنسی ترقی، ٹیکنالوجی، قانون اور نظم و ضبط کا نمونہ قرار دیا جاتا ہے (23)، اور دوسری طرف اسے اخلاقی انحطاط، استعماری تسلط، روحانی زوال اور مادیت پرستی کا مرکز بھی دکھایا جاتا ہے (24)۔ یہ دونوں بیانیے نہ صرف ایک دوسرے سے متصادم ہیں بلکہ یہ سوال بھی پیدا کرتے ہیں کہ آخر یہ شبیہیں کیسے تشکیل پاتی ہیں؟ کیا یہ ادیب کے ذاتی تجربے کا نتیجہ ہیں، یا اجتماعی تہذیبی یادداشت، نوآبادیاتی تاریخ، اور ادبی روایت کی دین؟ مزید یہ کہ ترجمہ شدہ مغربی ادب اردو قارئین تک پہنچتے ہوئے متعدد معنوی تبدیلیوں سے گزرتا ہے، جن کا تجزیہ کیے بغیر مغرب کی اردو ادبی تصویر کو سمجھنا ممکن نہیں (25)۔ یہی تضادات، یہی غیر یقینی فکری تشکیل اور یہی ادبی و ترجماتی تناظر اس تحقیق کا اصل مسئلہ ہے۔ اس مطالعے کا مقصد ان پیچیدگیوں کی تہہ تک پہنچ کر یہ واضح کرنا ہے کہ اردو ادب میں مغرب کیوں اور کیسے مختلف روپوں میں پیش ہوتا ہے، اور اس کا اردو قاری پر کیا ذہنی و سماجی اثر پڑتا ہے۔ اردو ادب میں مغرب کی نمائندگی ایک کثیر جہتی اور تہذیبی طور پر پیچیدہ موضوع ہے جس کی جڑیں نوآبادیاتی تاریخ، علمی تحریکات، جدیدیت و مابعد جدیدیت کے مباحث، اور سیاسی و سماجی تبدیلیوں میں پیوست ہیں۔ مغرب کی شبیہ ہمیشہ یکساں نہیں رہی؛ مختلف ادوار، اصناف اور ادبی رویوں نے اسے جداگانہ معنویت عطا کی۔ فی الحقیقت، اردو ادیبوں نے مغرب کو کبھی علمی بالادستی، سائنسی ترقی اور تنظیم کی علامت کے طور پر دیکھا (26)، اور کبھی اسے روحانی زوال، اخلاقی بحران اور مادیت پرستی کا مظہر قرار دیا (27)۔ یہی دوہری تعبیرات اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ مغرب اردو ادیب کے لیے محض ایک تہذیب نہیں بلکہ ایک فکری سوال ہے۔ اردو سفرنامہ نگاری مغرب کی تشکیل کردہ شبیہ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ سر سید کی مغربی دنیا سے پہلی فکری ملاقات سے لے کر مستنصر حسین تارڑ اور ابنِ انشاء جیسے مصنفین تک، سفرنامہ ہمیشہ مشاہدہ، مشاہداتی تنقید اور ثقافتی تقابل کا اہم ذریعہ رہا ہے۔ وحید الدین خان (28) کے مطابق اردو سفرنامہ نگار مغرب کے نظم و ضبط، سائنسی ذہنیت، شہری صفائی اور تحقیقاتی روایت کو بے ساختہ سراہتے ہیں۔ دوسری طرف ممتاز، بخاری،اوربیگم(29) یہ نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ سفرنامے مغربی معاشرت میں خاندانی نظام کے انہدام، شدید انفرادیت، تیز رفتار مادی زندگی اور مذہبی سردمہری کو بھی واضح کرتے ہیں، جس وجہ سے اردو قاری کے ذہن میں مغرب کی متضاد تصویر ابھرتی ہے۔ اردو شاعری میں مغرب کی تصویر زیادہ فلسفیانہ، علامتی اور تہذیبی ہے۔ حالی کے اصلاحی بیانیے میں مغرب ایک بیداری کی علامت ہے، جبکہ اقبال کے ہاں مغرب ترقی، سائنس، عقل اور تنظیم کی طاقت رکھتا ہے لیکن ساتھ ہی روحانی افلاس اور مادیت پرستی کا مرکز بھی ہے (30)۔ یہی دوہرا تاثّر بعد کے شعرا، خصوصاً فیض اور احمد ندیم قاسمی، کے ہاں بھی ملتا ہے، جہاں مغرب کبھی سیاسی جبر کی علامت بنتا ہے اور کبھی آزادیِ فکر کی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شاعری میں مغرب ایک علامتی کردار بھی ہے اور تہذیبی مکالمے کا حصہ بھی۔ اردو افسانہ اور ناول میں مغرب کی نمائندگی انسانی نفسیات، شخصی شناخت، معاشرتی تبدیلی اور تہذیبی کشمکش کے حوالے سے زیادہ واضح ہے۔ قرۃ العین حیدر نے مغرب کو تہذیبی بیگانگی اور یادداشت کے بحران کے پس منظر میں پیش کیا (31)، جبکہ انتظار حسین کے ہاں مغرب کی آمد روایت کے زوال اور جدیدیت کے چیلنج کے طور پر سامنے آتی ہے (32)۔ مستنصر حسین تارڑ کے ناولوں اور سفرناموں میں مغرب کبھی پرکشش اور کبھی خوف کی علامت کے طور پر ظاہر ہوتا ہے، جو دوہری نفسیاتی فضا پیدا کرتا ہے (33)۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اردو نثر میں مغرب محض جغرافیہ نہیں بلکہ ایک نفسیاتی و تہذیبی منظرنامہ ہے۔ ۔۔۔جاری ہے۔۔۔
|