منصوبہ ختم، پیسے ہضم نہیں تو پھر کام کہاں گیا؟ بونیر میں کھیلوں کا نیا اولمپک مقابلہ!


ہمارے ہاں سرکاری منصوبوں کی بھی اپنی ایک الگ دنیا ہے۔ یہاں منصوبہ بنانا ایک فن، اس کے لیے فنڈز جاری کرنا ایک اعزاز، اخراجات ظاہر کرنا ایک کامیابی اور منصوبہ مکمل کیے بغیر ختم کر دینا شاید ایک نئی انتظامی مہارت ہے۔ عام آدمی سمجھتا ہے کہ کھیلوں کا منصوبہ اس لیے بنایا جاتا ہے کہ بچے کھیل سکیں، نوجوانوں کو سہولیات ملیں اور علاقے میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہو، لیکن لگتا ہے کہ ہمارے بعض منصوبوں کا اصل مقصد کھیلوں کو فروغ دینا نہیں بلکہ فائلوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اب ضلع بونیر ہی کو دیکھ لیجیے۔ یہاں اسکولوں کے ساتھ منسلک کھیلوں کے دو منصوبے شروع کیے گئے۔ ایک گورنمنٹ پرائمری سکول ملک پور میں بیڈمنٹن ہال کی تعمیر کا منصوبہ تھا اور دوسرا گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پیر بابا گدیزئی کی منسلک اراضی پر کرکٹ اکیڈمی کی تعمیر کا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق بیڈمنٹن ہال کے لیے 9.59 ملین روپے مختص کیے گئے، جن میں سے 7.887665 ملین روپے کے اخراجات ظاہر کیے گئے۔ دوسری طرف کرکٹ اکیڈمی کے لیے 5.60 ملین روپے رکھے گئے، جن میں سے 5.235153 ملین روپے خرچ ظاہر کیے گئے۔ یوں دونوں منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 15.19 ملین روپے مختص ہوئے اور تقریباً 13.12 ملین روپے کے اخراجات ریکارڈ پر آگئے۔

اب ذرا کھیل کا اصل مزہ دیکھیے! اتنی خطیر رقم کے اخراجات کے بعد بھی کام ادھورا ہے اور جون 2026 میں منصوبہ ختم بھی کر دیا گیا۔ گویا منصوبے نے اپنی زندگی کا آخری میچ کھیلے بغیر ہی ریٹائرمنٹ لے لی۔ نہ بیڈمنٹن ہال مکمل ہوا، نہ کرکٹ اکیڈمی اپنے مطلوبہ انجام تک پہنچی، لیکن سرکاری فائلوں میں اخراجات کا سکور بورڈ خاصا دلچسپ دکھائی دے رہا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ آخر یہ کون سا کھیل تھا جس میں پیسے تو پورے میدان میں دوڑتے رہے لیکن تعمیراتی کام اپنی جگہ سے آگے نہ بڑھ سکا؟

عام طور پر بیڈمنٹن میں کھلاڑی ایک دوسرے کی طرف شٹل کاک پھینکتے ہیں، لیکن یہاں تو سوالات ایک دفتر سے دوسرے دفتر کی طرف پھینکے جانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ کھیل کہے گا کہ انجینئرنگ ونگ سے پوچھیں، انجینئرنگ ونگ شاید کہے کہ منصوبہ ختم ہو چکا ہے، جبکہ فائل شاید خاموشی سے کسی الماری میں آرام فرما رہی ہو۔ اور عوام؟ وہ ہمیشہ کی طرح اگلے منصوبے کا انتظار کریں۔مزاح کی بات یہ ہے کہ بیڈمنٹن ہال کا منصوبہ تھا، مگر اس میں سب سے زیادہ سرگرمی شاید کاغذوں پر ہوئی۔ کرکٹ اکیڈمی بننی تھی، لیکن اب اس منصوبے کی اپنی اننگز ہی ختم ہو چکی ہے۔ طلبہ کو کرکٹ سکھانے کے لیے اکیڈمی نہیں بنی، البتہ سرکاری نظام نے عوام کو ایک نیا سبق ضرور دے دیا کہ منصوبے کی منظوری، فنڈز کا اجرا، اخراجات کا اندراج اور منصوبے کی تکمیل چار الگ الگ چیزیں ہیں۔

اس سارے معاملے میں انجینئرنگ ونگ کا کردار بھی خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ آخر انجینئرنگ ونگ کا کام صرف نقشے بنانا، تخمینے تیار کرنا اور بلوں کی جانچ کرنا ہے یا موقع پر جا کر یہ بھی دیکھنا ہے کہ جس جگہ پر لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں وہاں حقیقت میں کیا تعمیر ہو رہا ہے؟اگر انجینئرنگ ونگ نے باقاعدہ معائنہ کیا تھا تو پھر ادھورا کام کس بنیاد پر آگے بڑھا؟ اگر معائنہ نہیں کیا گیا تو پھر نگرانی کا نظام کس مقصد کے لیے قائم ہے؟ کیا کسی افسر نے کبھی موقع پر جا کر دیکھا کہ بیڈمنٹن ہال کہاں تک پہنچا اور کرکٹ اکیڈمی کی عمارت کس حالت میں ہے؟یہ بھی دلچسپ سوال ہے کہ جون 2026 میں منصوبے ختم کرنے کی نوبت کیوں آئی؟ کیا فنڈز ناکافی ہوگئے تھے؟ کیا جگہ کی کوئی تکنیکی رکاوٹ سامنے آئی؟ کیا ٹھیکیدار کام مکمل نہیں کر سکا؟ یا منصوبہ بندی میں ہی کوئی بنیادی خامی تھی؟یہ تمام سوالات اپنی جگہ جواب طلب ہیں۔

ہمارے سرکاری نظام میں ایک عجیب روایت بھی ہے۔ جب منصوبہ شروع ہوتا ہے تو افتتاحی تصاویر، تختیاں اور اعلانات سامنے آتے ہیں۔ جب فنڈز جاری ہوتے ہیں تو دستاویزات میں سرگرمیاں نظر آتی ہیں، لیکن جب منصوبہ ادھورا رہ جائے تو پھر ہر دفتر کے پاس اپنی ایک وضاحت ہوتی ہے۔ بس عوام کے پاس وضاحت نہیں ہوتی کہ ان کے بچوں کے لیے بننے والی سہولت آخر کہاں گئی؟ اگر یہی صورتحال رہی تو مستقبل میں شاید کھیلوں کے منصوبوں کے لیے نئی اصطلاحات بھی متعارف کرانا پڑیں گی۔ مثلاً بیڈمنٹن ہال کی جگہ ‘‘کاغذی بیڈمنٹن کمپلیکس’’ اور کرکٹ اکیڈمی کی جگہ ‘‘فائل کرکٹ اکیڈمی’’ قائم کر دی جائے۔ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لیے میدان نہ ملے تو وہ سرکاری فائلوں کے درمیان ہی اپنی صلاحیتیں آزما لیں۔

لیکن مذاق اپنی جگہ، معاملہ سنجیدہ ہے۔ یہ عوامی پیسہ ہے، کسی کی ذاتی جیب سے ادا نہیں کیا گیا۔ اگر 13.12 ملین روپے کے اخراجات ظاہر کیے گئے ہیں تو ان کے مقابلے میں مکمل ہونے والے کام کی پیمائش، معیار اور مالیت بھی سامنے آنی چاہیے۔ اگر منصوبے ختم کیے گئے ہیں تو ان کی منسوخی کا حکم، وجوہات اور مالی تصفیے کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے رکھی جانی چاہئیں۔ محکمہ کھیل کے اعلیٰ حکام سے بھی گزارش ہے کہ وہ صرف فائلوں میں کھیلوں کے فروغ پر اکتفا نہ کریں بلکہ کبھی کبھار میدان میں بھی تشریف لے جایا کریں۔ ممکن ہے وہاں انہیں معلوم ہو کہ منصوبے کی اصل حالت کیا ہے۔

اور آخر میں ایک چھوٹا سا سوال بونیر میں بیڈمنٹن ہال اور کرکٹ اکیڈمی بنانے کے لیے رقم تو مختص ہوئی، اخراجات بھی ظاہر ہوئے اور جون 2026 میں منصوبہ ختم بھی کر دیا گیا۔ اب اگر کام ادھورا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟ منصوبے کی ناکامی کا حساب کون دے گا اور سرکاری خزانے کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا تعین کون کرے گا؟ کیونکہ کھیلوں میں ہارنے والی ٹیم کو کم از کم اپنی شکست کا اسکور تو معلوم ہوتا ہے، لیکن یہاں عوام ابھی تک یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر میچ کھیلا کس نے، جیتا کون اور شکست کا بوجھ کس کے کھاتے میں جائے گا!
شاید اس منصوبے کا سب سے بڑا کارنامہ یہی ہے کہ کھیلوں کی سہولت بننے سے پہلے ہی سوالات کا ایک پورا اسٹیڈیم تعمیر ہو گیا۔



Comments
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 1092 Articles with 858134 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More