غائب کلائمبنگ وال اور 49 لاکھ 70 ہزار روپے کی حاضری!

منصوبہ بند ہوگیا، دیوار غائب ہے، مگر سرکاری کاغذوں میں پیسے پورے خرچ ہوچکے ہیں!خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک شاندار منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔ نام تھا ‘‘ڈیولپمنٹ آف 1000 پلینگ فیسیلیٹیز’’۔ یعنی ایک ہزار کھیلوں کی سہولیات، ایک ہزار میدان اور صوبے کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے ایک ہزار نئے خواب!لیکن اب یہ منصوبہ بند ہوچکا ہے۔ منصوبے کی بندش کے بعد اس کے کچھ ایسے حساب کتاب سامنے آرہے ہیں جنہیں پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ہاں کھیلوں کی سہولیات صرف میدانوں میں نہیں بلکہ فائلوں میں بھی تعمیر ہوتی ہیں۔

ایبٹ آباد کے قنج فٹبال گراؤنڈ کی مثال ہی لے لیجیے۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کرائی گئی محکمہ کھیل کی سرکاری رپورٹ کے مطابق اس گراؤنڈ میں کلائمبنگ وال کی تعمیر کے لیے 49 لاکھ 70 ہزار روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ مقامی کھلاڑیوں اور شہریوں کا دعویٰ ہے کہ وہاں ایسی کوئی دیوار موجود ہی نہیں۔اب اسے سرکاری منصوبہ کہیں، کاغذی تعمیر کہیں یا محکمہ کھیل کی کوئی نئی اختراع، فیصلہ تو تحقیقات کے بعد ہی ہوگا۔ البتہ ایک بات ضرور ہے کہ اس دیوار نے موجود نہ ہوتے ہوئے بھی 49 لاکھ 70 ہزار روپے کی سرکاری حاضری ضرور لگوا دی ہے!

شاید یہ دنیا کی پہلی ایسی کلائمبنگ وال ہے جس پر کھلاڑی چڑھ نہیں سکتے، لیکن جس کے اخراجات سرکاری ریکارڈ میں پوری شان سے اوپر چڑھ چکے ہیں۔ دیوار کاغذوں میں کھڑی ہے، میدان میں کہاں گئی؟ اسمبلی میں جمع سرکاری رپورٹ کے مطابق قنج فٹبال گراؤنڈ ایبٹ آباد سٹی میں کلائمبنگ وال کی تعمیر کی مجموعی لاگت ایک کروڑ دو لاکھ 30 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔ اس میں سے 49 لاکھ 70 ہزار روپے جاری ہوئے اور پوری رقم استعمال شدہ بھی ظاہر کردی گئی۔اب سوال یہ ہے کہ جب مقامی لوگوں کے مطابق گراؤنڈ میں دیوار موجود ہی نہیں تو اس کی تعمیر کی تصدیق کس نے کی؟

کیا کسی انجینئر نے موقع کا معائنہ کیا؟ کیا کسی افسر نے تعمیراتی کام دیکھا؟ کیا Measurement Book میں دیوار کی پیمائش درج ہے؟ کیا Completion Certificate جاری ہوا؟ یا پھر ہمارے ہاں تعمیراتی منصوبوں کی کامیابی کا نیا معیار مقرر ہوگیا ہے کہ دیوار زمین پر ہو یا نہ ہو، فائل میں اس کا ہونا کافی ہے؟اگر ایسا ہے تو پھر مستقبل میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ ہر ضلع میں ایک دفتر قائم کیا جائے، وہاں منصوبوں کی فائلیں تیار ہوں اور نوجوانوں کو بتایا جائے کہ آپ کے لیے میدان بن چکا ہے، بس آپ کو نظر نہیں آرہا!

منصوبہ بند، مگر حساب کتاب کی ڈیوٹی ابھی باقی ہے!1000 پلینگ فیسیلیٹیز منصوبہ اب بند کردیا گیا ہے۔ لیکن منصوبے کی بندش کے ساتھ کیا اس کے تحت ہونے والے اخراجات کی ذمہ داری بھی ختم ہوگئی؟اگر کسی منصوبے پر پیسے خرچ کیے گئے ہیں تو ان کا حساب بھی دینا ہوگا۔ اگر تعمیر مکمل ہوئی ہے تو اس کا ثبوت سامنے آنا چاہیے، اور اگر کام ادھورا ہے تو اس کی وجہ اور ذمہ داروں کی نشاندہی ہونی چاہیے۔سرکاری منصوبہ کوئی ذاتی کاروبار نہیں ہوتا کہ مالک نے دکان بند کی اور حساب کتاب بھی بند کردیا۔ یہاں تو معاملہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا ہے۔ منصوبہ بند ہوسکتا ہے، لیکن عوامی پیسوں کا حساب بند نہیں ہوسکتا۔

فٹسال گراؤنڈ کا حساب بھی شاید اگلی قسط میں آئے! اسی سرکاری رپورٹ میں ایبٹ آباد کی ایک دوسری اسکیم، پی سی بی ڈیٹیچڈ پراپرٹی میں فٹسال گراؤنڈ، کی تخمینہ لاگت ایک کروڑ 20 لاکھ 30 ہزار روپے درج ہے۔لیکن فنڈز کے اجرائ اور اخراجات کے خانے خالی ہیں۔ ایبٹ آباد کے مجموعی اخراجات کا خانہ بھی خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ اب یہ خالی خانے بھی بڑی دلچسپ کہانی بیان کرتے ہیں۔ ایک طرف کلائمبنگ وال کے اخراجات پورے درج ہیں، دوسری طرف فٹسال گراؤنڈ کے فنڈز کا حساب موجود نہیں۔ شاید محکمہ کھیل کے پاس اعدادوشمار کی کمی نہیں، بس بعض اعدادوشمار کو رپورٹ میں جگہ ملنے میں مشکل پیش آتی ہے! اصل کھیل میدان میں نہیں، فائلوں میں تو نہیں کھیلا گیا؟

ہمارے کھلاڑی ایک مناسب میدان، کھیلوں کا سامان اور بنیادی سہولیات حاصل کرنے کے لیے برسوں انتظار کرتے ہیں۔ کبھی فنڈز نہیں ہوتے، کبھی منصوبہ منظور نہیں ہوتا، کبھی ٹھیکیدار کام مکمل نہیں کرتا اور کبھی محکمہ اگلے مالی سال کا انتظار کرنے کا مشورہ دے دیتا ہے۔ لیکن جب سرکاری رپورٹ میں کسی غیر موجود سہولت پر لاکھوں روپے خرچ ہونے کی تفصیل سامنے آئے تو پھر سوال اٹھانا ضروری ہوجاتا ہے کہ آخر یہ کھیل کس کے لیے کھیلا جارہا تھا؟ کھلاڑیوں کے لیے یا فائلوں کے لیے؟ اگر دیوار واقعی تعمیر ہوئی ہے تو محکمہ کھیل اسے عوام کے سامنے پیش کرے۔ اس کی تصاویر، تعمیراتی ریکارڈ، پیمائش، ادائیگیوں کے بل اور تکمیل کا سرٹیفکیٹ دکھائے۔اگر دیوار تعمیر نہیں ہوئی تو پھر یہ بتایا جائے کہ 49 لاکھ 70 ہزار روپے کے اخراجات کس بنیاد پر منظور کیے گئے۔

محکمہ کھیل کے لیے چند آسان سوالات کلائمبنگ وال کا ٹھیکہ کس کمپنی یا ٹھیکیدار کو دیا گیا؟ 49 لاکھ 70 ہزار روپے کے استعمال کی تصدیق کس افسر نے کی؟ تعمیراتی کام کی پیمائش کس نے کی؟ کیا Completion Certificate جاری کیا گیا؟ کیا ادائیگیوں اور Measurement Book کا ریکارڈ موجود ہے؟ منصوبے کی بندش کے وقت تمام اسکیموں کا فزیکل آڈٹ کیوں نہیں کرایا گیا؟منصوبے کے باقی فنڈز اور زیر التوا ادائیگیوں کا کیا ہوا؟ ان سوالات کے جوابات کسی طنزیہ کالم سے نہیں بلکہ سرکاری دستاویزات اور آزادانہ تحقیقات سے ملنے چاہئیں۔

آخر میں ایک چھوٹی سی تجویز! خیبر پختونخوا حکومت کو چاہیے کہ 1000 پلینگ فیسیلیٹیز منصوبے کا مکمل آڈٹ کرائے۔ ہر ضلع کی اسکیموں کا موقع پر معائنہ ہو، جاری فنڈز اور اصل تعمیرات کا موازنہ کیا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔اگر ایبٹ آباد کی کلائمبنگ وال واقعی موجود ہے تو اسے تلاش کرکے کھلاڑیوں کے حوالے کیا جائے۔ اگر موجود نہیں تو اس کے اخراجات کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ کیونکہ ہمارے نوجوانوں کو کاغذی دیواریں نہیں چاہئیں۔ انہیں حقیقی میدان، حقیقی سہولیات اور کھیلنے کے مواقع چاہئیں۔اور محکمہ کھیل کے ذمہ داران سے آخری گزارش ہے اگلی بار کسی کلائمبنگ وال کا افتتاح کرنے سے پہلے اسے تلاش ضرور کرلیجیے گا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ مہمان ربن کاٹنے پہنچیں اور دیوار ایک بار پھر فائل میں چھپی ہوئی ملے!


Comments
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 1093 Articles with 859350 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More