سپورٹس ہیروز ایوارڈز یا نمائشی تقریب؟ کھلاڑی پیچھے، موسیقی اور دھوم دھڑکا آگے

خیبر پختونخوا کے نشتر ہال پشاور میں منعقدہ سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی تقریب بظاہر صوبے کے نامور کھلاڑیوں کی خدمات کے اعتراف کے لیے سجائی گئی تھی، لیکن تقریب کے اختتام پر کئی ایسے سوالات سامنے آئے جنہوں نے ایوارڈز کے انتخابی معیار، شفافیت اور انتظامی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگا دیا۔تقریب میں مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سیکرٹری کھیل، سیکرٹری امور نوجوانان اور ڈائریکٹر جنرل کھیل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ حکومتی شخصیات نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں اور محکمہ کھیل کی کارکردگی کو سراہا، تاہم تقریب کے اندر موجود خامیوں نے ان دعوؤں کی عملی تصویر پر بحث چھیڑ دی۔۔

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے قائم کمیٹی نے کن اصولوں اور کارکردگی کی بنیاد پر ناموں کی منظوری دی؟ اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹراسٹبلشمنٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، لیکن اس کے فیصلوں اور انتخابی معیار کو عوام کے سامنے واضح نہیں کیا گیا۔گزشتہ برس بعض کھلاڑیوں کو یہ کہہ کر ایوارڈ سے محروم رکھا گیا کہ انہیں اگلے سال اعزاز دیا جائے گا، لیکن اس مرتبہ بھی کئی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت نے انتخابی عمل پر سوالات کھڑے کر دیے۔ بعض کھیلوں میں ایک ہی کیٹیگری کے تحت دو دو کھلاڑیوں کو ایوارڈ دیے گئے، جبکہ دوسری جانب نمایاں کارکردگی دکھانے والے بعض کھلاڑی نظرانداز ہوتے دکھائی دیے۔اتھلیٹکس ان میں ایک کھیل ہے جو گذشتہ سال بھی کسی کو نظر نہیں Èیا اور امسال بھی نہیں Èیا اور جس کے خلاف شکایتوں کا سلسلہ چل نکلا ہے

ایک غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والے کھلاڑی جو کہ اب کھیل کا میدان بھی چھوڑ چکا ہے اور اسے فیوچر چیمپئین یعنی ایمرجنگ کھلاڑیوں کی فہرست میں ایوارڈ دیا گیا.اس طر ح اس کی جگہ ان کے دوست کی جانب سے ایوارڈ وصول کیے جانے کا معاملہ بھی توجہ طلب ہے۔ سوال یہ ہے کہ کتنے کھلاڑی اس تقریب میں موجود نہیں تھے. اگر ایسا تھا تو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے کسی دوسرے شخص کو نامزد کرنے کا طریقہ کار کیا تھا؟متعدد کھلاڑی تقریب میں شریک ہی نہیں ہوئے۔ یہ صورتحال بھی قابل غور ہے کہ جس تقریب کا مقصد کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی تھا، وہاں کئی متعلقہ کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کیوں رہی؟ کیا انہیں بروقت مدعو کیا گیا تھا یا ایوارڈز کے انتخاب سے ہی وہ مطمئن نہیں تھے؟

نشتر ہال میں ہونے والی تقریب کے انتظامات پر بھی اعتراضات سامنے آئے۔ کھیلوں کی تقریب میں موسیقی، روشنیوں اور دھوم دھڑکے کو نمایاں اہمیت دی گئی، جبکہ کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مطلوبہ تیاری نظر نہیں آئی۔اسٹیج پر ایوارڈز کی تقسیم کے دوران بعض لیجنڈ کھلاڑیوں کی تصاویر اور ریکارڈ اسکرین پر مناسب طور پر دکھائی نہیں دے سکے۔ اس سے تقریب کی تکنیکی تیاری اور کیمروں کی پوزیشننگ پر سوالات اٹھے۔اسی طرح بعض کھلاڑیوں کے ناموں اور اداروں کے ناموں میں غلطیاں بھی سامنے آئیں۔ رشیدہ غزنوی کے نام کی جگہ رسیدہ غزنوی ’ فیصل کی جگہ فیاصل ’ فہد خواجہ کی جگہ فہدخوجہ جیسے ناموں کی اسکرین پر غلط املا، معمولی غلطیاں نہیں بلکہ انتظامی اور پروفیشنل معیار کی نشاندہی کرتی ہیں۔کچھ لیجنڈ کھلاڑیوں کا تعارف غیر ضروری طور پر طویل کیا گیا، جبکہ بعض دیگر کو مناسب وقت اور توجہ نہیں دی گئی۔ ایک قومی سطح کی تقریب میں ہر کھلاڑی کے لیے یکساں عزت، مناسب تعارف اور معیاری پیشکش ضروری ہے۔

ایک اور اہم سوال یہ ہے کہ ایسے کھلاڑی جو پہلے ہی اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے قومی یا بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں، ان کے لیے لائف ٹائم اچیومنٹ اور لیجنڈ ایوارڈز کی طرح موجودہ چیمپئنز اور ایمرجنگ چیمپئنز کے لیے بھی واضح کیٹیگریز کیوں نہیں بنائی گئیں؟کھیلوں میں مستقبل کے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اتنی ہی ضروری ہے جتنی ماضی کے ہیروز کی خدمات کا اعتراف۔کراٹے کے شعبے سے متعلق بھی ایک قابل توجہ سوال سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں ایک ہی کوچ کے دو کھلاڑیوں کو نمایاں ایوارڈ دیا گیا لیکن اس کوچ کی خدمات کے اعتراف کے لیے کوئی مناسب اقدام سامنے نہیں آیا۔ اگر کھلاڑیوں کی کامیابی میں کوچز کا کردار اہم ہے تو انہیں نظرانداز کرنے کی وجہ کیا ہے؟

تقریب میں ایک اور اہم معاملہ معروف کھلاڑی مراد علی سے متعلق سامنے آیا۔ صوبائی محکمہ کھیل کی جانب سے انہیں پلاٹ دینے کے وعدے پر پیش رفت کے بجائے صرف ایوارڈ دیے جانے کی بات کی گئی تھی ۔ اگر پلاٹ دینے کا باقاعدہ وعدہ کیا گیا تھا تو اس پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ کیا محکمہ کھیل اس وعدے کی موجودہ صورتحال واضح کرے گا؟ تقریریں اور دعوے اپنی جگہ، عملی کارکردگی ضروری ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کھیلوں کے فروغ اور صوبے کے مثبت تشخص کے حوالے سے گفتگو کی۔ ان کے خطاب میں حیات Èباد سپورٹس کمپلیکس میں ہونیوالے تقریب کے دوران تقریر کے بعض نکات بھی دہرائے گئے، جن میں خیبر پختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ تشخص کے بجائے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی بات شامل تھی۔

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی محکمہ کھیل کی کارکردگی کو سراہا۔ بلاشبہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، لیکن محض تقاریر اور شاندار تقریبات سے کھیلوں کا نظام بہتر نہیں ہوتا۔ اس کے لیے شفاف انتخاب، میرٹ، کھلاڑیوں کی سرپرستی اور وعدوں پر عمل درآمد بنیادی شرائط ہیں۔ ایوارڈز کے لیے قائم کمیٹی کے ارکان اور انتخابی معیار کیا تھے؟ منتخب اور نظرانداز کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست عوام کے سامنے کیوں نہیں رکھی گئی؟ کیا ایوارڈز کی تقسیم کے فیصلوں کی جانچ یا اپیل کا کوئی طریقہ موجود ہے؟ متعدد کھلاڑی تقریب میں شریک کیوں نہیں ہوئے؟ کوچز کی خدمات کے اعتراف کے لیے کیا پالیسی موجود ہے؟ مراد علی کو پلاٹ دینے کے وعدے پر کیا پیش رفت ہوئی؟ تقریب کے انتظامات، تکنیکی تیاری اور ناموں کی تصحیح کی ذمہ داری کس کی تھی؟ اصل ضرورت نمائشی تقریبات نہیں، کھلاڑیوں کی حقیقی سرپرستی ہے۔

تقریب کے دوران ایک ا ینکر کی جانب سے سابق تیرہ سالہ دور پر تنقید کی گئی ’ حالانکہ یہی اینکر ان کے دور میں ایک تقریب میں اس وقت اس سیاسی پارٹی کی اتنی تعریفیں کرتے تھے کہ سمجھ نہیں Èرہا کہ اس وقت جھوٹ بول رہے تھے یا اب جھوٹ بول رہے ہیں ’ سابق حکمرانوں پر تنقید سیاستدانوں کا شیوہ ہونا چاہئیے ’ تقریب کے میزبانی کرنے والے افراد کو کسی بھی پارٹی کا "منہ بولا بیٹا"بننے کی ضرورت نہیں ’ . تقریب میں چار اینکر تھے لیکن بیشتر پروگرام ریکارڈ شدہ تھا اور ان چار افراد نے درمیان میں لقمے ڈال کر میزبانی کے فرائض انجام دئیے.

صوبائی محکمہ کھیل کو چاہیے کہ وہ موسیقی، روشنیوں اور اسٹیج کی سجاوٹ سے آگے بڑھ کر میرٹ پر مبنی ایوارڈز، کھلاڑیوں کے حقوق، کوچز کی خدمات اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی پر توجہ دے۔ کھیلوں کی تقریبات کا معیار ان کے دھوم دھڑکے سے نہیں بلکہ اس بات سے طے ہوتا ہے کہ کتنے مستحق کھلاڑیوں کو ان کا جائز مقام ملا۔ سوال یہ نہیں کہ تقریب کتنی شاندار تھی، اصل سوال یہ ہے کہ کیا اس تقریب نے واقعی کھیلوں کے ہیروز کو وہ عزت دی جس کے وہ مستحق تھے؟
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 1090 Articles with 853479 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More